خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭… ۲۷؍مئی ۲۰۲۳ء کو خلافت احمدیہ کے ۱۱۵؍سال مکمل ہو گئے۔ الحمد للہ! اس موقع پر حسبِ دستور دنیا بھر میں قائم جماعت ہائے احمدیہ نے مقامی، ضلعی، ریجنل اور تنظیمی سطح پر جلسے منعقد کیے۔اس موقع پر علمائے کرام اور عہدیداران سمیت متعدد لوگوں نے تقاریر پیش کیں اور خلافت سے متعلق ترانے و نظمیں پیش کی گئیں۔ متعدد مقامات پر عہد خلافت بھی دہرایا گیا اور احمدیوں نے خلافت احمدیہ کے استحکام اور مضبوطی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔ امیر المومنین حضرت خلیفة المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ نے خطبہ جمعہ فرمودہ۲۶؍مئی میں خلافت احمدیہ کی تائید کی عکاسی کرنے والے بعض ایمان افروزواقعات بیان فرمائے۔(خلاصہ کے لیے سوموار ۲۹؍مئی کا شمارہ ملاحظہ ہو)
٭…رجب طیب اردوان مسلسل دوسری مرتبہ ترکی کے صدر منتخب ہوگئے۔ ترکی کی سپریم الیکشن کونسل کا کہنا ہے کہ صدر طیب اردوان کو ووٹوں کی گنتی کے دوران ۵۲.۰۹ فیصد ووٹوں کے ساتھ برتری حاصل ہے۔ خیال رہے کہ ۱۴؍مئی کو ہونے والے انتخابات کے دوران کسی بھی جماعت کو پچاس فیصد ووٹ حاصل نہیں ہوئے تھے جس کی وجہ سے ووٹنگ کا عمل دوبارہ کیا گیا۔طیب اردوان کی پیپلز الائنس نے ۴۹.۵۲ فیصد ووٹ حاصل کیے تھے۔ اتوار کو ہونے والی ووٹنگ کے نتائج کے تناظر میں رجب طیب اردوان کو ۵۳.۴ فیصد ووٹوں سے برتری حاصل ہے۔
٭…امریکی محکمہ خارجہ کی بین الاقوامی مذہبی آزادی کی رپورٹ برائے ۲۰۲۲ء کے مطابق شمالی کوریا میں دیگر مذاہب کے لوگوں کے ساتھ تقریباً ستّر ہزار عیسائی کتاب مقدس’بائبل‘ رکھنے پر قید ہیں۔محکمہ خارجہ کی ایک رپورٹ کے مطابق شمالی کوریا میں عیسائیوں کو ان کی مقدس کتاب رکھنا ممنوع ہے اور جو اس کے ساتھ پکڑا جاتا ہے اسے سزائے موت کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ ان کے اہل خانہ بشمول بچوں کو عمر قید کی سزا دی جاتی ہے۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ جیل بھیجے جانے والوں میں ایک دو سالہ بچہ بھی تھا، جس کے والدین کو ۲۰۰۹ء میں مبینہ طور پر مذہبی رسومات کی ادائیگی اور بائبل رکھنے کے جرم میں پکڑ کر سزائے موت جبکہ اہل خانہ کو عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔
٭…افغانستان کے شمالی صوبہ بغلان کے شہر پول خمری میں زور دار دھماکے سے ۱۶؍افراد زخمی ہوگئے، فوری طورپر کسی نے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔طالبان حکام نے دھماکے پر کوئی ردعمل نہیں دیا، نہ ہی کسی گروپ یا شخص نے اس کی ذمہ داری قبول کی۔
٭…متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے وزیراعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم نے اسرائیلی ہم منصب نیتن یاہو کو ماحولیاتی تبدیلی کے حوالے سے ہونے والی کانفرنس ’’کاپ 28‘‘ میں شرکت کےلیے دعوت نامہ بھیج دیا۔یہ دعوت نامہ یو اے ای کے اسرائیل میں تعینات سفیر محمود الخواجہ نے وزیراعظم نیتن یاہو کو پہنچایا۔کاپ 28 کانفرنس اس برس نومبر کے دوران دبئی میں منعقد ہوگی۔
٭…روس کے جوہری ہتھیاروں کو بیلاروس میں نصب کرنے کا باضابطہ طور پر معاہدہ طے پاگیا۔ معاہدہ ہونے کے کچھ ہی دیر بعد بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو نے کہا کہ روس نے تنصیبات کےلیے اپنے جوہری ہتھیار ہمارے یہاں بھیجنا شروع کر دیے ہیں۔ روس کے وزیر دفاع سرگئی شوئیگو نے بیلاروس کے دارالحکومت منسک میں معاہدے پر دستخط کی تقریب میں بات کرتے ہوئے کہا کہ روس اور بیلاروس کی مغربی سرحدوں پر بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں ملٹری نیوکلیئر دائرہ کار کے تحت جوابی اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پیوٹن کا کہنا تھا کہ یکم جولائی تک بیلاروس کے ہتھیاروں کے ذخیرے میں جوہری ہتھیار رکھنے کےلیے تعمیراتی کام مکمل ہوجائے گا۔
٭…جاپان کی حکومت نے کہا ہے کہ شمالی کوریا آنے والے کچھ ہفتوں میں سیٹلائٹ لانچ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ جاپانی کوسٹ گارڈ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ شمالی کوریا نے جاپان کو ۳۱؍مئی سے ۱۱؍ جون کے درمیان ایک سیٹلائٹ لانچ کرنے کے بارے میں آگاہ کیا ہے جو کہ ایک بیلسٹک میزائل ہوسکتا ہے۔ شمالی کوریا کے لانچ میں ایک بیلسٹک میزائل شامل ہوگا جبکہ پیانگ یانگ اسے ایک سیٹلائٹ قرار دیتا ہے۔دوسری جانب جاپانی وزیراعظم نے شمالی کوریا پر زور دیا ہے کہ وہ لانچنگ سے باز رہے بصورت دیگر وہ اپنے اتحادیوں امریکہ اور جنوبی کوریا کے ساتھ مل کر ایکشن لے گا۔
٭…اقوام متحدہ نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ دنیا کے ۴۳؍ممالک میں ایک ارب لوگوں میں ہیضہ پھیلنے کا خطرہ ہے اگر اس سے نمٹنے کے لیے بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو حالات مزید خراب ہوسکتے ہیں۔ اقوام متحدہ کے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) اور بچوں کے ادارے یونیسیف کا کہنا ہے کہ اس کے پاس ہیضے کی وبا سے لڑنے کے لیے اتنے وسائل نہیں ہیں، اس متعدی بیماری سے لڑنے کے لیے فوری طور پر چونسٹھ ملین ڈالرز درکار ہیں اور اس میں تاخیر سے ہیضے کی وبا تباہ کن صورت اختیار کر سکتی ہے۔رپورٹ کے مطابق رواں سال اب تک چوبیس ممالک میں ہیضے کی وبا پھیلنے کی اطلاع ملی ہے۔