جلسہ سیرت النبیﷺ۔ جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل گھانا
جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل میں دوران سال حضرت اقدس محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت ،سوانح اور آپ کے کامل اخلاق کے بیان پر مبنی پروگراموں کا سلسلہ کسی نہ کسی رنگ میں جاری رہتا ہے۔ تاہم ماہ ربیع الاول کی مناسبت سے جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل گھانا میں 28؍اکتوبر 2021ء بروز جمعرات صبح نو بجے خصوصی طور پر ایک جلسہ سیرت النبیﷺ کا انعقاد کیا گیا۔ تمام طلباء اور اساتذہ اس اہم پروگرام سے فیض پانے کے لیے موجود تھے۔
جلسہ کی کارروائی کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے کیا گیا جو عزیزم حبیب ابراہیم نے پیش کی۔ اس کے بعد حضرت میر محمد اسماعیل صاحب رضی اللہ عنہ کا ایک نعتیہ منظوم کلام ’’بدرگاہ ذیشان خیر الانام ‘‘ عزیزم طاہر رمضان مرونڈا نے خوش الحانی کے ساتھ پڑھا۔ ’’رسول کریمﷺ کا عفو و درگزر‘‘ کے موضوع پر ایک تقریر مکرم عبد الہادی طارق صاحب نے پیش کی۔ عزیزم حافظ عثمان ییبواہ نے اپنی ٹیم کے ساتھ ایک نعتیہ ترانہ چار مختلف زبانوں میں ترنم کے ساتھ پیش کیاجس کے بعد عزیزم حافظ فاروق محمد نے ’’Holy Prophet‘s Treatment to the Poor and Needy‘‘ کے موضوع پر ایک تقریر پیش کی۔ بعد ازاں عزیزم الیاس آدم اور عزیزم خالد بلال نے ایک نظم ترنم کے ساتھ پیش کی۔ مکرم شہود آصف صاحب نے ’’جنگوں میں رسول کریمﷺ کے اعلیٰ اخلاق‘‘ کے موضوع پر تقریر کرنے کی سعادت پائی۔ جلسہ کے دوران طلباء نعرہ ہائے تکبیربھی بلند کرتے رہے اور درود شریف کا ورد بھی جاری رہا۔ صدر صاحب مجلس مکرم عبد السمیع خان صاحب دوران پروگرام آنحضرت ﷺ کی ہجرت کا واقعہ قسطوں میں بیان کرتے رہےاور آخر پر اختتامی کلمات کے بعد دعا کے ساتھ اس بابرکت اور روحانی جلسہ کا اختتام ہوا۔ الحمد للہ۔
(رپورٹ: حفیف ابراہیم۔ استاد جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل گھانا)