عالمی خبریں

خبرنامہ

(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭…پاکستان میں مون سون کی شدت اور سیلاب کی وجوہات پر بھارتی ماہرِ موسمیات مہیش پلاوات نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنوبی سندھ اور بلوچستان میں جمود کے باعث موسلادھار بارش ہوئی۔ سندھ کے بنجر اور بلوچستان کے صحرائی علاقے میں مون سون کی یہ شدت نایاب موسمی عمل ہے۔ان کا کہنا ہے کہ ان علاقوں کا بنیادی ڈھانچہ اتنی شدید بارشوں کو سنبھالنے کے قابل نہیں جس کی وجہ سے بڑے پیمانے پر سیلاب آیا۔مستقبل میں موسمیاتی تبدیلی کے باعث ایسے واقعات کی تعداد اور شدت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔موسمیاتی تبدیلی کے باعث تین سے چار دن میں برسنے والی بارش اب آٹھ سے دس گھنٹوں اور بعض اوقات صرف دو گھنٹوں میں ہوتی ہے۔ کم وقت میں یہ زیادہ بارش بڑے پیمانے پر اچانک سیلاب کا باعث بنتی ہے۔

٭…فجی کے وزیراعظم فرینک بینیماراما کا کہنا ہے کہ ایک بات واضح ہونی چاہیے یہ تباہی پاکستانی لوگوں نے پاکستان کے ساتھ نہیں کی، اس کی ذمہ دار وہ اقوام ہیں جہاں سے زیادہ مقدار میں کاربن کا اخراج ہوتا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹویٹر پر فجی کے وزیراعظم زیادہ مقدار میں کاربن خارج کرنے والے ممالک پر برس پڑے۔ جب تک ہم ایندھن کا استعمال ترک نہیں کردیتے، دنیا کا ہر ملک ماحولیاتی تباہی کے دہانے پر رہے گا۔

٭…اقوام متحدہ کے ترجمان نے نیویارک سے اپنے بیان میں کہا کہ سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس اگلے ہفتے پاکستان کے موسمیاتی تباہی سے زیادہ متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔ سیکرٹری جنرل کی اسلام آباد آمد 9؍ستمبر اور نیویارک واپسی 11؍ ستمبر کو متوقع ہے۔ سیکرٹری جنرل کا کہنا ہے کہ آج پاکستان ہے تو کل یہ کسی اَور کا ملک ہوسکتا ہے ہمیں موسمیاتی تبدیلی کے ہاتھوں کرۂ ارض کی تباہی کی جانب نیند میں چلنا بند کرنا ہوگا۔اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم سے ملاقات کے دوران انتونیو گوٹیریس نے کہا کہ عالمی برادری سے خصوصی اپیل کریں گے کہ پاکستان کی مدد کی جائے۔

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ بارشوں سے آنے والے سیلاب سے پاکستان بھر کے 154 میں سے 116 اضلاع متاثر ہوئے جبکہ صحت کے کم از کم 888 مراکز کو نقصان پہنچا جن میں سے 180 مکمل طور پر تباہ ہوچکے ہیں۔سیلاب میں ایک ہزار سے زائد افراد جاں بحق اور 15 ہزار سے زائد زخمی ہوئے۔3 کروڑ 30 لاکھ سے زائد لوگ متاثر ہوچکے ہیں، ان میں سے 64 لاکھ افراد کو انسانی امداد کی اشد ضرورت ہے جن میں سیلاب سے بے گھر ہونے والے 4 لاکھ 21 ہزار افراد بھی شامل ہیں۔پاکستان میں ڈائیریا، ڈینگی بخار، ملیریا، پولیو اور کورونا جیسی بیماریوں میں مزید اضافہ ہو رہا ہے، یہ اضافہ خاص طور پر متاثرین کے کیمپوں اور ان علاقوں میں دیکھنے میں آرہا ہے جہاں پانی اور صفائی کی سہولیات کو نقصان پہنچا ہے۔

٭…بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی دیکھ کر دکھ ہوا۔ ہم جانی نقصان پر متاثرہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کرتے ہیں۔زخمیوں اور قدرتی آفت سے متاثرہ تمام لوگوں سے اظہار ہمدردی کرتے ہیں۔ وہ پاکستان میں سیلاب کے بعد معمولات کی جلد از جلد بحالی کےلیے پُر امید ہیں۔

٭…پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم نے صدر پاکستان عارف علوی کے نام پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان میں سیلاب سے ہزار سے زیادہ قیمتی جانوں کے نقصان پر شدید غمزدہ ہوں۔ پاکستان میں سیلاب سے ہونے والے المناک جانی نقصان اور تباہی سے بہت دکھ ہوا۔ میری ساری ہمدردیاں سیلاب متاثرین کے ساتھ ہیں۔ ملکہ الزبتھ نے مشکل حالات میں بحالی کی کوششوں میں مدد کرنے والوں کےلیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ سیلاب کے تباہ کن اثرات سے نکلنے کی کوششوں میں سلطنت برطانیہ پاکستان کےساتھ ہے۔

٭…کیتھولک عیسائیوں کے مذہبی پیشوا پوپ فرانسس نے عالمی برادری سے سیلاب زدہ پاکستان کے لیے امداد کی اپیل کردی۔ سیلاب کے بے شمار متاثرین، زخمیوں اور بےگھر افراد کےلیے ہم سب دعا کریں۔ عالمی برادری یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیلاب متاثرین کی امداد کرے۔

٭…فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کا ٹویٹر پیغام میں کہنا ہے کہ فرانس پاکستانی سیلاب متاثرین کو مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ تباہ کن سیلاب کا سامنا کرنے والے پاکستانی افراد سے بے حد ہمدردی ہے۔ ہماری ساری ہمدردیاں سیلاب سے لاپتہ افراد اور متاثرہ آبادیوں کے ساتھ ہیں۔

٭…متعدد ملکوں کی افواج مشترکہ فوجی مشقوں میں حصہ لینے کےلیے مشرقی روس پہنچ گئیں۔ ماسکو سے روسی وزارت دفاع کے مطابق مشترکہ فوجی مشقوں میں چین، بھارت، بیلاروس اور شام بھی حصہ لے رہے ہیں۔مشترکہ فوجی مشقیں یکم سے 7؍ستمبر تک جاری رہیں گی جس میں 50ہزار فوجی اہلکار، 140 طیارے اور 60بحری جہاز حصہ لے رہے ہیں۔

٭…طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا ہے کہ عالمی برادری افغانستان کے لیے ذمہ دارانہ پالیسی اپنائے۔ عالمی برادری کو افغانستان کی آزادی اور علاقائی سالمیت کا احترام کرنا چاہیے۔ افغان عوام کی رضا بین الاقوامی برادری کے لیے مقدم ہونی چاہیے، آزاد اسلامی نظام والا افغانستان عالمی برادری سے معمول کے تعلقات قائم کر سکتا ہے۔ آزاد قوم کی حیثیت سے بین الاقوامی برادری سے مثبت روابط رکھ سکتے ہیں۔

٭…عراق میں حکومت کے قیام سے متعلق کئی مہینوں سے سیاسی بحران جاری ہے، نئے وزیرِ اعظم کی تقرری پر تعطل کے بعد مقتدیٰ الصدر کے اراکین پارلیمنٹ مستعفی ہوگئے تھے۔ اس حوالے سے مقتدیٰ الصدر کا کہنا ہے کہ میں نے فیصلہ کیا تھا کہ سیاسی معاملات میں مداخلت نہیں کروں گا، اب میں اپنی مکمل ریٹائرمنٹ اور تمام الصدر اداروں کو بند کرنے کا اعلان کرتا ہوں۔واضح رہے کہ مقتدیٰ الصدر اور ان کے سیاسی اتحاد نے گذشتہ سال کے انتخابات میں اکثریت حاصل کی تھی۔

٭…عراق کے راہنما مقتدیٰ الصدر کی جانب سے سیاست چھوڑنے کے اعلان پر ہنگامہ آرائی کے نتیجے میں 12؍ افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہوگئے۔ مقتدیٰ الصدر کے حامیوں نے بغداد اور بصرے میں مظاہرے کیے۔الصدر کے حامیوں کے صدارتی محل میں داخل ہونے پر حکومتی سرگرمیاں معطل ہوگئیں۔ مشتعل مظاہرین نے وزارت دفاع کی عمارت پر دھاوا بولنے کی بھی کوشش کی جس پر سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے اموات ہوئیں۔

٭…عراق کے راہنما مقتدیٰ الصدر نے اپنے حامیوں کو احتجاج ختم کرکے سڑکوں سے واپس جانے کا کہہ دیا۔دو دن تک جاری رہنے والی پرتشدد جھڑپوں پر عوام سے معذرت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ عمل اب انقلابی نہیں رہا کیونکہ اس سے امن ختم ہوچکا ہے، عراقی خون بہانا حرام ہے۔ٹی وی پر جاری ہونے والے مقتدیٰ الصدر کے پیغام کے بعد سیکیورٹی فورسز نے ملک بھر میں کرفیو ختم کردیا۔

٭…ایران نے عراق میں بد امنی کے سبب عراق کے ساتھ اپنی سرحد بند کر دی، پروازیں بھی معطل کر دی گئی ہیں۔ رواں ہفتے بغداد میں مقتدیٰ الصدر کے حامیوں نے صدارتی محل پر حملہ کیا اور مخالفین سے جھڑپیں جاری رہیں جس میں 20؍افراد جاں بحق ہوگئے۔ ایران کے نائب وزیر داخلہ ماجد میر احمدی نے سرکاری ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عراق کے ساتھ سرحد بند کی جاچکی ہے۔ حفاظتی اقدامات کے پیش نظر، ایرانی شہریوں کے لیے لازمی ہے کہ وہ اگلے اعلان تک عراق کا سفر نہ کریں۔

یاد رہے کہ لاکھوں ایرانی شہری عراق کے شہر کربلا میں اربعین کے موقع پر جاتے ہیں۔ رواں برس اربعین (یعنی چالیسویں کی رسم) 16، 17؍ستمبر کو ہوگا۔

٭…طالبان نے بیس سالہ تباہ کن جنگ کے بعد افغانستان سے امریکی فوجیوں کے انخلا کی پہلی برسی منانے کے لیے بدھ کو قومی تعطیل کا اعلان کیا ہے اور اسی حوالے سے دارالحکومت کو رنگین روشنیوں سے سجایا گیا ہے۔ گذشتہ سال 31؍اگست کی نصف شب میں فوجیوں کے انخلا سے امریکہ کی طویل ترین جنگ کا خاتمہ ہوا۔

٭…افغانستان میں طالبان حکام روس سے پیٹرول اور بینزین کی خریداری کے معاہدے کرنے کے قریب ہیں۔افغان حکام کے مطابق افغان وزارت تجارت کا سرکاری وفد روسی دارالحکومت میں ہے، افغان وفد گندم، گیس اور تیل کی فراہمی کے معاہدوں کو حتمی شکل دے رہا ہے۔ توقع ہے روس سے معاہدوں کو جلد حتمی شکل دے دی جائے گی۔ روس اور افغانستان کے درمیان معاہدے کے متن پر کام کیا جارہا ہے، پیٹرول اور بینزین (کیمیکل) پر دونوں ممالک متفق ہوچکے ہیں۔

٭…آخری سوویت راہنما میخائل گورباچوف 91سال کی عمر میں طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔ ان کی موت کے اعلان کے بعد یورپی یونین کے متعدد راہنماؤں نے میخائل گورباچوف کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ وہ سات سال سے بھی کم عرصہ اقتدار میں رہے لیکن گورباچوف نے تبدیلیوں کا ایک سلسلہ شروع کیا تھا۔ مگر یہ تبدیلیاں بہت جلد ناکافی ثابت ہوئیں جس کے باعث آمرانہ سوویت یونین کا خاتمہ ہو گیا اور مغرب اور مشرق کے درمیان جوہری تصادم بھی اختتام کو پہنچا۔ اس کے ساتھ ساتھ مشرقی یورپی ممالک بھی روسی تسلط سے نکل گئے۔

٭…بھارت کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی راہنما اور ان کے شوہر کو بچہ اغوا کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔ وہ ایک بیٹی کے والدین ہیں جبکہ انہیں بیٹے کی خواہش تھی۔

مبینہ طور پر بچہ اغوا کرنے کے الزام میں مزید8؍افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق خانہ بدوش اہلِ خانہ کا 7؍ماہ کا بچہ 24؍اگست کی رات کو ریلوے اسٹیشن سے لاپتہ ہوا تھا۔ وائرل CCTV فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سنجے نامی بچہ رات کو اسٹیشن سے اغوا کیا گیا جب اس کے والدین سو رہے تھے جبکہ بچے فروخت کرنے والے گروہ کا ایک ممبر خاموشی سے بچہ اٹھا لے گیا تھا۔

٭…سعودی عرب کی عدالت نے مبینہ متنازع سوشل میڈیا پوسٹس پر نوراہ بنتِ سعید القہتانی نامی خاتون کو 45 برس قید کی سزا سنا دی۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے سعودی عرب کی سماجی روایات کے برخلاف پوسٹس کیں اور عوامی نظم و نسق کو نقصان پہنچایا۔ سوشل میڈیا پوسٹس میں کیا کہا گیا تھا۔اس ضمن میں صرف حکومتی موقف ہی موجود ہے۔واضح رہے کہ چند ہفتے قبل سلمیٰ الشہاب کو 35 برس قید کی سزا سنائی گئی تھی۔انہوں نے سعودی حکومت کے مخالف چند ٹویٹر اکاؤنٹس کی ٹویٹس کو ری ٹویٹ کیا تھا۔

٭…بھارتی ریاست اتر پردیش کے گاؤں دُولہے پور میں 26؍مسلمانوں کے خلاف گھر پر بغیر اجازت باجماعت نماز ادا کرنے پر پولیس نے مقدمہ درج کیا ہے۔جہاں یہ واقعہ پیش آیا وہاں کوئی مسجد نہیں ہے جس کی وجہ سے مسلمانوں کا ایک گروپ نماز پڑھنے کے لیے جمع ہوا۔ یہ ایف آئی آر پڑوسیوں کے اعتراضات کی بنیاد پر درج کی گئی اور یہ کہا گیا کہ نماز کے اجتماعات لوگوں میں نفرت پھیلا رہے تھے۔انڈین پینل کوڈ کی دفعہ 505-2 کے تحت کل 26؍افراد کو گرفتار کیا گیا، کیونکہ مسلمانوں کے اس گروپ پر یہ الزام عائد کیا گیا ہے کہ اُنہوں نے مذہبی اجتماع نفرت انگیز بیانات کے لیے منعقد کیا۔

٭…سری لنکا زرِ مبادلہ کے ذخائر میں کمی کے بعد کئی ماہ سے معاشی بحران کا شکار ہے۔پاکستان کے بعد سری لنکا اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان بھی اسٹاف لیول کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔ سری لنکا نے آئی ایم ایف سے 3؍ارب ڈالرز کا قرض مانگا ہے۔ آئی ایم ایف سری لنکا کو قرض دینے کے معاہدے کا اعلان جمعرات کو کرے گا۔

٭…جرمنی کو روسی کمپنی سے گیس سپلائی عارضی طور پر معطل ہوگئی، نارڈ اسٹریم گیس سپلائی مرمتی کام کے لیے روکی گئی ہے۔

جرمن ریگولیٹر کا کہنا ہے کہ جرمنی کے پاس گیس کا 85 فیصد ذخیرہ موجود ہے، گیس کی بچت کر رہے ہیں، ایل این جی کے ٹرمینلز بھی آ رہے ہیں۔ ملک میں بیلجیم،ہالینڈاور ناروے کی بدولت گیس ضروریات پوری ہو رہی ہیں۔روسی کمپنی کا کہنا ہے کہ گیس کمپریسر یونٹ پر آج سے کام شروع کیا جائے گا جو تین روز جاری رہے گا۔

٭…انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اتوار کو کھیلے جانے والے میچ میںپاکستان اور بھارت کی ٹیموں پر سلو اوور ریٹ پر 40 فیصد میچ فیس کا جرمانہ عائد کر دیا۔ الاٹ شدہ ٹائم میں دونوں ٹیمیں دو دو اوورز پیچھے رہیں۔ کھلاڑیوں کو ایک اوور کا میچ فیس کا 20فیصد جرمانہ عائد ہوا، دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے غلطی کے ساتھ جرمانے کو تسلیم کیا ہے۔ واضح رہے کہ ایشیا کپ میں کھیلے گئے ایونٹ کے دوسرے میچ میں بھارت نے پاکستان کو شکست سے دوچار کیا تھا۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button