حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ

(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭…چین کے صدر شی جن پنگ سے بیجنگ میں روسی صدر پیوٹن نے ملاقات کی ۔ روس نے ون چائنا اصول کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تائیوان چین کا حصہ ہے۔ کسی بھی شکل میں تائیوان کی آزادی کی مخالفت کرتےہیں، جبکہ چین کا کہنا ہے کہ مغربی ممالک سے روس کے سیکیورٹی گارنٹی مطالبے کی حمایت کرتے ہیں۔

ملاقات کے بعد جاری مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ نیٹو کی مزید توسیع کی مخالفت اور نیٹو سے سرد جنگ کی اپروچ سے پیچھے ہٹنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ایشیا پیسیفک ریجن میں فوجی اور دیگر بلاک بنانے کی مخالفت کرتے ہیں۔ امریکا، برطانیہ اور آسٹریلیا کے درمیان جوہری آبدوز معاہدے پر تشویش ہے۔ کوئی بھی ملک دوسروں کی قیمت پر اپنی سلامتی کو بہتر نہیں کرسکتا، روس اور چین بیرونی مداخلت ناکام بنانے کے لیے تعاون کو تیز کریں گے۔

٭… ترک صدر رجب طیب اردوان نے یوکرین کے دورے پر کیف میں یوکرینی ہم منصب سے 4 گھنٹےطویل ملاقات کی۔ ترکی اور یوکرین کے درمیان آزاد تجارت سمیت مختلف معاہدوں پر دستخط بھی ہوئے۔ اس موقع پر ترک صدر اردوان نے کہا کہ یوکرین روس تنازع کے حل کیلئے ترکی ہر اقدام کرنے کو تیار ہے۔صدر اردوان نے اس موقع پر یوکرین اور روس کے رہنماؤں کے اجلاس کی میزبانی کی بھی پیشکش کی۔ یوکرینی صدر نے اردوان کی ثالثی اور امن مذاکرات کی میزبانی کی پیشکش کاخیرمقدم کیا۔

٭…دورۂ یوکرین سے واپسی پر ترک صدر رجب طیب اردوان نے صحافیوں سے بات چیت میں مغرب پر روس یوکرین تنازع بڑھانے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ مغرب نے ابھی تک روس یوکرین تنازع کے حل کیلئے کوئی کردار ادا نہیں کیا۔ مغرب صرف حالات کو مزید خراب کررہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکی صدر جو بائیڈن کا نقطہ نظر روس یوکرین تنازع پر ابھی تک مثبت نہیں ہے۔

٭… پاکستانی فوجی کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں افغان سرحد کے پار سے دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں پانچ فوجی ہلاک ہو گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع کرم میں افغانستان سے دہشتگردوں نے سکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی جس کے ردِعمل میں بھرپور جوابی کارروائی کی گئی جس میں دہشتگردوں کو بھاری جانی نقصان ہوا۔تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں اس واقعے کی ذمہ داری قبول کی گئی ہے۔

٭…تیونس کے صدر قیس سعید نے سپریم جوڈیشل کونسل کو تحلیل اور کونسل کو ماضی کی بات قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ کونسل کیلئے جلد ایک عارضی حکم نامہ جاری کریں گے۔ بدعنوانی اور دہشت گردی کے مقدمات میں فیصلے جاری کرنے میں تاخیر پر تیونس کے صدر ماضی میں عدلیہ پر تنقید کرتے رہے ہیں۔ وہ بارہا کہہ چکے ہیں کہ وہ ججوں کو بطور ریاست کام کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔واضح رہے کہ گزشتہ سال جولائی میں قیس سعید نے حکومت کو برطرف اور پارلیمنٹ کو معطل کردیا تھا، ان کے اس اقدام کو ان کے مخالفین نے بغاوت قرار دیا تھا، اقتدار پر قبضہ کرنے اور تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ بات چیت کو مسترد کرنے کے بعد انہیں بڑے پیمانے پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

٭…ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نیڈ پرائس کا ایران کے جوہری معاہدے کی ازسرِنو بحالی کے سلسلے میں سول جوہری پروگرام پر عائد پابندیاں اٹھانے کا اعلان کرتے ہوئے کہنا تھا کہ صرف ایران کے سول جوہری پروگرام پر پابندیاں ختم کی ہیں، ایران پر عائد دیگر پابندیاں برقرار ہیں۔ ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبدالہیان نے امریکی اقدام کو خوش آئند لیکن ناکافی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ الفاظ کے حقیقی معنوں میں کچھ پابندیوں کا ہٹانا امریکا کی نیک خواہشات کی ترجمانی کر سکتا ہے تاہم کاغذوں پر جو کچھ ہوتا ہے وہ اچھا ہوتا ہے لیکن کافی نہیں ہوتا۔یاد رہے کہ ویانا مذاکرات میں ایران کا مطالبہ تھا کہ مزید پیشرفت کے لیے امریکا پابندیاں ختم کرے۔پابندیوں کے خاتمے کے بعد غیر ملکی کمپنیاں اور ممالک ایران کے سول جوہری پروگرام میں معاونت کرسکیں گے۔

٭…امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا کہ شام میں امریکی آپریشن کے دوران داعش رہنما کی ہلاکت سے دنیا کو لاحق بڑا دہشتگرد خطرہ ٹل گیا۔ شام میں امریکی آپریشن کے حوالے سے صدر بائیڈن کا کہنا تھا کہ آپریشن میں شہری ہلاکتوں کو کم کرنے کیلئے ہر ممکنہ احتیاطی تدابیر اختیار کی گئیں۔ داعش رہنما نے بزدلانہ قدم اٹھاتے ہوئے خود کو دھماکے سے اڑایا۔ امریکا داعش پر دباؤ برقرار رکھنے کیلئے شراکت داروں اور اتحادیوں کے ساتھ کام جاری رکھے گا۔

٭…پلاٹینم جوبلی پر 95برس کی ملکہ الزبتھ نے اہم اعلان کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ان کے بعد شہزادہ چارلس بادشاہ اور ان کی اہلیہ کمیلا پارکر ملکہ برطانیہ ہوں گی۔ خواہش ہے کہ پرنس چارلس کنگ بنے تو ڈچز آف کارنوال ’’کوئین کنسورٹ‘‘ بنیں۔ملکہ الزبتھ نے توقع ظاہر کی کہ عوام چارلس اور کمیلا کا بھی ساتھ دیتے رہیں گے۔ ملکہ کےاعلان نے برطانیہ میں اگلی نسل کو تخت سونپے جانے سے متعلق غیریقینی صورتحال ختم کردی ہے۔ کوئین کنسورٹ سے مراد بادشاہ کی شریک حیات ہے۔

٭…لندن میں شیفیلڈ کراؤن کورٹ میں لارڈ نذیر احمد پر بچوں پر جنسی حملوں کا الزام ثابت ہونے پر لارڈ نذیر احمد کو ساڑھے 5سال قید کی سزا ہوگئی۔ لارڈ نذیر نے الزامات کی تردید کی تھی اور فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کا اعلان کیا تھا۔ لارڈ احمد کے دو بڑے بھائیوں پر بھی الزامات عائد کیے گئے تھے، تاہم وہ ٹرائل کیلئے ان فٹ قرار دیے گئے۔

٭…جنوبی امریکا کے ملک پیرو میں ایک چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں نیدرلینڈز کے 3 اور چلی کے 2 شہریوں سمیت 7 افراد ہلاک ہوگئے۔ طیارہ حادثے میں ہلاک ہونے والے عملے کے 2 افراد کا تعلق پیرو سے ہے۔

٭…افریقی ملک مڈغاسکر میں ایک سمندری طوفان بٹسیرائی سے اتوار کو جنوب مشرقی ساحلی علاقے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ طوفان سے قبل موسلا دھار بارش کے ساتھ ساتھ 165 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں۔ اس طوفان سے ساحلی علاقوں کے 48 ہزار سے زائد افراد بےگھر ہوئے جبکہ مختلف حادثات میں 6 افراد ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔یاد رہے کہ مڈغاسکر میں دو ہفتے پہلے سمندری طوفان اینا سے 55 افراد ہلاک اور ایک لاکھ 30 ہزار سے زائد بےگھر ہوئے تھے۔ سمندری طوفان نے مڈغاسکر میں تباہی مچانے کے بعد براعظم افریقہ کے مشرق میں واقع ممالک موزنبیق اور ملاوی کا رخ کرلیا۔

٭…افغانستان کے صوبہ بغلان کے ضلع نھرین میں کوئلے کی کان بیٹھنے سے 13 کان کن پھنس گئے جن میں سے 10 کی ہلاکت کی تصدیق ہوگئی ہے۔

٭…مغربی افریقہ کے ملک نائیجیریا کی ریاست یوبے میں ایک تیز رفتار کار کے مسافر بس سے ٹکرانے کے باعث 18 افراد ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔ حکام کے مطابق حادثے کی بنیادی وجہ تیز رفتاری اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

٭…بھارت نے ایلون مسک کی کمپنی ٹیسلا کی الیکٹرک کاروں کی درآمد پر ٹیکس میں چھوٹ دینے کے مطالبے کو مسترد کردیا ہے۔ اس حوالے سے بھارتی حکومت کا کہنا ہے کہ قانون پہلے ہی اس بات کی اجازت دیتا ہے کہ جزوی طور پر تیار گاڑی ملک میں لاکر اسے مقامی طور پر کم ٹیکس پر اسیمبل کیا جائے۔

٭…برطانیہ کے دارالحکومت لندن کے دریائے ٹیمز سے نکالی جانے والی ایک انسانی ہڈی وہاں سے ملنے والی قدیم ترین اشیا میں سے ایک ہو سکتی ہے۔ایک گرافک ڈیزائنر سائمن ہنٹ کو ٹانگ کی اوپر کی ہڈی دریا سے اس وقت ملی تھی جب وہاں پانی کی سطح کم تھی۔ کاربن ڈیٹنگ سے پتا چلا ہے کہ یہ 5000 سال سے زیادہ پرانی ہے۔ یہ ایسے شخص کی ہڈی ہو سکتی ہے جو برطانوی نیولیتھک دور کے آخر میں پتھر کے زمانے (stone age) کے اختتام پر زمین پر رہتا تھا۔ ماہرین نے اس کی تاریخ 3516 اور 3365 قبل مسیح کے درمیان بتائی ہے۔ ماہرینِ آثار قدیمہ نے اس ہڈی کی لمبائی کی پیمائش کر کے بتایا ہے کہ جس شخص کی یہ ہڈی ہے اس کا قد تقریباً پانچ فٹ سات انچ کے قریب ہو گا تاہم یہ نہیں بتایا جا سکا کہ وہ مرد تھا یا عورت۔

٭…افغان وزیر صحت ڈاکٹر قلندر عباد نے کہاہے کہ افغانستان کی طالبان حکومت پولیو کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہے اور عالمی برادری کے ساتھ مل کام کر رہے ہیں۔ طالبان حکومت افغانستان اور پاکستان میں پولیو وبا کے خاتمے کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ طالبان حکومت پولیو اور کورونا وائرس جیسی وباؤں کے لیے عالمی حکمتِ عملی کے ساتھ چلنے کو تیار ہے۔ اس سال کے آخر تک افغانستان اور پاکستان سے پولیو وبا کا خاتمہ کر دیں گے۔

٭…ایران کے 50 ارکان پارلیمنٹ کے کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آگئے۔ رکن پارلیمان علی رضا سلیمی نے بتایا کہ ایرانی پارلیمان کا ہفتہ وار اجلاس صحت کے قواعدوضوابط کے ساتھ ہوگا۔ یاد رہے کہ گذشتہ برس اپریل میں متعدد ارکان پارلیمان کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر ایرانی پارلیمنٹ کے اجلاس دو ہفتوں کے لیے معطل کر دیے گئے تھے۔ اومی کرون ویرینٹ کے باعث ایران میں حالیہ دنوں میں کورونا کے یومیہ کیسز 30 ہزار سے زیادہ رپورٹ ہورہےہیں۔

٭…ترک صدر رجب طیب اردوان نے اپنا اور اہلیہ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہم دونوں بہتر ہیں، ہمیں کورونا وائرس کی معمولی علامات ہیں۔

٭…سعودی عرب کے شہرریاض سے سعودی وزارت داخلہ کے جاری ہونے والے اعلامیہ کے مطابق ماسک نہ پہننے پر جرمانے کی سزا کو برقرار رکھا گیا ہے۔ مملکت میں پہلی بار اس خلاف ورزی پر ایک ہزار ریال جرمانہ ہوگا جبکہ مسلسل خلاف ورزی پر یہ جرمانہ دگنا ہوگا جبکہ زیادہ سے زیادہ جرمانہ ایک لاکھ ریال ہوگا۔

٭…سعودی ایوی ایشن نے سعودی شہریوں سمیت تمام مسافروں کےلیے نئے سفری ہدایت نامہ میں سعودی عرب آمد سے قبل 48 گھنٹے کے اندر ویکسینیشن اور منفی پی سی آر یا ریپڈ ٹیسٹ لازمی قراردیا ہے۔ 8 سال سے کم عمر کے بچے ویکسینیشن اور ٹیسٹنگ کی پابندی سے مستثنیٰ قرار دیے گئے ہیں۔ نئے سفری ہدایت نامے کے مطابق سعودی عرب سے روانگی کےخواہشمند سعودی مسافروں کے لیے بوسٹر ویکسینیشن لازمی قرار دی گئی ہے۔ نئی سفری پابندیوں کا اطلاق بدھ 9 فروری سے ہوگا۔ احکامات کی خلاف ورزی پرقانونی کارروائی کی جائے گی۔

٭…امریکی صدر جوبائیڈن نے ویکسین اور بوسٹرز کو ناقابل یقین حد تک کورونا کیخلاف مؤثر قرار دیتے ہوئے کہا کہ کورونا سے اب تک 9 لاکھ سے زائد امریکی ہلاک ہوچکے ہیں۔کورونا سے مرنے والوں کے پیاروں کا دکھ محسوس کرتے ہیں۔ ویکسین اور بوسٹرز کورونا کیخلاف بہترین سطح کا تحفظ پیش کرتے ہیں۔ خیال رہے کہ امریکا میں اب تک تقریباً 7 کروڑ 74 لاکھ سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔

٭…بھارت نے انگلینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل( آئی سی سی) انڈر 19 ورلڈ کپ کا ٹائٹل پانچویں بار اپنے نام کیا ہے۔ ویسٹ انذیز میں کھیلے گئے ایونٹ کے فائنل میں ٹاس جیت کر انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پوری ٹیم 189 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ انگلش ٹیم کی جانب سے جیمز ریو نے سب سے زیادہ 95 رنز بنائے۔ بھارت نے 47 اعشاریہ 4 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر لیا۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button