سیرالیون کے پورٹ لوکو ریجن میں مسجد کا بابرکت افتتاح
مکرم سفیر احمد صاحب ریجنل مبلغ پورٹ لوکو ریجن تحریر کرتے ہیں کہ محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے احمدیہ مسلم جماعت سیرالیون کو مورخہ 5؍دسمبر 2021ء کو پورٹ لوکو ریجن کی جماعت سونگو روڈ (Songo Road) میں ایک نئی مسجد کے افتتاح کی توفیق ملی۔ الحمدللہ
مسجد کا سنگِ بنیاد خاکسار نے26؍نومبر 2018ء کو ایک سادہ تقریب میں رکھنے کی توفیق پائی تھی اور اس کے تعمیری کام کی نگرانی کی سعادت بھی خاکسار کو حاصل ہوئی۔
اس مسجد کا کل مسقف احاطہ 40*50 فٹ ہے اور اس میں 350 نمازیوں کی گنجائش ہے۔
پروگرام کا باقاعدہ آغاز دن گیارہ بجے مکرم سعیدالرحمٰن صاحب امیر و مشنری انچارج کی صدارت میں تلاوتِ قرآن کریم سے ہوا۔ مکرم عمر کمارا صاحب نے تلاوت و ٹمنی زبان میں ترجمہ پیش کیا۔ جس کے بعد مولوی نورالدین سیسے صاحب نے مہمانوں کا تعارف کروایا۔
مکرم امیر صاحب نے اپنے خطاب میں بتایا کہ کس طرح ابتداء میں جماعت کو شدید مخالفت اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑا لیکن جیسا کہ یہ سنت اللہ ہے کہ الٰہی جماعتیں شروع میں کمزور ہوتی ہیں اور انہیں شدید مخالفت کا سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن پھر سنتِ الٰہی ہی کے تحت وہ آخر کا ر اپنے مخالفین پر کامیاب بھی ہوتی ہیں۔ اور ہم سب دیکھ سکتے ہیں کہ کس طرح جماعت ان سو سالوں کے عرصہ میں خدا کے فضل سے کامیابیاں حاصل کرتی رہی ہے اور ملک بھر میں مساجد اور سکولز بنائے ہیں اور تعلیم کے میدان میں نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔ خطاب کے بعد آپ نے باقاعدہ فیتہ کاٹ کر مسجد کا افتتاح کیا اور اور دعا کروائی۔
افتتاح کے بعد مسجد میں نمازِ ظہر باجماعت ادا کی گئی جس کے بعد شاملین کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔
اس بابرکت پروگرام میں ایک ریجنٹ چیف Mr. F S Kanu، سابقہ منسٹر Hon. Dr. Alhaji Alpha Sahid Kanu، ممبر آف پارلیمنٹ Hon. Abdul Karim Kamara، ایک پیراماؤنٹ چیف Mr. Alhaji Gibril، اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ آفیسر Mr. Abdulai Koroma، آفیسر انچارج نیشنل سیکیورٹی Mr. Ali Momoh، پورٹ لوکو شہر کی سنٹرل مسجد کے چیف امام مکرم حسن سانکو، دس غیر ازجماعت اماموں، ریجن کی اکثر جماعتوں کے نمائندوں سمیت 450 سے زائد افراد نے شرکت کی۔
(رپورٹ: عبدالہادی قریشینمائندہ الفضل انٹرنیشنل)