جماعت احمدیہ مالٹا کی سالانہ بک فیسٹیول میں شرکت
مالٹا نیشنل بک فیسٹیول ملک کا سب سے بڑا کتاب میلہ ہے اور ہر سال نومبر کے آغاز میں پانچ دن کے لیے منعقد ہوتا ہے۔ موجودہ صورت حال اور نمائش کنندگان اور زائرین میں اضافے کی وجہ سے، بک فیسٹیول 2021ء ایک نئی جگہ پر ایک بہت بڑی مارکی MFCC (مالٹا فیئرز اینڈ کنونشن سینٹر) میں منعقد کیا گیا۔ کتاب میلے میں ریکارڈ تعداد میں 40 نمائش کنندگان نے شرکت کی اور ان پانچ دنوں میں ہزاروں کی تعداد میں زائرین یہ بک فیسٹیول دیکھنے آئے۔
گزشتہ سالوں کی طرح امسال بھی جماعت احمدیہ مسلمہ مالٹا نے اس بک فیسٹیول میں شرکت کی اور انگریزی اور مالٹی زبان میں لٹریچر پر مشتمل بک سٹال لگایا گیا۔ قرآن کریم کا انگریزی ترجمہ، مالٹی زبان میں جماعتی لٹریچر جو مقامی طور پر تیار کیا گیا ہے اور ریویو آف ریلیجنز انگریزی بک سٹال پر رکھا گیا اور لوگوں کو اسلام احمدیت کے بارے میں سوالات کرنے کی دعوت دی گئی تھی۔ مالٹی زبان میں لٹریچر کی بہت سی مفت کاپیاں بشمول ورلڈ کرائسز اینڈ پاتھ وے ٹو پیس دلچسپی رکھنے والوں میں تقسیم کی گئیں۔
بعض زائرین نےقرآن کریم میں دلچسپی ظاہر کی اور انہیں قرآن کریم مع انگریزی ترجمہ پیش کیا گیا۔
مالٹا جماعت کا ماہانہ تبلیغی رسالہ Id-Dawl (روشنی) بھی تقسیم کیا گیا اور زائرین نے میگزین میں بھرپور دلچسپی ظاہر کی۔ اس ماہانہ رسالہ میں کرنٹ ایشوز کے ساتھ ساتھ اسلام کی خوبصورت تعلیم اور اسلام پر کیے جانے والے اعتراضات کے جوابات بھی شائع کیے جاتے ہیں جو قارئین کی خصوصی دلچسپی کا باعث بنتے ہیں۔
افراد جماعت جماعتی بک سٹال پر آنے والوں کے ساتھ گفتگو بھی کرتے رہے اور ان کے سوالوں کے جواب بھی دیتے رہے۔ بک سٹال پر آنےوالے لوگوں کے ساتھ مختلف موضوعات پر گفتگو ہوئی جن میں ہستی باری تعالیٰ، خلافت، دورِ حاضر میں اسلام، دہشت گردی، جہاد کا حقیقی اسلامی تصور، امن، اسلام میں عورت کا مقام اور مسلم ممالک کے حالات کے موضوعات زائرین کی خصوصی دلچسپی کا باعث بنے۔
صدر مملکت مالٹا، عزت مآب ڈاکٹر جارج ویلا صاحب اور مالٹا کے اپوزیشن لیڈر، عزت مآب ڈاکٹر برنارڈ گریک صاحب نے بھی جماعتی بک سٹال کا دورہ کیا اور افرادِ جماعت کے ساتھ گفتگو بھی کی اور انہیں جماعتی لٹریچر بھی پیش کیا گیا۔ انہوں نے جماعت احمدیہ مسلمہ کی خدمات جن میں بین المذاہب ہم آہنگی کا فروغ، امن و بھائی چارہ کا قیام اور خدمت خلق کے کاموں کو بہت سراہا اور کہا ہے کہ جماعت احمدیہ مسلمہ کی ملک و قوم کے لیے خدمات قابل ستائش ہیں۔ صدر مملکت مالٹا نے بیان کیا کہ وہ ہر قومی پلیٹ فارم پر جماعت احمدیہ کی شمولیت کو نوٹ کرتے ہیں جو جماعت کی محنت اور مؤثر integration کی دلیل ہے۔
بک فیسٹیول کے دوران اطفال، ناصرات، خدام اور انصار نے وقت دیا اور بڑی محنت، شوق اور لگن کے ساتھ خدمت بجالاتے رہے۔ اللہ تعالیٰ سب خدمت کرنے والوں کو جزائے خیر و اجر عظیم سے نوازے۔ جزاہم اللہ احسن الجزاء فی الدنیا والآخرۃ۔ آمین
٭…٭…٭