اطلاعات واعلانات
اعلان ولادت
٭… مکرم سید مبشر احمد صاحب آف ڈنمارک تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے فضل و کرم سے خاکسارکے بیٹےعزیزم سید احسان احمد(نائب مدیر الفضل انٹرنیشنل لندن) اور بہو عزیزہ حانیہ فرزانہ اختر کو مورخہ26؍ مئی 2022ءکوبیٹے سے نوازا ہے۔حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے نومولود کو ازراہ ِشفقت وقفِ نو کی بابرکت تحریک میں شامل کرتے ہوئے نام ’ابتسام‘عطافرمایاہے۔
نومولودصحابی حضرت مسیح موعودؑ حضرت سید حسن شاہ صاحبؓ اور چودھری محمد عبد اللہ صاحب درویش قادیان کی نسل میں سے ہے جبکہ چودھری محمد سعید اختر صاحب سابق نائب امیر امارت سمن آباد لاہورکا نواسا ہے۔
احبابِ جماعت سے عزیزم ابتسام کے لیے دعا کی درخواست ہے۔ اللہ تعالیٰ نو مولود کو اسم با مسمیٰ، نیک قسمت، جماعتِ احمدیہ کے لیے مفید وجود بننے اور خلافت کا سچا اطاعت گزار اور خادم ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔
درخواستِ دعا
٭…محترم مولانا سعید الرحمٰن صاحب امیر و مشنری انچارج سیرالیون تحریر کرتے ہیں کہ مولانا طارق محمود جاوید صاحب سابق امیر جماعت احمدیہ سیرالیون شدید بیمار ہیں اور ایک طرف سے پیرالائزڈ ہیں۔ گزشتہ چند دن سےبلڈ پریشر میں کمی اور دل کی دھڑکن کی بےترتیبی کے باعث نیوجرسی امریکہ کے ہسپتال میں داخل ہیں۔ پھیپھڑے، دائیں ٹانگ اور دل میں کلاٹ بن گئے ہوئے ہیں۔ دل سے کلاٹ نکالنے کا کامیاب آپریشن ہو گیا ہےاور دوسرے کلاٹس کے لیے علاج جاری ہے۔
احبابِ کرام سے خصوصی دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ اپنے فضل سے شفائے کاملہ و عاجلہ عطا فرمائے۔ دورانِ علاج اور بعد کی پیچیدگیوں سے بچائے۔ آمین
اعلانِ کامیابی
٭… منصور احمد انجم صاحب کیلگری کینیڈا تحریر کرتے ہیں کہ میری بیٹی عزیزہ شمائلہ انجم کو یونیورسٹی آف آکسفورڈ سے Social and Economic History میں ایم ایس سی مکمل کرنے کے بعد University of Nottingham نے Russian History میں PhD کے لیے داخلہ اور Fully Funded International Scholarshipکے ایوارڈ سے نوازا ہے۔الحمدللہ۔ یہ بچی واقفۂ نو ہے اور جماعت کے دو واقفینِ زندگی مکرم چودھری مبارک مصلح الدین صاحب مرحوم کی پوتی اور مکرم لطیف احمد شاہد کاہلوں صاحب مرحوم کی نواسی ہے۔ لجنہ اماءاللہ کینیڈا کے نیشنل شعبہ تعلیم سے منسلک ہے۔
احبابِ جماعت کی خدمت میں دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ عزیزہ کا یہ تعلیمی اعزاز ہر لحاظ سے بابرکت فرمائے ۔ دین و دنیا کی حسنات اسے نصیب ہوں۔ جماعت کے لیے اللہ تعالیٰ اسے ایک مفید وجود بنائے اور مزید بابرکت کامیابیاں عطا فرمائے۔ آمین
اعتذار و تصحیح
الفضل انٹرنیشنل کے شمارہ10؍ جون 2022ءصفحہ نمبر10پر ’’گھانا میں مکرم ڈاکٹر محمود احمد بٹ صاحب و محترمہ ڈاکٹر منجو بٹ صاحبہ آف قادیان کے اعزاز میں الوداعی تقریب‘‘ میں ڈاکٹر محمود احمد بٹ صاحب کے والد محترم مولوی محمد ایوب بٹ صاحب درویش قادیان کے ساتھ غلطی سے ’مرحوم‘ لکھا گیا۔ آن لائن اس عبارت کی تصحیح کر دی گئی ہے۔ قارئین کرام نوٹ فرما لیں۔ ادارہ الفضل انٹرنیشنل اس غلطی پر معذرت خواہ ہے۔
٭…٭…٭