خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
Covid-19 کی تازہ عالمی صورتِ حال
(22؍فروری ۔ 08:00 GMT)
کل مریض: 425,304,174
صحت یاب ہونے والے: 351,038,941
وفات یافتگان: 5,907,810
٭…سعودی وزارتِ حج و عمرہ کی جانب سے رواں سال حج پالیسی سے متعلق اہم اعلان میں کہا گیا ہے کہ اس سال صرف مخصوص ویزا اور مستقل اقامہ ہولڈرز ہی حج کی سعادت حاصل کر سکیں گے۔ ویکسین نہ لگوانے والے اور وزٹ یا ورکنگ ویزا کے حامل افراد کو حج کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔ اسی طرح حج کے لیے جانے والے افراد کو کورونا ویکسین لگوانا لازمی ہوگا۔
٭… روس کے صدر ولایمیر پوٹن اور بیلاروس کے ان کے ہم منصب ایلگزینڈر لوکاشینکو نے مل کر اتوار کو دونوں ممالک کے درمیان جاری مشقوں کو مزید توسیع دینے پر اتفاق کر لیا ہےجواتوار کو اختتام پذیر ہونا تھیں مگر اب ان کی توسیع سے یہ خدشات زور پکڑ گئے ہیں کہ یوکرین بحران کے تناظر میں روس نے بیلاروس میں اپنی فوجوں کے قیام کو یقینی بنانے کے لیے ایسا کیا ہے۔مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ مشرقی یوکرین میں بگڑتی ہوئی صورتحال کے تناظر میں روس نے تقریباً 30 ہزار فوجی بیلاروس میں ٹھہرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس اقدام سے یہ خدشات مزید بڑھ گئے ہیں کہ روس یوکرین پر حملہ کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے کیونکہ بیلاروس کی یوکرین کے ساتھ ایک طویل سرحد ملتی ہے۔
مغربی ممالک نے روس پر یہ الزام عائد کیا ہے کہ ماسکو نے یوکرین پر حملے کے لیے فوجی بھیجنے کے لیے یہ بہانہ کیا ہے جبکہ روس نے اپنے پڑوسی ملک یوکرین پر حملہ کرنے کے الزامات کی تردید کی ہے۔امریکہ کے وزیرخارجہ انتھونی بلنکن نے کہا ہے کہ روس کی جانب سے ان فوجی مشقوں میں توسیع کرنا یہ ظاہر کرتا ہے کہ اب دنیا ایک جنگ کے دھانے پر پہنچ چکی ہے۔
٭…یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ ان کا ملک اشتعال انگیزی کا جواب نہیں دے گا تاہم ان کا ملک روس کی جارحیت کے خلاف اپنا دفاع کرے گا۔ ان کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ملک کے مشرقی علاقوں میں روسی حمایت یافتہ باغیوں سے لڑائی میں شدت دیکھی گئی ہے۔واضح رہے کہ یوکرین کی فوج اور روس کے حمایت یافتہ باغیوں کے درمیان تین دن سے جاری جھڑپوں میں یوکرین کے دو فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔
٭…امریکی صدرجوبائیڈن نے ٹیلی ویژن خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کو اب تک روسی فوجی واپس بلائے جانے کی تصدیق نہیں ہوسکی اس لیے یوکرین پر روس کے حملے کا اب بھی امکان ہے۔ اگر روس نے یوکرین پر حملہ کیا تو اس پر پابندیاں لگا دی جائیں گی۔روس کی جانب سے یوکرین پر حملے کا خطرہ بہت زیادہ ہے۔ روس یوکرین پر کچھ دنوں میں حملہ کر سکتا ہے۔ یوکرین تنازعے کا سفارتی راستہ اب بھی موجود ہے لیکن میرا روسی صدر پیوٹن سے بات کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
٭…ماسکو میں تعینات نائب امریکی سفیر بارٹ گورمین کو ملک بدر کرنے پرامریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے روس کے اقدام کو بلا اشتعال قرار دیتے ہوئےکہا ہے کہ امریکا اس حوالے سے جوابی اقدام پر غور کررہا ہے۔ ہم روس سے کہتے ہیں کہ وہ ایسے بلااشتعال اقدامات سے گریز کرے اور بے بنیاد الزامات پر ہمارے سفارتکاروں کو اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے سے نہ روکے۔یاد رہے کہ نائب امریکی سفیر بارٹ گورمین کے پاس روس کا قانونی ویزا تھا اور وہ ماسکو میں 3 سال سے تعینات تھے۔
٭…یوکرین پر روس کےممکنہ حملےکے خدشےکے پیش نظر جرمن ائیرلائن لفتھانزا نے آئندہ پیر سے فروری کے آخر تک یوکرین کے لیے پروازیں روکنےکا اعلان کردیا۔دوسری جانب یوکرین پر روس کے ممکنہ حملے کے خطرے کے پیش نظر جرمنی نے اپنے شہریوں کو یوکرین چھوڑنے کی ہدایت کر دی ہے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل امریکا اور برطانیہ بھی اپنے شہریوں کو یوکرین سے نکلنے کی ہدایت کر چکے ہیں۔
٭… ایرانی پارلیمنٹ میں ملک کے دوبارہ جوہری معاہدے میں شامل ہونے سے متعلق شرائط کثرت رائے سے منظور کرلی گئیں۔ پارلیمنٹ میں ملک کے جوہری معاہدے میں دوبارہ شامل ہونے کے معاملے پر بحث ہوئی۔ ایرانی میڈیا نے بتایا کہ ایرانی پارلیمنٹ کے 250 ارکان کا شرائط پر مبنی مشترکہ بیان جاری ہوا ہے، جس کے مطابق تمام امریکی پابندیوں کا خاتمہ معاہدے کی شرائط میں شامل ہے۔ اسی طرح امریکا، یورپی ممالک کے بحال شدہ جوہری معاہدے سے نہ نکلنے کی ضمانت بھی شامل ہے۔ مزیدبرآں امریکا، یورپی ممالک کے یکطرفہ پابندیوں کے نظام کو متحرک نہ کرنا بھی شرائط کا حصہ ہے۔
٭…سعودی عرب نے ایران کو جوہری ہتھیاروں کے حصول سے روکنے کے لیے امریکی کوششوں کی حمایت کی ہے اور مکمل تعاون کے عزم کا بھی اظہار کیا ہے۔اسی طرح سعودی حکومت نے حوثی باغیوں کی جانب سے کیے جانے والے حملوں پر سعودی سرزمین کے دفاع کے تعاون پر امریکا کا شکریہ ادا کیا۔سعودی کابینہ کا کہنا تھا کہ امریکی صدر کا عزم دونوں ممالک اور خطے میں استحکام کی مشترکہ کوششوں کو مزید وسعت دے گا۔
٭…چین نے امریکا کی جانب سے افغانستان کے اثاثے اپنے پاس رکھنے کے عمل پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ افغان عوام کی رضا کے بغیر امریکا نے افغان اثاثوں پر فیصلہ کیا اور انہیں اپنے پاس رکھا، امریکا کا یہ عمل ڈاکوؤں کے طرز عمل سے مختلف نہیں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ امریکی فیصلے سے پھر ثابت ہوا کہ امریکا اپنے دعووں کے برعکس کمزوروں کا دفاع نہیں کرتابلکہ اپنے فیصلے صرف اپنی بالادستی کے لیے کرتا ہے۔ افغان عوام کے مجرم امریکا کو افغان عوام کی مشکلات بڑھانی نہیں چاہئیں۔
٭…بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں حجاب کے بعد اب ہندو انتہا پسندوں نے اذان پر تنازع کھڑا کر دیا۔ ضلع رتلام میں ہندو تنظیم کے کارکنوں نے لاؤڈ اسپیکر کے ذریعے اذان دینے پر اعتراض کیا ہے۔ اس حوالے سے ایک ویڈیو بھی منظر عام پر آئی ہے جس میں ایک نوجوان کہہ رہا ہے کہ اس نے مسجد کے بالمقابل عمارت پر لاؤڈ اسپیکر لگا رکھے ہیں، اب سے جب بھی اذان ہوگی ہم لاؤڈ اسپیکر پر اونچی آواز میں گانے بجائیں گے۔
٭… فرانس کے علاقے سینٹ لورینٹ میں دھماکے کے بعد آگ لگنے کے حادثے میں دو بچوں سمیت7 افراد ہلاک ہوگئے۔ آگ لگنے سے 20 کے قریب افراد زخمی ہوئے جبکہ آگ سے بچنے کے لیے دوسری منزل کی کھڑکی سے چھلانگ لگانے کے بعد 30 سال کے ایک شخص کو تشویشناک حالت میں اسپتال لے جایا گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق رات گئے ایک دھماکے کے بعد کئی عمارتوں میں آگ لگ گئی۔ ان میں سے ایک عمارت میں تعمیراتی کام جاری تھا،جس کی نچلی منزل پر ایک ریسٹورنٹ بھی تھا۔
٭…آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے ساحل پر ایک برطانوی ڈائیونگ انسٹرکٹر Simon Nellist پرشارک نے حملہ کرکے اسے شدید زخمی کردیا۔ ریسکیو ٹیم نے تیراک کو شدید زخمی حالت میں سمندر سے باہر نکالا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسا۔ رپورٹ کے مطابق 60 سال کے دوران سڈنی کے ساحل پر شارک کے حملے میں کسی انسان کی ہلاکت کا یہ پہلا واقعہ ہے۔
٭…برازیل کے شہر پیٹروپولس میں سیلابی ریلوں اور مٹی کے تودوں کے گرنے سے ہونے والی تباہی میں تقریباً 146 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ 191 اب بھی لاپتہ ہیں۔ہلاک ہونے والوں میں 27 بچے اور کم عمر افراد بھی شامل ہیں۔منگل کے دن برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو کے شمال میں واقع اس سیاحتی مقام پر فروری کے پورے مہینے کی اوسط سے زیادہ بارش ایک ہی دن میں ہوئی تھی۔حکام کا کہنا ہے کہ اب کسی کے زندہ بچ جانے کی امید بہت کم ہے۔
٭…بھارت میں شادی کی تقریب کے دوران کنویں میں گرنے سے 13 افراد ہلاک ہوگئے۔ یہ واقعہ ریاست اترپردیش کے علاقےکشی نگر میں پیش آیا جہاں شادی کی تقریب کے دوران ایک پرانےکنویں پر رکھی سلیب ٹوٹ گئی جس کے باعث اس پر بیٹھے افراد کنویں میں گرگئے۔مقامی افراد نے فوری طور پر گرنے والے افراد کو نکالا اور قریبی اسپتال منتقل کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ 11 افراد کی اسپتال میں موت کی تصدیق کی گئی جب کہ 2 افراد دوران علاج چل بسے۔مرنے والوں میں بچے اور خواتین شامل ہیں جو کہ شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے وہاں موجود تھے۔
٭…یونان سے اٹلی جانے والے اطالوی جہاز میں آگ لگنے کے 2 روز بعد جہاز کا ایک مسافر زندہ مل گیا جبکہ 11 مسافر تاحال لاپتہ ہیں۔زندہ بچ جانے والا مسافر جہاز کے کنارے پر موجود تھا، اس نے امدادی اہلکاروں سے رابطہ کیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ جہاز کے 11 مسافر ابھی تک نہیں ملے ۔ جہاز پر 241 مسافر اور عملے کے 51 افراد موجود تھے۔واضح رہے کہ جہاز میں آگ لگنے کا واقعہ جمعے کے روز پیش آیا تھا جس کے بعد امدادی کارروائیوں کے دوران 280 افراد کو بچا لیا گیا تھا۔
٭…صومالیہ کے ایک ریسٹورانٹ میں مشتبہ خود کش دھماکے میں 10 افراد ہلاک ہوگئے ۔ پولیس نے دارالحکومت موغادیشو کے نردیکی قصبے میں ہونے والے دھماکے کے خودکش ہونے کا شبہ ظاہر کیا ہے۔پولیس کے مطابق دھماکے سے ہلاک ہونے والوں میں کئی سرکاری عہدیداران بھی شامل ہیں۔
٭…روس یوکرین کشیدگی میں کمی کے آثار کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں 4 فیصد تک کمی ہوگئی۔دوران ٹریڈنگ برینٹ خام تیل92 ڈالر86 سینٹس میں فروخت ہوا۔ دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں گیس کی قیمت میں 3 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا جس کی 4.33 ڈالرفی یونٹ میں ٹریڈنگ ہورہی ہے۔
٭…سری لنکا کی سرکاری پیٹرولیم کمپنی کے پاس تیل خریدنے کے لیے فنڈز نہ ہونے کی وجہ سے ملک میں تیل کے شدید بحران کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔سری لنکا کے وزیر برائے توانائی کاکہنا تھا کہ سیلون پیٹرولیم کمپنی (سی پی سی) مسلسل کیش کی کمی کا شکار ہے اور اب کمپنی کے پاس بیرون ممالک سے تیل خریدنے کے لیے پیسے نہیں ہیں۔
٭… بکنگھم پیلس نے تصدیق کی ہے کہ ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کورونا وائرس مثبت آنے کے بعد زکام جیسی معمولی علامات محسوس کر رہی ہیں۔ کورونا کے باعث ملکہ رواں ہفتے اپنی رہائش گاہ سے ہی کام جاری رکھیں گی۔خیال رہےکہ ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کی عمر95 سال ہے ۔
٭…کورونا کیسز میں کمی کے بعد دبئی حکومت نے 15؍فروری سے کورونی کی احتیاطی پابندیاں بتدریج ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔کورونا پابندیاں ختم ہونے کے بعد دبئی کی سماجی سرگرمیوں، تقریبات اور اجتماعات میں مکمل گنجائش کےساتھ شرکت کی اجازت دے دی گئی ہے۔ اسی طرح مساجد اور گرجا گھروں میں ایس او پیز کے ساتھ عبادت کی اجازت بھی دے دی گئی ہے۔
٭…سعودی عرب میں کورونا وائرس کے ایک ہزار 13 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ریاض سے سعودی وزارتِ صحت کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق سعودی عرب میں کورونا مریضوں کی تعداد 7 لاکھ 39 ہزار 344،کورونا سے اموات کی تعداد 8 ہزار 984جبکہ کورونا سے صحتیاب افراد کی تعداد 7 لاکھ 11 ہزار 556 ہوگئی ہے۔
٭…ہانگ کانگ میں ایک دن کے دوران کورونا وائرس کے 6 ہزار 67 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ 14 اموات بھی ہوئی ہیں۔
٭…٭…٭