اطلاعات و اعلانات

اطلاعات و اعلانات

درخواستِ دعا

٭… ارشد محمودصاحب نمائندہ الفضل انٹرنیشنل یونان تحریر کرتے ہیں کہ مکرم عطاء النصیر صاحب نیشنل صدر و مربی سلسلہ یونان کی والدہ صاحبہ محترمہ نسیم بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم عبداللطیف صاحب سابق امیر ضلع خیرپور حال مقیم لندن بعارضہ بڑی آنت کے کینسر کےبیمار ہیں۔ ڈاکٹرز نے مزید علاج سے انکار کر دیا ہے۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی تجویز کردہ ہومیو پیتھی ادویات سے علاج جاری ہے۔

احباب جماعت کی خدمت میں دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ معجزانہ طور پر شفائے کاملہ و عاجلہ سے نوازے اور صحت و سلامتی والی دراز و فعال زندگی عطا فرمائے۔ آمین

اعلانِ ولادت

٭…زاہدہ راحت صاحبہ بریمپٹن، کینیڈاسےتحریر کرتی ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے خاص فضل و کرم سے میرے بڑے بیٹے عزیزم فرحان احمد حمزہ قریشی (مربی سلسلہ، استاد جامعہ احمدیہ کینیڈا) اور بہو عزیزہ صائمہ فرحان کو مورخہ 18؍ اپریل2022ء کو بیٹا عطا فرمایا ہے۔ فالحمد للہ علیٰ ذالک! نومولود کا نام ’بشیر احمد سعد قریشی‘ رکھا گیا ہے اور بچہ خدا تعالیٰ کے فضل سے وقفِ نو کی مبارک تحریک میں شامل ہے۔

عزیزم بشیر احمد سعد سلّمہ ربّہٗ مکرم عبد الحلیم قریشی صاحب اور خاکسار کا پوتا اور مکرم عرفان محمود ملک صاحب اور محترمہ عظمیٰ ناہید سہگل صاحبہ (بریمپٹن، کینیڈا) کا نواسہ ہے۔ نیز نومولود مکرم عبد المنان قریشی صاحب مرحوم اور مکرم الحاج چودھری بشیر احمد صاحب مرحوم سابق نیشنل سیکرٹری وصایا و رشتہ ناطہ کینیڈا کا پڑ پوتا ہے۔

احبابِ جماعت کی خدمت میں دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ نومولود کو صحت و عافیت والی لمبی، فعال اور بامراد عمر عطا فرمائے۔ سعادت مند، صالح اور خادمِ دین بنائےاور والدین اور خاندان کے لئے قرة العین ہو۔ آمین

سانحہ ارتحال

٭…مکرم راناسلطان احمد خاں صاحب تحریر کرتے ہیں کہ خاکسار کے تایا زاد بھائی مکرم و محترم ماسٹر رانا نذیر احمد بدر ابن حضرت چودھری محمد حسین صاحب رفیق حضرت مسیح موعود علیہ السلام بعمر تقریباً 91سال مورخہ 04مئی 2022ء کو بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ انا للہ وانا الیہ راجعون

مرحوم نماز اور روزہ کے پابند، تہجد گزار شریف النفس وجود تھے۔ آپ اوّلین وقت میں اپنے تمام چندہ جات ادا کر دیا کرتے تھےاور کبھی بھی کسی چندہ کی دوسری قسط نہیں کی۔ آپ لمبا عرصہ چک نمبر 89ج ب رتن ضلع فیصل آباد کے صدر جماعت اور تقریباً 8سال امیرحلقہ سرشمیر روڈ بھی رہے۔ آپ جب تک گاؤں میں رہے سائیکل پر اپنی جماعتوں کا دورہ باقاعدگی سے کرتے تھے۔ آپ پیشہ کے لحاظ سے ٹیچرتھے۔ سرشمیر روڈ، چک نمبر88ج ب کے علاوہ اَور بھی کئی جگہوں پر پڑھاتے رہے۔ آپ کے شاگرد خدا تعالیٰ کے فضل سے پاکستان کے علاوہ جرمنی، لندن اوردیگر ملکوں میں پھیلے ہوئے ہیں۔ آپ نماز باجماعت پابندی کے ساتھ ادا کیا کرتے تھے ۔ عزیزوں اور رشتہ داروں سے بہت زیادہ حسن سلوک کا برتاؤ کرتے تھے۔ اپنے غیر از جماعت عزیز وں سے بھی بہت اچھا سلوک تھا۔ ان کی وفات پر سب نے بہت اچھے تاثرات کا اظہار کیا۔ آپ کی زندگی میں آپ کے دو بیٹے عزیزم افتخار توقیر امجد اور اشتیاق توصیف ساجد وفات پا گئے تھے ان دونوں کی وفات پر آپ نے کمال صبر کا نمونہ دکھایا اور اعلیٰ مثال قائم کی۔ آپ نے اپنے چھوٹے بہن بھائیوں کے تمام بچوں کی شادیاں بھی کیں۔ آپ خدا تعالیٰ کے فضل و کرم سے موصی تھے آپ کی نماز جنازہ محترم نائب ناظر صاحب اصلاح و ارشاد نے پڑھائی جس میں کثیر تعداد میں عزیز اقارب کے علاوہ غیر از جماعت بھی شریک ہوئے۔ بہشتی مقبرہ طاہر آباد میں تدفین کے بعد جامعہ احمدیہ ربوہ کے ایک بزرگ پروفیسر نے دعا کرائی۔ آپ نے 2 بیٹے عزیزم ممتاز ظہیر شاہد صاحب جرمنی، امتیاز نصیر طاہر صاحب آف جرمنی، عزیزہ ساجدہ ناہید اختر زوجہ محمد اکرم صاحب مرحوم اور شازیہ رضوانہ اہلیہ مکرم خاور سہیل صاحب اور عابدہ یمنہ اہلیہ رانا خالد پرویز صاحب آف جرمنی کے علاوہ 7 پوتے 7 پوتیاں 7نواسے اور 3نواسیاں بطور یادگار چھوڑے ہیں۔

احباب سے اس مخلص خادم سلسلہ کی درجات کی بلندی کے لیے دعا کی خصوصی درخواست ہے نیز دعا کریں کہ مولیٰ کریم ان کے تمام لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کے بچوں کو ان کی نیکیاں یاد رکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button