حالاتِ حاضرہ

سپورٹس بلیٹن

کرکٹ: آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈکپ۲۰۲۶ء بھارت نے جیت کر اپنے اعزاز کا کامیاب دفاع کیا۔ احمدآباد میں ہونے والے فائنل میچ میں بھارتی ٹیم نے نیوزیلینڈ کو ۹۶؍رنز سے بآسانی ہرا کر تیسری مرتبہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ اپنے نام کر لیا۔ بھارت نے پہلےبلےبازی کرتے ہوئے مقررہ بیس اوورزمیں پانچ وکٹوں کے نقصان پر ۲۵۵؍رنزکا پہاڑ جیسا سکور بنایا۔ سنجو سیمسن (Sanju Samson) نے۴۶؍گیندوں پر ۸۹؍رنز، ابھیشک شرما نے ۲۱؍گیندوں پر ۵۲؍اورایشان کِشن نے ۲۵؍گیندوں پر ۵۴؍رنز بنائے۔ جواب میں کیوی ٹیم ۱۵۹؍رنزپر ڈھیر ہوگئی۔ بھارت کی جانب سے جسپریت بمراہ(Jasprit Bumrah) نے صرف۱۵؍رنزکے عوض چارکھلاڑیوں کو آؤٹ کیااور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ سنجوسیمسن کو ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قراردیا گیا جنہوں نے صرف پانچ اننگزمیں۳۲۱؍رنزبنائے۔

قبل ازیں پہلے سیمی فائنل میں نیوزیلینڈ نے جنوبی افریقہ کے خلاف ۱۷۰؍رنزکا ہدف صرف ۱۲.۵؍اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پرپورا کیا جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں بھارت نے کانٹے دار مقابلہ کے بعد انگلینڈکوسات رنزسے شکست دی۔

اس ورلڈکپ میں پاکستان کے صاحبزادہ فرحان نے دو سینچریوں کی مدد سے سب سے زیادہ۳۸۳؍رنز بنائے جوکہ کسی بھی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے ایک ایڈیشن میں سب سے زیادہ رنز کا ریکارڈ ہے۔ گیندبازی میں بھارت کے جسپریت بمراہ اور وارن چکرورتھی نے سب سے زیادہ ۱۴،۱۴؍وکٹیں حاصل کیں۔

ہاکی:مصر کے شہر اسماعیلیہ میں منعقدہ ہاکی ورلڈکپ کوالیفائر کے فائنل میں انگلینڈ نے پاکستان کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے دی۔ تاہم پاکستانی ہاکی ٹیم نےسیمی فائنل میں جاپان کے خلاف ۴۔ ۳؍سے کامیابی حاصل کرکے رواں برس ہونے والے ہاکی ورلڈ کپ کے لیے آٹھ سال بعد کوالیفائی کرلیا۔ اس ٹورنامنٹ میں تیسری پوزیشن جاپان نے ملائیشیا کو ہراکرحاصل کی۔ اس طرح پاکستان کے علاوہ انگلینڈ،جاپان اور ملائیشیا کی ٹیموں نے بھی ورلڈکپ ۲۰۲۶ء میں جگہ بنالی۔

دوسری جانب سینتیاگو،چلی میں ہونے والے ورلڈکپ کوالیفائر کے فائنل میں آئرلینڈنے فرانس کو ایک کے مقابلہ میں دو گول سے ہرایا جبکہ ویلزنے پولینڈ کو شکست دے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ یوں آئرلینڈ،فرانس اور ویلز نے بھی ہاکی ورلڈکپ کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

فارمولا وَن ریسنگ:سال ۲۰۲۶ء کے سیزن کی پہلی ریس آسٹریلین گراں پری مرسیڈیز کے برطانوی ڈرائیور جارج رسل نے جیت لی۔ انہوں نے ۲۷۸.۵؍کلومیٹرٹریک کے۵۸؍چکروں کا فاصلہ ایک گھنٹہ ۲۳؍منٹ اورچھ سیکنڈ میں پوراکیا۔ مرسیڈیزکے اطالوی ڈرائیورA.K. Antonelliنے دوسری جبکہ فیراری کے Charles Leclercنے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

رگبی:چھ ممالک کے درمیان ہونے والی نیشنز چیمپئن شپ ۲۰۲۶ء کے چوتھے راؤنڈ میں اٹلی نے انگلینڈ کے خلاف۱۸کے مقابلے میں۲۳؍پوائنٹس سے کامیابی حاصل کی۔ سکاٹ لینڈ نے فرانس کو ۵۰۔ ۴۰؍جبکہ آئرلینڈنے ویلز کو۲۷۔ ۱۷ا؍کے سکور سے ہرایا۔ پوائنٹس ٹیبل پر فرانس اور سکاٹ لینڈکی ٹیمیں ۱۶۔ ۱۶؍پوائنٹس کے ساتھ پہلی دو پوزیشنز پر ہیں۔

فٹ بال:انگلش پریمیئر لیگ میں آرسنل نے برائٹن کے خلاف صفر کے مقابلہ میں ایک گول سے کامیابی حاصل کی،جبکہ مانچسٹریونائیٹڈ کو نیوکاسل کے ہاتھوں ۲۔ ۱؍سے شکست کا سامنا کرناپڑا۔ گذشتہ ہفتہ ہونے والے دیگر مقابلوں میں چیلسی نے آسٹن وِلا کو ۴۔ ۱،وولوزنے لیورپول کو۲۔ ۱،کرسٹل پیلس نے ٹوٹینہیم کو ۳۔ ۱؍اور ویسٹ ہیم نے فلہم کوایک ،صفر سے شکست دی۔ مانچسٹرسٹی اور ناٹنگھم فاریسٹ کا مقابلہ دو،دو گول سے برابرہوا۔

(ن م طاہر)

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

یہ بھی پڑھیں
Close
Back to top button