مالٹی زبان میں تبلیغی رسالہ ’’ID-DAWL‘‘ کی اشاعت کے موقع پر حضور انور کے خصوصی پیغام کا اردو مفہوم
بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
نحمدہ و نصلی علی رسولہ الکریم و علی عبدہ المسیح الموعود
خدا کے فضل اور رحم کے ساتھ
ھو النّاصر
اسلام آباد (یوکے)
27-02-2022
عزیز قارئین Id-Dawl
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
مجھے بہت خوشی ہے کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے فروری 2022ء میں آپ کے ماہانہ رسالہ ID-DAWL کاپچاسواں ایڈیشن شائع ہوگا۔ الحمد للہ۔ اللہ تعالیٰ آپ پر فضل فرمائے اور آپ کو توفیق عطا فرماتا چلا جائے کہ آپ قارئین کو اسلام کی حقیقی تعلیمات جوتمام بنی نوع انسان کے لیے امن اور ہم آہنگی کو فروغ دیتی ہیں سے متعارف کرائیں۔
حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے فرمایا ہے کہ آخری زمانہ کے بارہ میں قرآن کریم کی متعدد پیش گوئیوں میں سے ایک یہ ہے کہ وَاِذَالصُّحُفُ نُشِرَتْ یعنی آخری زمانہ میں کتب کی کثرت سے اشاعت ہوگی۔ چنانچہ اللہ تعالیٰ نے آخری زمانہ میں نہ صرف اسلام کی فتح کی پیشگوئی دی بلکہ ہمیں اس کی تبلیغ کے ذرائع بھی فراہم کیے۔ اس رسالہ کی اشاعت کا مقصد بھی تبلیغ اسلام ہے، جس مقصد کے لیے حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام دنیا میں تشریف لائے۔ اللہ تعالیٰ نے اب ہمیں اسلام کے پیغام کی اشاعت کے لیے مختلف طریق اور ذرائع مہیا کیے ہیں جن میں اشاعت بھی شامل ہے۔ اللہ تعالیٰ آپ کو ان وسائل کو صحیح طریقے سے استعمال کرنے کا موقع عطا فرمائے اور آپ کو حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم اور اسلام کی خوبصورت تعلیمات کو مؤثراور مثالی طور پر پھیلانے کی قابل ستائش خدمات انجام دینے کی توفیق عطا فرمائے۔
اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ ہم دنیا میں کہاں خدمت کررہے ہیں، ہمارا مقصد حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے پیغام کو دنیا کے کونے کونے تک پہنچانا ہے۔ اللہ تعالیٰ ضرور اس کو پورا کرے گا کیونکہ اس نے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کو الہاماً بتایاکہ ’’میں تیری تبلیغ کو زمین کے کناروں تک پہنچاؤں گا‘‘۔ اور اس کام کے لیے اس نے ہمیں بے شمار وسائل مہیا کیے ہیں۔
صرف اسی صورت میں جب ہم خود غور کریں اور اپنی ذمہ داریوں کی اہمیت کو پوری طرح سمجھیں اور تبلیغی سرگرمیوں میں بھی حصہ ڈالیں تو ہم صحیح معنوں میں اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرتے ہوئے نظر آئیں گے۔ تب ہی ہم ان خوش نصیبوں میں شامل ہوسکتے ہیں جو قرب الٰہی حاصل کرتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ آپ کو اس کی توفیق عطا فرمائے۔ اللہ تعالیٰ آپ سب پر بہت فضل فرمائے۔ آمین
والسلام
خاکسار
(دستخط)مرزا مسرور احمد
خلیفۃ المسیح الخامس