نمازِجنازہ حاضر و غائب
مکرم منیر احمد جاوید صاحب پرائیویٹ سیکرٹری حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز تحریر کرتے ہیں کہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے 29؍نومبر2022ء بروز منگل 12بجے دوپہر اسلام آباد (ٹلفورڈ) میں اپنے دفتر سے باہر تشریف لاکر مکرم شاہد حسین مغل صاحب ابن مکرم دلاور حسین صاحب (لندن۔ یوکے) کی نماز جنازہ حاضر اور 08 مرحومین کی نماز جنازہ غائب پڑھائی۔
نماز جناز ہ حاضر
مکرم شاہد حسین مغل صاحب ابن مکرم دلاور حسین صاحب (لندن۔ یوکے)
22؍نومبر 2022ء کو67 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم دارالعلوم جنوبی ربوہ کے رہنے والے تھے اور گزشتہ کئی سال سے یوکے میں بیت الفتوح کے قریب رہائش پذیر تھے۔ آپ چونکہ بلڈر تھے اس لیے آپ کو بیت الفتوح، جامعہ احمدیہ اور جماعت یوکے کی مختلف مساجد میں تعمیر ی کاموں کا موقعہ ملتا رہا۔صوم و صلوٰۃ کے پابند، اعلیٰ اخلاق کے مالک، لوگوں کے ساتھ پیارومحبت سے ملنے والے، بہت نیک، دیندار اور مخلص انسان تھے۔خلافت کے ساتھ اخلاص ووفا کا گہر اتعلق تھا۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ تین بیٹے اور تین بیٹیاں شامل ہیں۔
نماز جناز ہ غائب
1۔مکرم محمد عاطف محمود صاحب (فیصل آباد)
4؍جون 2022ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ محلہ والے ان کی بہت مخالفت کرتے تھے اس کے باوجود آپ ہر مشکل وقت میں ان کے کام آتے تھے۔ مرحوم نمازوں کے پابند، تہجد گزار، بہت ہمدرد، خدمت خلق کے جذبہ سے سرشار ایک مخلص اور باوفا انسان تھے۔ آپ اللہ کے فضل سے موصی تھے۔
2۔ مکرمہ مریم بیگم کھوکی صاحبہ اہلیہ مکرم ہمایوں کبیر صاحب (معلم وقف جدید بنگلہ دیش)
18؍ستمبر 2022ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ مکرم فقیر یعقوب علی صاحب مرحوم کی بیٹی تھیں۔جو معلم سلسلہ اور جماعت کے دیرینہ خادم تھے۔آپ کے میاں بھی واقف زندگی تھے۔ مرحومہ نے خود بھی ایک واقف زندگی کی طرح زندگی بسر کی۔شوہر کے ساتھ مختلف جماعتوں میں تقرری کے دوران لجنہ کی تربیت اور تعلیم کے سلسلہ میں خدمت بجالاتی رہیں۔مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں دوبیٹے شامل ہیں۔آپ کے بیٹے مکرم شبیر احمد صاحب متقی مربی سلسلہ ہیں اور دوسرے بیٹے مبشر احمد صاحب خدام الاحمدیہ بنگلہ دیش کی نیشنل عاملہ میں خدمت کی تو فیق پارہے ہیں۔
3۔ مکرم محمد صالح صاحب (گوٹھ مہدی آباد۔ ناصرآباد سندھ)
7؍نومبر 2022ء کو 95سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ بہت شفیق، صاف دل، مہمان نواز، مخلص اور باوفا انسان تھے۔ آپ ہندو پاکستان کی تقسیم سے قبل ہی سندھ آگئے تھے جہاں کاشت کاری کا پیشہ اختیار کیااور پھر 1969-70ءمیں ناصر آباد میں کچھ ایکڑ زمین خرید کر وہاں مستقل آباد ہوگئے۔مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں چار بیٹے اور تین بیٹیاں شامل ہیں۔آپ کے ایک پوتے عزیزم محمد سفیر احمدجامعہ احمدیہ جرمنی میں زیر تعلیم ہیں۔
4۔ مکرمہ اکبری بیگم اقبال صاحبہ اہلیہ مکرم مرزا محمد اقبال صاحب مرحوم(ربوہ)
27؍جولائی 2022ء کو 82سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ کے خاندان میں احمدیت کا نفوذ آپ کے والد مکرم چودھری برکت علی صاحب کے ذریعہ سے ہوا۔ جنہوں نے حضرت خلیفۃ المسیح الثانی رضی اللہ عنہ کے ہاتھ پر بیعت کرکے احمدیت میں شمولیت اختیار کی تھی اور قیام پاکستان کے بعد حضورؓ کی اجازت سے فرقان بٹالین میں بھی شامل رہے۔ مرحومہ کے شوہر مرزا محمد اقبال صاحب نے سترہ سال کی عمر میں احمدیت قبول کی۔ اپنے گھر میں وہ اکیلے احمدی تھے لیکن انہوں نے اپنے خاندان کی مخالفت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور تادم آخر احمدیت پر ثابت قدم رہے۔ مرحومہ جماعتی کاموں کے ساتھ گھر میں احمدی بچے بچیوں کو قرآن کریم اور قاعدہ یسرنا القرآن بھی پڑھاتی رہیں۔مرحومہ عبادت گزار، صوم وصلوٰۃ کی پابند، دعا گو، ملنسار، غریب پرور، مہمان نواز، مخلص اور نیک فطرت خاتون تھیں۔ خلافت سے گہرا عقیدت کا تعلق تھا۔ واقفین زندگی کا بہت احترام کرتی تھیں۔ آپ کو شاعری کا بھی شوق تھا۔ جس میں خداتعالیٰ کی محبت اور حمدو ثنا کے علاوہ خلافت سے تعلق کااظہار ہوتا تھا۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں پانچ بیٹے اور تین بیٹیاں شامل ہیں۔ آپ کے داماد مکرم اسد اللہ غالب صاحب مربی سلسلہ ہیں۔ آپ کے دوبھانجے بھی مربی سلسلہ ہیں۔ جن میں سے مکرم ضیاء الرحمٰن طیب صاحب Gabonافریقہ میں بطو ر مشنری انچارج اور دوسرے بھانجے مکرم غلام مصباح بلوچ صاحب اس وقت کینیڈا میں خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔آپ کے ایک پوتے اور ایک نواسے جامعہ احمدیہ ربوہ میں زیر تعلیم ہیں۔
5۔ مکرم ڈاکٹر نسیم احمد خان صاحب (الثمر ہومیو کلینک طارق مارکیٹ اقصیٰ چوک ربوہ)
24؍اگست 2022ء کو 58سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ حضرت مولانا عبد القادر لدھیانوی صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے پڑپوتے اور مکر م چودھری محمد احسان الٰہی جنجوعہ صاحب ایڈووکیٹ(واقف زندگی) سابق امیرجماعت چنیوٹ کے داماد تھے۔ آپ نے پہلے شیخوپورہ میں اور پھر ربوہ میں ہومیوپیتھک کلینک کھولا۔ اللہ تعالیٰ نے آپ کے ہاتھ میں شفا رکھی تھی۔ اس وجہ سے دور ونزدیک سے کثرت سے مریض آپ کے پاس آتے تھے۔ آپ نے شیخوپورہ اور ربوہ میں مختلف جماعتی اور تنظیمی عہدوں پر خدمت کی توفیق پائی۔ ہومیوپیتھک میڈیکل ریسرچ ایسوسی ایشن کے ممبر بھی رہے۔ انجمن تاجران کے تحت اپنی مارکیٹ میں سیکرٹری اور امامت کا کام بھی بخوبی سرانجام دیتے رہے۔ صوم وصلوٰۃ کے پابند، تہجد گزار، مہمان نواز، بہت شفیق،خدمت خلق کے جذبہ سے سرشار ایک مخلص اورنیک انسان تھے۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ تین بیٹیاںشامل ہیں۔
6۔ مکرمہ امۃ الحمید ظفر صاحبہ اہلیہ مکرم ظفر اقبال قریشی صاحب مرحوم (سابق نائب امیر اسلام آباد)
گذشتہ دنوں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی حضرت خلیفہ نورالدین جمونی صاحب رضی اللہ عنہ کی پوتی تھیں۔ مرحومہ صوم وصلوٰۃ کی پابند، تہجد گزار، ضرورت مندوں کی مدد کرنے والی ایک نیک سیرت خاتون تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں چار بیٹیاں شامل ہیں۔
7۔ مکرم شیخ خورشید احمد صاحب (کینیڈا)
28؍اکتوبر 2022ء کو 75سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ حضرت برکت علی صاحب رضی اللہ عنہ صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے پڑپوتے تھے۔ مرحوم کچھ عرصہ اسیر راہ مولا بھی رہے۔ جرمنی اور کینیڈا میں لمبا عرصہ لنگرخانوں میں خدمت کی توفیق پائی۔ جامعہ احمدیہ کینیڈا میں بھی خدمت بجالاتے رہے۔ ہر قسم کی جماعتی خدمت کے لیے ہمیشہ پیش پیش رہتے۔ صوم وصلوٰۃ کے پابند بہت نیک اور مخلص انسان تھے۔ خلافت سے والہانہ محبت رکھتے تھے۔چندوں کی ادائیگی میں بہت باقاعدہ تھے۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹی اور دوبیٹے شامل ہیں۔آ پ کے ایک بیٹے مکرم شیخ احمد سلیمان صاحب (مربی سلسلہ) آجکل امریکہ میں خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔
8۔ مکرمہ ارشاد بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم محمد یعقوب کاہلوں صاحب مرحوم (ربوہ)
16؍نومبر 2022ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ صوم وصلوٰۃ اور تلاوت قرآن کریم کی پابند، نیک، مخلص اور باوفابزرگ خاتون تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ آپ مکرم ظفر احمد صاحب ظفر (مربی سلسلہ دفتر منصوبہ بندی کمیٹی ربوہ) کی خوش دامن اور مکرم فضل اللہ منیب صاحب (مربی سلسلہ کینیڈا) کی دادی تھیں۔
اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین