احمدیہ ہیڈکوارٹرز، فری ٹاؤن سیرالیون میں مسجد بیت الاحد کی تعمیرِ نوکا افتتاح
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۱۷؍مارچ ۲۰۲۳ء بروز جمعۃ المبارک مکرم موسیٰ میوا صاحب امیر جماعت احمدیہ سیرالیون نے دارالحکومت فری ٹاؤن کے علاقہ بروک فیلڈزمیں قائم احمدیہ ہیڈ کوارٹرز میں ایک نئی refurbished مسجد کا افتتاح کیا۔ مسجد کا نام حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے ازراہ شفقت ’’مسجد بیت الاحد‘‘ عطا فرمایا۔
ہیڈکوارٹرز میں اس جگہ ایک ہال تھا جو ۱۹۸۹ء میں صد سالہ جوبلی کے لیے بنایا گیا تھا اور بعد میں یہ ہال بطور مسجد استعمال ہونے لگا۔ ضرورت اس امر کی تھی کہ اس کی مسجد کی شکل میں تعمیر نو اور تزئین و آرائش کی جائے۔ چنانچہ مکرم امیر صاحب نے کنٹریکٹرز سے بات کی اور فیصلہ ہوا کہ ریکارڈ مدت میں اسے مکمل کیا جائے گا۔ کم و بیش پانچ مہینوں میں مسجد کے میناروں اور محراب کی تعمیر سمیت تزئین و آرائش کا کام مکمل ہوا۔ مسجد میں دیدہ زیب سفید ٹائل کے ساتھ سرخ رنگ کے قالین انتہائی خوبصورتی کا منظر پیش کر رہے ہیں۔
مورخہ ۱۷؍مارچ ۲۰۲۳ء مسجد کی افتتاحی تقریب کے لیے ملک کی اہم مذہبی، سیاسی اور سماجی شخصیات کو دعوت دی گئی۔ اور سب شخصیات کو دعوت نامے پہنچائے گئے۔ تقریب میں ڈپٹی منسٹر سوشل ویلفیئر، چیئرمین حج کمیٹی سیرالیون، جسٹس آف سپریم کورٹ، ایمبسیڈر برائے پاکستان و ایران اور سابق وائس چانسلر جالا یونیورسٹی شامل ہوئے۔ ملک کے سابق وائس پریذیڈنٹ بھی مدعو تھے لیکن بوجوہ تقریب میں شامل نہ ہوسکے ۔ وہ مورخہ ۱۹؍مارچ بروز اتوار ہیڈ کوارٹرز آئے اور مسجد کے افتتاح کی مبارک باد دی۔
تقریب کا اہتمام ہیڈکوارٹرز کے مرکزی ہال میں کیا گیا۔ تلاوتِ قرآن کریم اور قصیدہ کے بعد مختلف مقررین نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ مولانا سعید الرحمٰن صاحب نائب امیر اول و مبلغ انچارج نے مسجد کی تاریخ بیان کی۔ دیگر مقررین نے تعمیر و تزئین کے اس کام کو سراہا اور مکرم امیر صاحب کو مبارکباد پیش کی۔ مکرم امیر صاحب نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ یہ محض اللہ تعالیٰ کا فضل ہے کہ اس گھر کو تعمیر کرنے کی توفیق مل رہی ہے۔
دعا کے بعد امیر صاحب نے سارے مہمانوں کو مسجد جانے کی دعوت دی۔ وہاں پر مکرم امیر صاحب نے تختی کی نقاب کشائی کی اور فیتہ کاٹا جس کے بعد اجتماعی دعا ہوئی۔ چونکہ یہ جمعہ کا دن تھا اس لیے اس افتتاح کے ساتھ ہی احباب مسجد میں چلے گئے اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ سنا۔ مکرم امیر صاحب نے خطبہ جمعہ دیا اور نماز پڑھائی جس کے بعد لذیذ مقامی کھانے سے احمدی و غیر احمدی مہمانوں کی تواضع کی گئی۔
مسجد کی عمارت کا کل مسقف حصہ ۳۱۲ مربع میٹر ہے اور مسجد کے لیے ۲۰۸ مربع میٹر حصہ مختص ہے۔ مسجد کے کل احاطہ میں ساڑھے چار سو کے قریب نمازیوں کی گنجائش ہے۔ مسجد کی جنوبی جانب ایم ٹی اے افریقہ سیرالیون سٹوڈیوزکا دفتر بنایا گیا ہے جس کا افتتاح بھی جلد عمل میں آئے گا۔ ان شاء اللہ
(رپورٹ: سید سعید الحسن شاہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)