جماعت احمدیہ برطانیہ کی جماعتیں مسجد فضل اور ماسک ایسٹ میں جلسہ یوم خلافت
خدا کے فضل اور رحم کے ساتھ برطانیہ کی جماعتیں مسجد فضل اور ماسک ایسٹ کو مشترکہ طور پر مورخہ 29؍مئی 2022ء بروز اتوار بعد نماز ظہر مسجد فضل لندن میں جلسہ یومِ خلافت منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ چونکہ یہ کورونا کی ڈھائی سالہ پابندیوں کے بعد پہلا اجتماع تھا لہٰذا خواتین و حضرات کی ایک کثیر تعداد نے اس جلسہ میں شرکت فرمائی۔ یہ ہماری خوش قسمتی تھی کہ مولانا عطاء المجیب راشد صاحب امام مسجد فضل لندن و مشنری انچارج برطانیہ نے اپنی گوناں گو مصروفیات میں سے وقت نکال کر اس جلسہ کی صدارت کی۔ امام صاحب کے علاوہ اس جلسہ میں مکرم عمران خالد صاحب ریجنل مشنری فضل ریجن، مکرم منصور احمد شاہ صاحب نائب امیر برطانیہ اور حافظ سلمان شاہد صاحب صدر جماعت ماسک ایسٹ نے خاص طور پر شرکت کی۔
جلسہ کا باقاعدہ آغاز بعد نماز ظہر تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ مکرم عمران خالد صاحب نے آیتِ استخلاف کی تلاوت مع انگریزی ترجمہ کی۔ بعد ازاں ماسک ایسٹ کے ایک خادم مکرم مشہود احمد صاحب نے نہایت خوش الحانی سے حضرت مصلح موعودؓ کا منظوم کلام پیش کیا۔ لجنہ اماءاللہ اور ناصرات الاحمدیہ جو کہ مسجد فضل کے ملحقہ نصرت ہال میں موجود تھیں ان کی طرف سے تین چھوٹی بچیوں نے انگلش ترانہ پیش کیا جس میں خلافتِ احمدیہ کی اطاعت کو موضوع بنایاگیا تھا۔
بعد ازاں جماعت مسجد فضل کے ایک طفل مکرم طاہر احمد صاحب نے حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ کا بچوں کے ساتھ شفقت اور پیار پر مشتمل واقعات پر مبنی مختصر تقریر کی۔
اس کے بعد خاکسار (صدر جماعت مسجد فضل لندن) نے برکاتِ خلافت کے موضوع پر اردو زبان میں تقریر کی جس میں خاکسار نے خلافت کے ذریعہ اسلام احمدیت کی عظیم الشان ترقیات کے بارہ میں بتایا۔
بعد ازاں مکرم امام صاحب نے اپنی تقریر جو کہ نہایت ہی فصیح و بلیغ اردو و انگریزی پر مشتمل تھی میں خلافت احمدیہ اور ہماری ذمہ داریاں کے موضوع پر احباب جماعت کو نصائح کیں۔ اس کے علاوہ امام صاحب نے والدین کی توجہ اس امر کی طرف دلائی کہ شروع ہی سے اگر والدین بچوں کا تعلق مسجد اور خلیفہ وقت سے قائم کریں گے تو یہ بچے بڑے ہو کر نظامِ جماعت سےمنسلک رہیں گے۔ اگر والدین گھر میں بیٹھے ہوں اور اپنی اولاد سے یہ توقع رکھیں گے کہ وہ مسجد میں جاکر نماز ادا کریں تو یہ ان کی خام خیالی ہے۔ والدین کو اپنا نمونہ پیش کرنا ہوگا۔ علاوہ ازیں یومِ خلافت کے حوالے سے محترم امام صاحب نے حاضرین مجلس کو ہمیشہ خلیفہ وقت کی اطاعت کی تلقین کی۔
پروگرام کے آخر پر مجلس سوال و جواب منعقدکی گئی جس کی میزبانی محترم ریجنل مشنری مسجد فضل ریجن نے کی۔ لجنہ اماء اللہ کی طرف سے بھجوائے گئے سوالات اور حاضرین مجلس کے سوالات کے جوابات محترم اما م صاحب نے نہایت احسن رنگ میں دیے۔
بعد ازاں ریجنل مشنری صاحب نے احباب جماعت کی خدمت میں مستقبل میں شروع ہونے والے تربیتی پروگرامز کے بارے میں والدین کو آگاہ کیا۔ اور والدین سے گزارش کی کہ محترم امام صاحب کی ہدایات کی روشنی میں اپنے بچوں کو جماعتی پروگرامز میں بھجوائیں تا کہ بچے بڑے ہوکر خادمینِ سلسلہ اور نافع وجود بن سکیں۔
اس دو گھنٹہ طویل نشست کا اختتام مکرم امام صاحب کی دعا سے ہوا۔ دعا کے بعد حاضرین مجلس کی خدمت میں چائے اور سموسے پیش کیے گئے۔ حاضرین کی کل تعداد 175رہی۔ آخر پر خاکسار ضیافت ٹیم خاص طور پر مکرم رانا ناصر احمد نائب صدر، مکرم مبشر احمد صاحب کارکن کچن ، مکرم ذہیب احمد صاحب اور مکرم نعیم اللہ ناصر صاحب کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہے جنہوں نے ریفریشمنٹ کا اہتمام کیا۔
(رپورٹ: رانا عرفان شہزاد۔ صدر جماعت مسجد فضل لندن)