ریفریشر کورس مجلس انصار اللہ سویڈن
مجلس انصار اللہ سویڈن کا سال 2022ء کا ریفریشر کورس مورخہ 12و13؍مارچ 2022ء کو مسجد ناصر گوتھن برگ میں منعقد ہوا۔ ریفریشر کورس کے انتظامات کے لیے محترم نصیر احمد وسیم صاحب صدرمجلس انصار اللہ سویڈن نے شعبہ عمومی کی نگرانی میں ایک کمیٹی تشکیل دی تھی۔ اس کمیٹی کے اجلاسات محترم صدر مجلس کی صدارت میں منعقد ہوئے جن میں ریفریشر کورس کے جملہ پروگرام اور انتظامات کو حتمی شکل دی گئی۔
ریفریشر کورس میں نیشنل عاملہ کے علاوہ مجالس انصاراللہ سویڈن کے زعماء کرام اور ان کی مجالس عاملہ کے ممبران نے بھی شرکت کی۔
پروگرام کے مطابق ریفریشر کورس کے افتتاحی اجلاس کا وقت 12 مارچ کو 12 بجے رکھا گیا تھا۔ بیرونی مجالس سے آنے والے احباب کے لیے ناشتہ کا انتظام کیا گیا تھا۔
افتتاحی اجلاس میں تلاوت قرآن کریم، عہد اور صدر مجلس کے خطاب کے بعد مکرم انور رشید صاحب نائب صدر مجلس انصار اللہ سویڈن نے مجلسِ انصار اللہ کے اغراض و مقاصد پر ایک تفصیلی اور جامع تقریر کی۔
ریفریشر کورس کا دوسرا اجلاس نماز ظہر وعصر اور دوپہر کے کھانے کے بعد ساڑھے تین بجے شروع ہوا۔ اس اجلاس میں قائدین کرام نے اپنے اپنے شعبہ کا سالانہ پروگرام پیش کیا، تفصیلی ہدایات دیں اور اپنے شعبہ کے کام کے حوالے سے مختلف سوالات کے جوابات دیے۔
یہ اجلاس شام ساڑھے چھ بجے تک جاری رہا۔ بعدازاں نماز مغرب و عشاء ادا کی گئیں جس کے بعد مہمانوں کی خدمت میں عشائیہ پیش کیا گیا۔
مہمانان کرام کی تفریح طبع کے لیے ایک ادبی پروگرام کا بھی اہتمام کیا گیا تھا اس پروگرام کے منتظم مکرم آغا یحییٰ خان صاحب تھے۔ یہ پروگرام رات آٹھ بجے شروع ہوا۔ مختلف احباب نے اپنے اپنے ذوق کے مطابق شعر و شاعری، لطائف وغیرہ پیش کیےجس سے تمام احباب خوب محظوظ ہوئے۔
اگلے دن نماز فجر کے بعد عہدیداران انصار اللہ کی ذمہ داریوں کے حوالے سے درس دیا گیا۔
ناشتے میں روایتی حلوہ پوری کا انتظام کیا گیا تھا۔ سب احباب نے خوب مزے سے سیر ہو کر ناشتہ کیا جس کے بعد ریفریشر کورس کا اجلاس شروع ہوگیا۔ قائدین نے اپنے پروگرام پیش کیے اور ہدایات دیں۔
ساڑھے گیارہ بجے ریفریشر کورس کا اختتامی اجلاس شروع ہوا جس میں مکرم چودھری عطاءالرحمان محمود صاحب نے رپورٹ فارم پر کرنےکا طریق کار تفصیل سے بتایا اور اس سلسلے میں ضروری ہدایات دیں۔ بعد ازاں مکرم آغا یحیٰ خان صاحب مبلغ انچارج سویڈن نے اپنی تقریر میں عہدیداران انصار اللہ کی ذمہ داریوں پر روشنی ڈالی۔ محترم صدر صاحب مجلس نے ریفریشر کورس میں شامل ہونے والوں اور انتظامات میں مدد کرنے والے دوستوں کا شکریہ ادا کیا اور اس خواہش کا اظہار کیا کہ خدا کرے کہ ہم سب اس ریفریشر کورس سے بھرپور فائدہ اٹھانے والے ہوں اور ریفریشر کورس میں دی گئی ہدایات کی روشنی میں انصار اللہ کے کاموں کوزیادہ بہتر اور منظم انداز میں سر انجام دینے کی توفیق پانے والے ہوں۔ آمین
اختتامی اجلاس کے لیے مکرم وسیم ظفر صاحب امیر جماعت احمدیہ سویڈن کو بطور مہمان خصوصی دعوت دی گئی تھی۔ انہوں نے اپنےاختتامی خطاب میں انصار کو ان کی تنظیمی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔ دعا کے ساتھ اس ریفریشر کورس کا اختتام ہوا۔ اس موقع پر نیشنل عاملہ، زعماء مجالس اور ان کی عاملہ اور ریفریشر کورس میں شامل ہونے والے تمام عہدیداران کے گروپ فوٹو بھی لیے گئے۔ نماز ظہر و عصر اور کھانے کے بعد مہمانان کرام اپنے اپنے گھروں کو روانہ ہو گئے۔
اللہ تعالیٰ مجلس انصار اللہ سویڈن کے اس ریفریشر کورس کے شیریں ثمرات پیدا فرمائے اور عہدیداران میں کام کی سچی لگن اور جوش پیدا فرمائےنیز حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی منشا کےمطابق خدمت کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ: رضوان احمد افضل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)