خبرنامہ(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
افغانستان میں 21؍ اور 22؍ جون کی درمیانی شب آنے والے زلزلے سے قریباًایک ہزار افراد ہلاک اور پندرہ سو سے زائد زخمی ہو گئے۔حکام نے ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔رات ڈیڑھ بجے آنے والے زلزلے کی شدت ریکٹر سکیل پر 6.1 تھی جبکہ اس کا مرکز خوست سے 44 کلومیٹر کی فاصلے پر تھا۔زلزلے سے مشرقی صوبہ پکتیکا سب سے زیادہ متاثر ہوا۔ متاثرہ علاقوں میں امدادی ٹیموں نے کارروائیاں کرتے ہوئے دوردراز علاقوں میں موجود زخمیوں کو ہیلی کاپٹروں کی مدد سے ہسپتالوں میں منتقل کیا ۔ طالبان رہنما ہبت اللہ اخونزادہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس زلزلے سے سینکڑوں مکانات منہدم ہوئے ہیں اس لیے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ انتظامیہ کے مطابق حکومت ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ کو ایک لاکھ افغانی جبکہ زخمیوں کو پچاس ہزار افغانی دے گی۔افغانستان کی حکومت کے ترجمان بلال کریمی نے اپنی ٹویٹ میں تمام غیر سرکاری اداروں اور ایجنسیز سے درخواست کی ہے کہ وہ متاثرہ علاقوں میں امدادی ٹیمیں روانہ کریں تاکہ مزید نقصان سے بچا جا سکے۔افغانستان میں زلزلے سے بڑے پیمانے پر تباہی اور ہلاکتوں کے بعد اقوام متحدہ کے امدادی مشن (UNAMA) نے متعلقہ خیراتی اداروں سے زلزلے سے متاثرہ افراد کی مدد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
٭…اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ زلزلے کے بعد شہری خوف زدہ ہوکر گھروں سے باہر نکل آئے۔ مختلف علاقوں میں گھروں میں سوئے شہری کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکلے۔اسلام آباد میں زلزلے کے جھٹکے 30 سے 40 سیکنڈز تک محسوس کیے گئے۔ بھارت اور تاجکستان میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ یاد رہےکہ 17 جون کو بھی پاکستان کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے تھے۔
٭… پری مون سون بارشوں سے پاکستان کے کئی شہروں میں نظام زندگی درہم برہم ہوگیا۔ تیزآندھی اورموسلادھار بارشوں کے باعث نشیبی علاقے زیرآب آ گئے درجنوں فیڈرزٹرپ، بجلی کا نظام معطل ہوگیا،درخت اور بجلی کے کھمبے گر گئے۔پہاڑی ندی نالوں میں شدید طغیانی آجانے سے ٹریفک نظام درہم برہم جبکہ کئی دیہاتوں کا سیلابی ریلے کی وجہ سے ایک دوسرے سے رابطہ منقطع ہوگیا۔دوسری جانب کئی مقامات پر ژالہ باری بھی ہوئی۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق خیبرپختونخوا میں حالیہ بارشوں کے باعث 24 گھنٹوں کے دوران 2 افراد جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہوئے۔ 4 مویشیوں سمیت 13 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔جانی و مالی نقصانات کے واقعات ڈی آئی خان میں پیش آئے۔
٭…مصر، لبنان کی گیس ضروریات شام کے راستے پوری کرے گا۔ اس حوالے سے سہ ملکی باضابطہ معاہدہ لبنان کے دارالحکومت بیروت میں طے پا گیا۔ معاہدے کے تحت مصر، لبنان کو سالانہ 65 کروڑ کیوبک فٹ گیس دے گا۔ مصری گیس سے لبنان میں بجلی کی پیداوار میں 450 میگاواٹ کا اضافہ ہوگا۔ لبنان کے بیشتر علاقے اور شہر اس وقت لوڈشیڈنگ کی شدید لپیٹ میں ہیں اور گیس بحران کے باعث لبنان میں بجلی کی بندش 20 گھنٹوں تک بڑھ چکی ہے۔
٭…برطانیہ میں ریلوے یونین کی تین دہائيوں کی سب سے بڑی پہیہ جام ہڑتال کے باعث مسافروں کو پریشانی کا سامنا ہے۔ ریلوے یونین کے چالیس ہزار سے زائد ملازمین تنخواہوں میں اضافہ نہ ہونے پر ہڑتال کررہے ہیں۔ ہڑتال سے انگلینڈ، ویلز اور اسکاٹ لینڈ میں مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ لندن میں ریل کے ساتھ انڈر گراؤنڈ کی بھی ہڑتال جاری ہے۔
بعض اطلاعات کے مطابق برطانیہ میں صرف 20 فیصد ٹرینیں چل رہی ہیں۔ ہڑتال کے سبب بسوں میں اور سڑکوں پر غیرمعمولی رش ہے۔ ریلوے یونین نے آئندہ ماہ مزید ہڑتالوں کی بھی دھمکی دی ہے، جبکہ یونین کے ارکان متعدد اسٹیشنز کے سامنے احتجاج کے لیے بھی جمع ہوئے تھے۔
٭بنگلادیش میں ایک ہفتے سے جاری بارشوں کی تباہی سے مختلف حادثات میں اموات کی تعداد 32 ہوگئی ہے جبکہ تقریباً 3 لاکھ افراد شیلٹرز میں پناہ لینے پر مجبور ہیں۔ اب بھی لاکھوں افراد سیلابی پانی میں پھنسے ہیں۔ سلہٹ ریجن میں 122 سال میں اب تک کی بدترین سیلابی صورتِ حال کا سامنا ہے۔ بارش سے متاثرہ علاقوں میں جاری امدادی کارروائیوں میں آرمی اور نیوی اہل کار بھی حصہ لے رہے ہیں۔
٭…برطانوی وزیرخارجہ لز ٹروس نے پارلیمنٹ میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ یوکرین کو مزید ہتھیاروں کی فراہمی اور روس کو یوکرین کی سرزمین سے باہر کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔یوکرین سے روس کے مکمل انخلا تک روس کی اشیا کی درآمد روکیں گےواضح رہے کہ برطانوی وزیرخارجہ جلد ترکی کا دورہ کریں گی۔ اس حوالہ سے انہوں نے کہا کہ دورہ ترکی میں یوکرین کے شہر اوڈیسا سے اناج کی منتقلی میں مدد کے بارے میں بھی بات ہوگی۔
٭…ایران میں اسرائیلی انٹیلی جنس ایجنسی موساد کے ایجنٹ پکڑے گئے۔ ایرانی عدلیہ کے مطابق ان ایجنٹوں کو اپریل میں گرفتار گیا تھا۔ تینوں ایجنٹس، ایرانی جوہری سائنسدانوں کے قتل کا منصوبہ بنا رہے تھے۔ اسرائیلی خفیہ ادارے کے لیے کام کرنے والے تینوں ایجنٹس پر جلد مقدمہ چلایا جائے گا۔ ان ایجنٹس کی گزشتہ 8 ماہ سے نگرانی کی جارہی تھی جس کے بعد ان کی گرفتاری عمل میں آئی ہے۔
٭…یو اے ای کی طرف سے سوڈان کو دیے گئے پیکیج میں فری ٹریڈ زون، ایک بڑا زرعی منصوبہ اور سوڈان کے سینٹرل بینک میں 30 کروڑ ڈالرز کا ڈپازٹ شامل ہے۔متحدہ عرب امارات سوڈان میں ایک نئی بندرگاہ تعمیر کرے گا۔ یہ بندرگاہ 6 ارب ڈالرز کے سرمایہ کاری پیکیج میں شامل ہوگی۔یہ بندرگاہ 4 ارب ڈالرز کی لاگت سے تعمیر ہوگی اور ملک کی مرکزی قومی بندرگاہ پورٹ سوڈان کی طرح ہر قسم کے کارگو کو ہینڈل کرسکے گی۔
٭…سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورۂ مصر کے دوران دونوں ممالک میں 7.7 ارب ڈالر کے 14 معاہدے طے پاگئے۔ یوکرین جنگ کے بعد عالمی سطح پر آنے والے معاشی بحران سے نمٹنے کے لیے سعودی عرب نے قاہرہ میں سرمایہ کاری کے نئے معاہدے کیے ہیں۔ سعودی عرب اور مصر کے درمیان توانائی، پیٹرولیم مصنوعات، غذا اور ٹیکنالوجی سمیت کئی معاہدوں پر دستخط ہوئے۔ دیگر معاہدوں میں مصر کی ڈمیاٹا بندرگاہ پر ایک نئے کثیرالمقاصد ٹرمینل کی تعمیر شامل ہے جبکہ مصر کی دوا ساز کمپنی سعودی عرب میں فارماسیوٹیکل سٹی تعمیر کرے گی۔یاد رہے کہ شہزادہ محمد بن سلمان گزشتہ رات مصر پہنچے تھے۔ تین سال بعد یہ پہلا موقع تھا کہ انہوں نے کسی خلیجی ملک کا دورہ کیا۔
٭… فرانس کی وزیر اعظم الزبتھ بورن کا کہنا ہے کہ پارلیمانی انتخابات کے نتائج ملک کے لیے خطرناک ہیں۔ حکمران جماعت فوری طور پر نئے اتحادیوں کو تلاش کرے گی۔ یاد رہے کہ حالیہ انتخابات میں کسی جماعت کو واضح اکثریت حاصل نہ ہوسکی، پارلیمنٹ میں اکثریت حاصل کرنے کے لیے حکمران جماعت نے کام شروع کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ فرانس کے صدر عمانوئیل میکرون نے پارلیمنٹ میں اپنی اکثریت کھو دی ہے۔ الیکشن کے اس مرحلے میں انہیں پارٹی کے 44 سالہ اقتدار کو جاری رکھنے کے لیے ٹیکس میں کٹوتی، ویلفیئر نظام میں بہتری اور ریٹائرمنٹ کی عمر میں اضافہ کرنا تھا جس کے لیے انہیں 260 نشستوں کی اکثریت چاہیے تھی مگر وہ 289 نشستوں پر اکثریت بحال نہ رکھ سکے۔فرانسیسی صدارتی انتخابات میں عمانوئیل میکرون 57.80 فیصد ووٹ حاصل کر کے اپریل میں دوسری مدت کے لیے فرانس کے صدر منتخب ہوئے تھے۔دوسری جانب سرکاری ترجمان نے کہا کہ یقیناً صورتحال مایوس کن ہے، الیکشن کے نتائج ہماری توقعات سے برے ہیں۔
٭…بھارت کی بنگال اسمبلی نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی معطل رہنما نوپور شرما کے گستاخانہ بیان کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کی ہے۔ بی جے پی کے رہنماؤں نے اس وقت احتجاج شروع کیا جب مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی اسمبلی سے خطاب کر رہی تھیں۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ ہم نے اس وقت کارروائی کی جب ریاست میں تشدد ہوا لیکن یہ خاتون (نوپور شرما) اب تک کیسے گرفتار نہیں ہوئی؟ مجھے معلوم ہے کہ اسے گرفتار نہیں کیا جائے گا۔ نوپور شرما نے کولکتہ پولیس سے چار ہفتے کا وقت مانگا ہے۔ انہیں آج پولیس کے سامنے پیش ہونا تھا ۔واضح رہے کہ نوپور شرما نے اپنے متنازع ریمارکس پر اپنی جان کو لاحق خطرات کی وجہ سے کولکتہ پولیس کے سامنے پیش ہونے کے لیے مزید 4 ہفتے کی توسیع کی درخواست کی ہے۔
٭…روس کے ساتھ ثقافتی تعلقات منقطع کرنے کے لیے یوکرین کی پارلیمنٹ نے دو قوانین کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد ملک میں روس کی کتابوں اور موسیقی پر سخت پابندی عائد کردی جائے گی۔ ایک قانون کے تحت روسی شہریوں کی تحریر کردہ کتابوں کی اشاعت پر اس وقت تک پابندی ہوگی جب تک وہ افراد روسی پاسپورٹ ترک کرکے یوکرین کی شہریت نہ لے لیں۔ قانون کے تحت روس، بیلاروس اور روس کے قبضے میں جانے والے یوکرینی علاقوں سے کمرشل بنیادوں پر بھی کتابوں کی درآمد پر پابندی عائد ہوگی۔ دوسرے ممالک سے روسی زبان میں شائع ہونے والی کتابوں کو یوکرین میں درآمد کرنے کے لیے خصوصی اجازت نامہ لینا ہوگا۔
19؍ جون کو یوکرینی پارلیمنٹ میں منظور ہونے والے ایک اور قانون کے مطابق 1991ء کے بعد روسی شہریوں کی تخلیق کردہ موسیقی میڈیا اور پبلک ٹرانسپورٹ میں چلانے پر پابندی ہوگی۔ ٹی وی اور ریڈیو نشریات میں یوکرینی زبان میں موسیقی چلانے کے لیے زیادہ وقت مختص کیا جائے گا۔واضح رہے کہ ا س قانون کے مسودے پر صدر وولودومیر زیلنسکی کے دستخط ہونا باقی ہیں۔
٭…مغرب کی پابندیوں کا شکار روس اب سعودی عرب کو پیچھے چھوڑ کر چین کو خام تیل کی فراہمی کا سب سے بڑا ذریعہ بن گیا۔ چینی کسٹمز اعداد و شمار کے مطابق چین نے مئی میں روس سے خام تیل کی درآمدات میں اضافہ کرتے ہوئے 80 لاکھ ٹن سے زائد تیل درآمد کیا جبکہ سعودی عرب سے 70 لاکھ ٹن سے زائد تیل درآمد کیا گیا۔چین نے گزشتہ ماہ 7.47 ارب ڈالرز مالیت کی روسی توانائی کی مصنوعات خریدی ہیں جبکہ بھارت نے روسی تیل کے دوسرے سب سے بڑے درآمد کنندہ کے طور پر جرمنی کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ چین 2016ء سے روسی خام تیل کا سب سے بڑا درآمد کنندہ رہا ہے۔
٭… برطانوی فارن کامن ویلتھ اینڈ ڈیویلپمنٹ آفس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ افغانستان میں طالبان نے پانچ گرفتار برطانوی شہریوں کو رہا کر دیا ہے۔ رہا ہونے والے برطانوی شہریوں کا افغانستان میں برطانوی حکومتی کاموں سے تعلق نہیں تھا۔انہوں نے افغانستان سے متعلق سفری ہدایات کے خلاف سفر کیا تھا، جو کہ ایک غلطی تھی۔ انہوں نے کہا کہ برطانوی شہریوں کے اہل خانہ کی طرف سے ہم افغان ثقافت، رسم و رواج یا قوانین کی کسی بھی خلاف ورزی پر معذرت خواہ ہیں اور مستقبل میں اچھے طرز عمل کی یقین دہانی کراتے ہیں۔ برطانیہ کی حکومت کو اس واقعے پر افسوس ہے۔یاد رہے کہ فروری میں برطانیہ نے افغانستان میں برطانوی شہریوں کی گرفتاری سے متعلق خبر دی تھی۔
٭…روس کے صحافی دمتری موراتوو نے یوکرین کے بچوں کی مدد کے لیے اپنا نوبل میڈل 10 کروڑ 30 لاکھ ڈالر میں فروخت کردیا۔ یہ رقم بچوں کی مدد کرنے والی اقوام متحدہ کی انسانی ہمدردی کی ایجنسی یونیسیف کو دی جائے گی جو یوکرین پر روس کے حملے سے متاثر ہونے والے بچوں کی مدد کے لیے استعمال کی جائے گی۔ 23 قیراط سونے کا میڈل 19 جون کے روز ایک آن لائن پورٹل کے ذریعے فروخت کیا گیا۔ یہ نوبل انعام روسی صحافی کو گزشتہ برس صحافتی کاوشوں پر دیا گیا تھا۔ نیلام کیا گیا میڈل اب تک کا سب سے مہنگا نوبل انعام ہے۔ اس سے قبل 2014 میں امریکی بائیولوجسٹ جیمز واٹسن کو 1962 میں ڈی این اے کی دریافت کے لیے دیا جانے والا نوبل انعام 4.76 ملین ڈالرزمیں فروخت کیا گیا تھا۔ امریکی اخبار کے مطابق دمتری موراتوو ڈنمارک کے سائنسدان نیلز بوہر سے متاثر ہوئے ہیں جنہوں نے 1939ء میں سوویت یونین کے حملے کے بعد فن لینڈ کے لیے امداد جمع کرنے کے لیے اپنا نوبل امن انعام فروخت کیا تھا۔