جماعت احمدیہ ملائیشیا کا جلسہ سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم
اللہ تعالیٰ کے خاص فضل اور رحم کےساتھ جماعت احمدیہ ملائیشیا نے مورخہ 31؍اکتوبر2021ء بروز اتوار نیشنل سطح پر ایک انتہائی کامیاب جلسہ سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم منعقد کرنے کی توفیق پائی ہے۔ الحمدللہ علیٰ ذالک۔ جلسہ کی کارروائی کی مختصر رپورٹ پیش خدمت ہے۔
اس جلسہ سیرت النبیﷺ کی صدارت محترم شریف الدین بوجنگ صاحب نیشنل امیر جماعت ملائیشیا نے کی۔ یہ جلسہ ملائیشیا کے مرکزی مشن ہاؤس بیت الرحمٰن میں منعقد کیا گیا۔ کورونا وبا کے مخصوص حالات کے پیش نظر اس جلسہ کی حاضری کو مختصر رکھا گیاجبکہ اس جلسہ کی تمام کارروائی ایم ٹی اے ملائیشیا کے یوٹیوب چینل کے ذریعے براہِ راست نشر کی گئی جس کا لنک تمام جماعتی واٹس ایپ گروپس میں قبل از وقت شیئر کردیا گیا تھا۔ الحمدللہ ناظرین کی ایک بڑی تعداد نے اس لائیو پروگرام سے استفادہ کیا۔
جلسہ سیرت النبی ﷺ کی تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا ۔ محترم صغیر احمد صاحب آف لکشمانہ پوری جماعت نے تلاوت قرآن کریم اور اُس کا اُردو ترجمہ پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔ بعدازاں محترم سلمان احمد صاحب نے ملائیشین زبان میں بھی تلاوت کا ترجمہ پیش کیا جس کے بعد محترم فریدکمام صاحب،محمد اشرف صاحب اور شکیل احمد صاحب نے مل کربڑی خوش الحانی کے ساتھ قصیدہ حضرت مسیح موعودعلیہ الصلوٰۃ والسلام پیش کیا۔
قصیدہ کے بعد خاکسار (مربی سلسلہ حلقہ روانگ و نیشنل سیکرٹری تربیت) نے اُردو اور ملائیشین دونوں زبانوں میں درس حدیث پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔
پہلی تقریر میںمحترم مولانا معاذاحمد ناویر صاحب نے ملائیشین زبان میں آنحضرت ﷺ کے اُسوۂ حسنہ پر بہت عمدہ رنگ میں روشنی ڈالی۔ اس تقریر کا اُردو زبان میں خلاصہ محترم نصیراحمد صاحب اسسٹنٹ سیکرٹری تربیت نے پیش کیا۔
دوسری تقریر محترم حافظ عمران آفتاب صاحب صدر جماعت بوکیت سنتوسہ نے اُردو زبان میں کی جس کا عنوان ’’آنحضرت ﷺ کا بطور مہاجر بہترین نمونہ‘‘ تھاجبکہ محترم مولانا صلاح الدین سیّدعلی صاحب مربی سلسلہ حلقہ گومبک نے اس تقریر کا ملائیشین زبان میں خلاصہ بیان کیا۔
بعدازاں محترم مولانا عین الیقین بن محمد زین صاحب مربی سلسلہ و مشنری انچارج ملائیشیا نے ’’آنحضرت ﷺ کی محبت‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔آپ نےآنحضرتﷺ کی محبت کو اپنی زندگیوں کا نصب العین بنانے کی طرف احبابِ جماعت کو توجہ دلائی۔یہ تقریر ملائیشین اور اُردو دونوں زبانوں میں کی گئی۔
اس بابرکت تقریب کا اختتام محترم شریف الدین بوجنگ صاحب نیشنل امیر نے دعا کے ساتھ کیا۔اپنے اختتامی کلمات میں اُنہوں نے آج کے دَور کے حوالے سے آنحضرت ﷺ کے اُسوۂ حسنہ پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت پر زور دیا۔ بعدازاں جلسہ کے شاملین کی خدمت میں ظہرانہ بھی پیش کیاگیا۔
(رپورٹ: فواداحمد ناصر۔ مربی سلسلہ حلقہ روانگ و نیشنل سیکرٹری تربیت)
٭…٭…٭