گیمبیا کی جماعت مانساکونکو میں جلسہ یوم خلافت
محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے گیمبیا کے لوئر ریور ریجن کی ایک جماعت مانساکونکو کو ۴؍ جون ۲۰۲۳ء بروز اتوار جلسہ یوم خلافت کے انعقاد کی توفیق ملی۔الحمدللہ علیٰ ذٰلک
جلسہ سے ایک دن قبل ایک خلافت کوئز کا مقابلہ کروایا گیا جس میں کل تئیس خدام، اطفال اور ناصرات نے حصہ لیا۔ جلسہ والے دن یعنی اتوارکی صبح خدام اور اطفال کے آپس میں دلچسپ فٹ بال میچ کروائے گئے ۔
جلسہ یوم خلافت کی کارروائی سہ پہر پانچ بجے بعد نماز عصر تلاوت قرآن کریم و ترجمہ، حدیث اور عہد خلافت سے شروع ہوئی۔ اس کے بعد خاکسار (مربی سلسلہ) نے خلافت کی برکات کے موضوع پر تقریر کی۔ تقریر کے بعد پروگرام کے مطابق تمام حاضرین (جو لکھ سکتے ہیں)نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت میں دعائیہ خط لکھا۔ بعدازاں شاملین کو خلافت کی برکات اور افریقہ میں خلافت احمدیہ کی برکات کے عناوین پر دو ڈاکومنٹریز دکھائی گئیں۔
یوم خلافت کے حوالے سے ہی ایک مقابلہ صنعتی نمائش بھی کروایا گیا جس میں خدام، اطفال اور ناصرات کُل ۱۷؍ ماڈلز اور ڈرائنگز بناکر لائے۔
تقسیم انعامات کے بعد مکرم صدر صاحب نے اختتامی دعاکروائی اور یوں یہ بابرکت مجلس اپنے اختتام کوپہنچی۔دوران جلسہ احباب کی جوس سے تواضع کی گئی۔جلسہ کی کل حاضری ۵۳؍ رہی۔
(رپورٹ: مسعود احمدطاہر۔نمائندہ روزنامہ الفضل انٹرنیشنل)