سیرالیون کے فری ٹاؤن مشرقی و مغربی ریجنز کا ریفریشر کورس برائے موصیان کا کامیاب انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل سے سیرالیون میں شعبہ وصیت کے تحت فری ٹاؤن کے مشرقی و مغربی ریجنز کا مسجد بیت السبوح کسی ڈاکیارڈ فری ٹاؤن میں مورخہ ۱۷؍ جون ۲۰۲۳ء کو ریفریشر کورس کا انعقاد کیا گیا۔ اس پروگرام کے لیے تمام موصیان اور موصیات سے انفرادی طور پر رابطہ کیا گیاتھا۔
مولانا سعیدالرحمٰن صاحب نائب امیر اول و مبلغ انچارج سیرالیون کی زیرِ صدارت ریفریشر کورس کے پہلے اجلاس کا آغاز صبح گیارہ بجے تلاوت قرآن کریم اور دعا سے ہوا جس کے بعد آپ نے افتتاحی کلمات کہے اور اپنی تقریر میں نظام وصیت کی اہمیت کو واضح کیا اور بتایا کہ یہ الٰہی سکیم ہے۔ ابراہیم بنگورا صاحب نائب امیر رابع نے استقبالیہ کلمات میں سب مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور منتظمین کے ریفریشر کورس کا انعقاد کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ پہلے اجلاس میں چار لیکچر دیے گئے۔ دوسرے اجلاس کا آغاز نماز ظہر اور دوپہر کے کھانے کے بعد ڈاکٹر عبدالحمید گامانگا صاحب نائب امیر ثالث کی زیر صدارت ہوا۔ اس اجلاس میں دو موضوعات پر لیکچرز کا بندوبست کیا گیا۔ ریفریشر کورس میں لیکچرز کے علاوہ مجلس سوال و جواب کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔
نظام وصیت کے مختلف پہلووٴں پر روشنی ڈالنے والوں میں مادا ماوی مامو صاحب نیشنل سیکرٹری وصایا ،حافظ محمود احمد صاحب (مربی سلسلہ)، منیر حسین صاحب (مربی سلسلہ)، ذیشان محمود صاحب (مربی سلسلہ)، مولوی منیر ابوبکر یوسف صاحب اور خاکسار (مربی سلسلہ) شامل تھے۔
مقررین نے مختلف پہلووٴں پر لیکچرز دیے۔ ان موضوعات میں نظام وصیت کا پس منظر اور معنی ، موصیان کے لیے آمدن اور جائیداد ، وصیت کے لیے معیار اور اہلیت ، قواعد وصیت، وصیت کی منسوخی اور بحالی ،وصیت کے روحانی اور اخلاقی اثرات ، بہشتی مقبرہ میں تدفین اور یادگاری کتبہ شامل تھے۔
پروگرام کے آخر پر مکرم موسیٰ میوا صاحب امیر جماعت سیرالیون نے نہایت خوبصورت انداز میں نظام وصیت میں شمولیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ ہر احمدی کو اس بابرکت سکیم میں شامل ہونا چاہیے تاکہ اللہ کی خوشنودی حاصل کی جاسکے۔
تقاریر کے بعد سوالات کا موقع بھی دیا گیا تاکہ عہدیداران اور موصیان و موصیات زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھا سکیں اور پھر اپنی جماعتوں کو مزید فعال کر سکیں۔ پروگرام کے آغاز و اختتام پرتمام شرکا سے حضور انور کی خدمت میں دعائیہ خطوط لکھوائے گئے۔ دعا کے بعد گروپ فوٹو بھی بنائی گئی۔ نماز مغرب کے قریب یہ کامیاب ریجنل ریفریشر کورس اختتام پذیر ہوا۔ کل حاضری ۷۷؍ رہی۔
(رپورٹ: سید سعید الحسن شاہ۔ نمائندہ روزنامہ الفضل انٹرنیشنل)