حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خصوصی پیغام بنام مجلس خدام الاحمدیہ بھارت
بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
نحمدہ و نصلی علی رسولہ الکریم و علی عبدہ المسیح الموعود
خدا کے فضل اور رحم کے ساتھ
ھو النّاصر
اسلام آباد (یوکے)
16-10-2021
پیارے ممبران مجلس خدام الاحمدیہ بھارت
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
مجھے یہ جان کر بہت خوشی ہوئی ہے کہ مجلس خدام الاحمدیہ بھارت کو اپنا سالانہ اجتماع منعقد کرنے کی توفیق مل رہی ہے ۔اللہ تعالیٰ اسے ہرلحاظ سےکامیاب اور بابرکت فرمائےاور نیک نتائج سے نوازے ۔آمین
مجھ سے اس موقع پر پیغام بھجوانے کی درخواست کی گئی ہے ۔میں اس موقع پر آپ کو چند ضروری نصائح کرنا چاہتاہوں۔
آج کل دنیاداری کے ماحول کی وجہ سے لوگ اللہ تعالیٰ سے دُور جا رہے ہیں اور لوگوں کا انحصار دنیاوی منصوبوں پر زیادہ رہنے لگا ہے۔ لیکن ہماری جماعت ایک روحانی جماعت ہے۔ اس لیے آپ کو لازماً پنجوقتہ نماز بروقت ادا کرنی چاہیے اور قرآن کریم کی بھی باقاعدہ تلاوت کرنی چاہیے۔ اور جس حد تک ممکن ہو سکے نمازِ تہجد کا بھی التزام کریں۔خدا تعالیٰ کی رضا کا حصول وہ سنہری کنجی ہے جس سے ہر طرح کی کامیابی کا حصول ممکن ہو گا۔ آپ کے لیے ضروری ہے کہ تہجد کی نماز ادا کریں۔ جب ایک انسان خدا تعالیٰ کے زیادہ قریب ہو گا تو
اللہ تعالیٰ کی مخلوق کے حقوق ادا کرنے کی طرف بھی اس کی توجہ بڑھے گی۔ ہمیشہ اس با ت کو یاد رکھیں کہ حضرت مسیح موعودعلیہ السلام نے فرمایا کہ آپ کی بیعت میں داخل ہونا ایک نئی زندگی پانے کے مترادف ہے۔مجلس خدام الاحمدیہ کے عہدیداروں کا بھی یہ کام ہے کہ وہ نوجوانوں کو نماز کی اہمیت کے بارے میں بتائیں۔ پنجوقتہ نمازوں کی ادائیگی کے بارے میں جو ہر مسلمان پر فرض ہے۔ انہیں ان کی اہمیت قرآنی آیات، احادیث اور حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کے ارشادات کے حوالہ جات سے بتائیں۔ ہر نوجوان کو ذاتی حیثیت میں نمازوں کی اہمیت کا ادراک ہونا چاہیے۔اطفال کو بھی چھوٹی عمر سے ہی فرض نمازوں اورجماعتی کاموں میں شامل ہونا چاہیے ۔اس پہلو سےمجالس عاملہ کے ممبران کو زیادہ فعال رنگ میں اپنی ذمہ داری اداکرنی چاہئے ۔کیونکہ اطفال کی عمر ایسی ہوتی ہے جہاں آپ کو انہیں اپنے قریب رکھنا چاہیے۔ ہمیشہ انہیں دین کے ساتھ جوڑ کر رکھیں اور جماعتی سرگرمیوں میں مشغول رکھیں۔اس کے لئے مختلف راستے اور ذرائع تلاش کرنے ہوں گے۔ ان سے پوچھیں کہ وہ کس قسم کی سرگرمیوں کو پسند کر تے ہیں اور اس کے مطابق اطفا ل الاحمدیہ اور خدام کے پروگرامز ترتیب دیں۔ جس قدر خدام اور اطفال کو آپ جماعتی سرگرمیوں میں شامل کریں گے اتنا ہی آپ جماعت کے لیے مفید اثاثہ تیار کر رہے ہوں گے۔
اسی طرح اس بات کا بھی خیال رکھیں کہ خدام ضرور کسی نہ کسی کھیل میں مشغول ہوں، صرف گلیوں میں ہی نہ پھرتے رہیں اور محض indoor اور انٹرنیٹ کی کھیلیں ہی نہ کھیلتے رہیں۔ ان کو کچھ ورزشی کھیلوں میں حصہ لینا چاہیے، باہر نکلنا چاہیے اور گراؤنڈز میں جانے کا وقت مختص کرنا چاہیے۔
مجلس خدام الاحمدیہ کی ایک بڑی ذمہ داری خلافتِ احمدیہ کی حفاظت ہے۔ اور خلافت احمدیہ کی حفاظت آپ خلیفۂ وقت کی باتوں کو سننے اور ان پر عمل کرنے سے کر سکتے ہیں۔اور جماعت کی حفاظت بھی اسی صورت میں ہو سکتی ہے کہ خلیفۂ وقت کی باتوں کو مانا جائے اور ان پر عمل کیا جائے۔ اس زمانے میں خلافت کی اطاعت اور خلیفۂ وقت کی ہدایات کی تعمیل کا ایک بہت اہم ذریعہ اللہ تعالیٰ کےعظیم فضل واحسان کی صورت میں قائم کیاہواذریعہ ہے ۔اوروہ ایم ٹی اے ہے۔اس لئے آپ جہاں کہیں ہوں آپ کو ہرممکن کوشش کرنی چاہیے کہ میراخطبہ جمعہ ضرور سنیں خواہ کسی بھی ذریعہ سے ہو۔ بہت سارے خط مجھے ابھی بھی آتے ہیں کہ جب سے ہم نے ایم ٹی اے پر کم از کم خطبات ہی باقاعدہ سننے شروع کئے ہیں ہمارا جماعت سے مضبوط تعلق ہورہاہے اورہمارے ایمانوں میں مضبوطی پیداہورہی ہے ۔پس اس روحانی مائدہ سے فائدہ اٹھائیں تاکہ آپ خلافت کی برکات سے کماحقہٗ مستفیض ہو سکیں۔
اللہ تعالیٰ آپ کومیری ان تمام نصائح پر عمل کرنے کی توفیق دے اوراپنے بے شمار فضلوں سے نوازے۔
والسلام
خاکسار
(دستخط)مرزا مسرور احمد
خلیفۃ المسیح الخامس