از مرکزجلسہ سالانہ

عالمی بیعت کی با برکت تقریب

(ادارہ الفضل انٹرنیشنل)

اِمسال 109؍ممالک سے تقریباً160؍قوموں کے ایک لاکھ 76 ہزار 836 افراد احمدیت میں داخل ہوئے

حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے تین سال بعد احبابِ جماعت احمدیہ عالمگیر سے بیعت لی

(حدیقۃ المہدی، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل، 7؍ اگست 2022ء) آج جلسہ سالانہ برطانیہ کے ایک اہم انٹرنیشنل پروگرام ’عالمی بیعت‘ کا انعقاد تین سال کے بعد ہوا۔ جس کے لیے حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز ایک بج کر 13؍ منٹ پر مردانہ جلسہ گاہ میں تشریف لائے اور سٹیج کے سامنے بیعت کے لیے تیار کی گئی کشادہ جگہ پر تشریف فرما ہوئے۔

عالمگیر بیعت کا بابرکت سلسلہ الٰہی نوشتوں کی روشنی میں حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ نے1993ء میں شروع فرمایا تھا۔ اس خصوصی تقریب کے لیے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے حضرت مسیح موعودعلیہ الصلوٰۃ و السلام کا ایک بادامی رنگ کا کوٹ زیب تن کیا ہوا تھا۔

بیعت لینے سے پہلے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا کہ اِمسال اللہ تعالیٰ کے فضل سے ایک لاکھ 76 ہزار 836 افراد، 109؍ممالک سے تقریباً160؍قوموں کے لوگ احمدیت میں داخل ہوئے۔الحمدللہ۔کووڈ کی وجہ سے جو وبا پھیلی ہوئی ہے دنیا میں تبلیغی کام متاثر ہوئے ہیں لیکن اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس کے باوجود اس سال 51ہزار 615 زائد افراد نے بیعت کی ہے۔

اس کے بعد حضورِ انور بیعت کے الفاظ پڑھتے اور تمام حاضرینِ جلسہ یہاں پر اور دنیا بھر کے احمدی مواصلاتی رابطوں کے ذریعہ براہ راست اس بابرکت تقریب میں شامل ہوتے ہوئے اپنی اپنی مساجد، سنٹرز اور گھروں میں حضورِ انور کی اقتدا میں یہ الفاظ دہراتے رہے۔ پہلے حضورِ انورنے عربی عبارت کے بعد انگریزی میں عہدِ بیعت دہرایا۔ جبکہ دوسرے مرحلہ پر حضورِ انور نے عربی عبارت کے بعد اردو میں الفاظِ عہدِ بیعت دہرا کر حاضرین و ناظرین و سامعین سے بیعت لی۔

عہدِ بیعت

اَشْھَدُ اَنْ لَّا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ وَحْدَہٗ لَا شَرِیْکَ لَہٗ وَاَشْھَدُ اَنَّ مُحَمَّدًا عَبْدُہٗ وَرَسُوْلُہٗ

آج میں (مسرور) کے ہاتھ پر بیعت کر کے جماعت احمدیہ مسلمہ میں داخل ہوتا ہوں۔میرا پختہ اور کامل ایمان ہے کہ حضرت محمد رسول اللہﷺ خاتم النبیین ہیں۔میں حضرت مرزا غلام احمد قادیانی علیہ الصلوٰۃ والسلام کو وہی امام مہدی اور مسیح موعود تسلیم کرتا ہوں جس کی خوشخبری حضرت محمد رسول اللہﷺ نے عطا فرمائی تھی۔ میں وعدہ کرتا ہوں کہ مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی مقرر فرمودہ دس شرائط بیعت کا پابند رہنے کی کوشش کروں گا۔ دین کو دنیا پر مقدم رکھوں گا۔ خلافتِ احمدیہ کے ساتھ ہمیشہ وفا کا تعلق رکھوں گا۔ اور بحیثیت خلیفۃ المسیح آپ کی تمام معروف ہدایات پر عمل کرنے کی کوشش کروں گا۔

اَسْتَغْفِرُ اللّٰہَ رَبِّیْ مِنْ کُلِّ ذَنْبٍ وَّ اَتُوْبُ اِلَیْہِ

رَبِّ اِنِّیْ ظَلَمْتُ نَفْسِیْ وَاعْتَرَفْتُ بِذَنْبِیْ فَاغْفِرْلِیْ ذُنُوْبِیْ فَاِنَّہٗ لَا یَغْفِرُ الذُّنُوْبَ اِلَّا اَنْتَ

(اے میرے رب میں نے اپنی جان پر ظلم کیا اور میں اپنے گناہوں کا اقرار کرتا ہوں۔ تو میرے گناہ بخش کہ تیرے سوا کوئی بخشنے والا نہیں)

عالمگیر اخوّت کے اس بے نظیر مظاہرہ یعنی عالمی بیعت کی اس نہایت بابرکت تقریب میں اس بات کی یقین دہانی کی گئی کہ عالمی بیعت کے دوران جلسہ گاہ اور اس کے گرد و نواح میں موجود تمام افراد کا امام وقت امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ساتھ انسانی زنجیر کے ذریعہ جسمانی رابطہ بھی ہو جائے۔ چنانچہ بیعت کے دوران گویا پنڈال میں موجود تمام احمدی اپنے آقا و امام کی معیت میں کئی ہزار جانیں اور ایک وجود کا بے مثال منظر پیش کر تے ہوئے نبی اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی پیشگوئی کو پورا کرتے نظر آتے تھے کہ آنے والے زمانہ میں تم لوگ ان مسلمانوں سے مل جانا جو ایک ’جماعت‘ ہوں۔

عالمی بیعت کے بعد حضورِ انور نے اجتماعی دعا کروائی جس کے بعد یہ تقریب اپنے اختتام کو پہنچی۔ بعد ازاں حضورِ انور اسٹیج پر تشریف لے گئے جہاں سے نمازِ ظہر و عصر کے لیے اذان کہی گئی۔ بعد ازاں پیارے حضور نے نمازِ ظہر و عصر جمع کر کے پڑھائیں۔

اللہ تعالیٰ تمام احبابِ جماعت کو بیعت کی حقیقی روح کے مطابق حضرت خلیفۃ المسیح ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی سچی اطاعت کرنے کی توفیق عطا فرمائے کہ

؎ یہ بیعت نہیں ہے یہ سودا ہے دل کا

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button