افتتاح مسجد بیت الاحسان نیوکی، کانگو کنشاسا
محض اللہ تعالیٰ کے فضل اور رحم کے ساتھ کانگو کنشاسا کے صوبہ باندوندو کی جماعت نیوکی کو مورخہ ۲۸؍مئی ۲۰۲۳ء کو اپنی پہلی نئی تعمیر ہونے والے مسجد کے افتتاح کی توفیق ملی۔
مکرم خالد محمود شاہد صاحب نیشنل امیر و مشنری انچارج عوامی جمہوریہ کانگوکی زیر صدارت اس تقریب میں احمدیوں کی بڑی تعداد کے علاوہ علاقہ کے میئر، مقامی غیر مسلم مرد و خواتین، مقامی پادری صاحبان، غیر احمدی امام، سیاسی، سماجی اور دیگر مذہبی شخصیات شامل ہوئیں۔ تلاوت قرآن کریم مع فرنچ ترجمہ کے بعد قصیدہ پیش کیا گیا، جس کے بعد مکرم محمد بولیمے صاحب معلم سلسلہ نے جماعت کا تعارف اور مکرم احمد اوینی صاحب معلم سلسلہ نے نئی تعمیر ہونے والی مسجد کی رپورٹ پیش کی۔ اس کے بعد مکرم امیر صاحب نے مساجد کی اہمیت اور امن عامہ کے متعلق قرآن کریم اور جماعت احمدیہ کی تعلیمات کے حوالہ سے حاضرین سے خطاب کیا۔ حاضرین میں سے مختلف سماجی اور معزز شخصیات نے اپنے تاثرات میں عمومی طور پر اس بات کا اظہار کیا کہ جماعت احمدیہ کی امن اور بھائی چارہ پر مشتمل تعلیمات کو عام کرنے کی ضرورت ہے اور اکثر نے اس بات کا بھی اظہار کیا کہ اس تقریب میں شامل ہونے سے پہلے ہمارے دین اسلام کے بارہ میں منفی جذبات تھے جو اس تقریب کے ذریعے دور ہوچکے ہیں۔ بعدازاں اجتماعی دعا کے بعد مکرم امیر صاحب اور علاقہ کے میئر نے فیتہ کاٹ کر باقاعدہ مسجد کا افتتاح کیا۔
یہ مسجد جس کا نام بیت الاحسان ہے ،کو چار ماہ کے عرصے میں مکمل کیا گیا ہے اور اس کے مسقف حصہ میں دو صد افراد کے نماز پڑھنے کی گنجائش موجودہے۔مجموعی طور پر اس موقع پر ۲۸۳؍احمدی احباب کے علاوہ ۲۶۸؍مہمان شامل تھے اس لحاظ سے اس تقریب پر کل حاضری ۶۵۱؍تھی۔ تقریب کے اختتام پر تمام حاضرین کو طعام پیش کیا گیا۔اللہ تعالیٰ تمام ان احباب کو بہترین اجر دے جنہوں نے اس مسجد کی تعمیر میں مالی قربانیاں پیش کیں۔
(رپورٹ: شاهد محمود خان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)