سالانہ ورزشی مقابلہ جات 2022ء جامعۃ المبشرین گھانا
محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے امسال جامعۃ المبشرین گھانا کو مورخہ 19 تا 21؍جولائی 2022ء سالانہ ورزشی مقابلہ جات کروانے کی توفیق ملی۔ فالحمد للہ علیٰ ذالک
ان مقابلہ جات کا آغاز افتتاحی تقریب و دعا سے ہوا اور اس تقریب کی صدارت محترم مبشر حسین شاہد صاحب نائب پرنسپل جامعہ نے کی۔ تلاوت اور نظم کے بعد نگران شعبہ کھیل محترم معلم مجید علی صاحب نے طلباء کو بعض ہدایات دیں اور بعد ازاں نائب پرنسپل صاحب نے ورزش کرنے اور صحت مند رہنے کے ضمن میں ہمارے پیارے آقا حضرت محمدﷺ اور آپ کے غلام صادق حضرت مسیح موعود علیہ السلام کےاسوہ میں سے چند واقعات و ارشادات طلباء کے سامنے پیش کیے ۔ اس کے بعد طلباء نے جامعہ جن کو تعلیمی و ورزشی مقابلہ جات میں مسابقت کی روح پیدا کرنے کی غرض سے چار گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے اپنے اپنے گروپ نگران کے ساتھ روٹ مارچ کیا۔ ہر گروپ کے طلباء نے اپنے اپنے گروپ کی شرٹ پہن رکھی تھی۔ بعد ازاں صدر مجلس نے دعا کروائی اور سالانہ کھیلوں کا باقاعدہ آغاز ہوا۔
سالانہ کھیلوں کے تمام انتظامات و امور کی سر انجام دہی کے لیے شعبہ کھیل کی میٹنگز ہوئیں اور اس ضمن میں مختلف شعبہ جات بنائے گئے جن میں تیاری میدان، ڈسپلن وسیکیورٹی، طعام وریفریشمنٹ، سمعی بصری، صلوٰت و حاضری، تیاری سٹیج و ہال اور انعامات و فوٹو گرافی کے شعبہ جات شامل ہیں۔ ہر شعبہ کے نگران کے طور پر ایک استاد کو متعین کیا گیا اور سارے انتظامات کی نگرانی کے لیے خاکسار کو ناظم اعلیٰ مقرر کیا گیا۔
گروپس (امانت، دیانت، صداقت اور شجاعت) کے مابین ابتدائی مقابلہ جات ماہ مئی 2022ء میں کروائے جاچکے تھے اور سالانہ کھیلوں کے تین دنوں میں ان مقابلہ جات کے فائنل اور انفرادی مقابلہ جات کروائے گئے۔ اور ان مقابلہ جات کی دلکشی بڑھانے کے لیے اساتذہ اور جامعہ کے کارکنان کے بھی مقابلے کروائے گئے۔ سالانہ کھیلوں میں پہلا مقابلہ اساتذہ اور جامعہ کارکنان کے درمیان رسہ کشی کا ہوا جو کہ کئی سالوں کے بعد جامعہ کے اساتذہ نے دلچسپ مقابلے کے بعد جیت لیا۔ اس کے بعد طلباء کا 100 میٹر دوڑ کا مقابلہ ہوا۔ پھر صداقت اور امانت کے گروپس کے مابین رسہ کشی کا مقابلہ ہوا۔ اور پھر اونچی اور لمبی چھلانگ، مشاہدہ معائنہ، Sack Race اور باڑی کے مقابلے ہوئے۔ دوسرے دن 1500 میٹر دوڑ، والی بال(مابین اساتذہ و کارکنان)، گولہ پھینکنا، میرو ڈبہ، کلائی پکڑنا، پنجہ لگانا، ثابت قدمی اور والی بال(مابین صداقت و شجاعت گروپ) کے مقابلہ جات ہوئے۔ اور سالانہ کھیلوں کےتیسرے اور آخری دن میں ورکرز کی 100 میٹر دوڑ، میوزیکل چیئر مابین اساتذہ، تین ٹانگ دوڑ او ر ریلے دوڑ مابین طلباء کے مقابلے ہوئے۔ ان کے بعد Kick to score (جس میں فٹبال کو ایک فاصلے سے چھوٹے سے پولز میں پھینکنا ہوتا ہے) اور تھالی پھینکنا کے مقابلہ جات ہوئے۔ سالانہ کھیلوں کا آخری مقابلہ فٹبال کا سنسنی خیز میچ تھا جو کہ شجاعت اور صداقت گروپ کی ٹیموں کے مابین کھیلا گیا جو کہ شجاعت گروپ نے 2-0 سے جیت لیا۔
محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے سب مقابلہ جات اور انتظامات بہت اچھے رہے۔ اساتذہ، جامعہ کے طلباء اور کارکنان نے ان تمام کھیلوں اور انتظامات میں بھرپور حصہ لیا۔ موسم بھی اللہ کے فضل سے سازگار رہا۔
سالانہ کھیلوں کا باقاعدہ اختتام تقریب تقسیم انعامات و عشائیہ سے ہوا۔ اس تقریب کے مہمان خصوصی اکرافو کے چیف محترم جیابنگ ہشتم Gyabeng 8th تھے جو مع اپنے ساتھیوں کے اس پروگرام میں شرکت کے لیے تشریف لائے اور عشائیہ کے بعد نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلباء میں انہوں نےانعامات تقسیم کیے اور طلباء کو نصائح کیں۔
آخر پر مکرم پرنسپل صاحب جامعہ نے صدراتی ریمارکس میں اساتذہ، ورکرز اور طلباء کا شکریہ ادا کیا اور دعا کروائی۔
(رپورٹ: رانا بلال حمد۔ انچار ج سپورٹس کمیٹی، جامعۃ المبشرین گھانا)