جلسہ سالانہ کے دوسرے روز کی مختصر روداد
(از جلسہ گاہ،۲۹؍جولائی۲۰۲۳ء، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)جلسہ سالانہ کے دوسرے دن کا آغاز صبح تین بجے نماز تہجد سے ہوا جو مکرم میر انجم پرویز صاحب مربی سلسلہ عربی ڈیسک یوکے نے پڑھائی۔ چار بج کر بیس منٹ پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے جلسہ گاہ میں نمازِ فجر پڑھائی جس کی پہلی رکعت میں سورۃ البقرۃ کی ابتدائی آٹھ آیات اور دوسری رکعت میں سورۃ البقرۃ کی آیات نو تا سترہ کی تلاوت فرمائی۔ نماز فجر کے بعد مکرم وسیم احمد فضل صاحب استاذ جامعہ احمدیہ یو کے نے درس دیا۔
صبح آٹھ بجے کھانے کی مارکی میں ناشتہ کا انتظام کیا گیا تھا۔ ناشتہ میں مہمانانِ کرام اور ڈیوٹی کنندگان کو چنے، روٹی، سیریل، بٹر، جیم اور ڈبل روٹی پیش کی گئی۔ صبح سے ہی مہمانوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا۔موسم کی خرابی کے باعث ٹریک پر پرالی ڈالی گئی تا کہ مہمانوں کو چلنے میں آسانی ہو۔
جلسہ کی کارروائی کا آغاز صبح دس بجے ہوا۔ جلسہ سالانہ کے دوسرے اجلاس کی صدارت کے فرائض مکرم و محترم امیر صاحب بینن نے سر انجام دیے۔ کارروائی کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآن کریم اور ترجمہ کے ساتھ ہوا، جو مکرم راحیل احمد صاحب مربی سلسلہ نے پیش کیا۔ مکرم ندیم زاہد صاحب نے حضرت اقدس مسیح موعودؑ کا منظوم کلام پیش کیا۔ پہلی تقریر مکرم محمد ابراہیم اخلف صاحب سیکرٹری تبلیغ جماعت احمدیہ یوکے نے انگریزی زبان میں بعنوان’’حضرت مسیح موعودؑ کی تحریرات کی روشنی میں ضرورت امام ‘‘کی۔ اس کے بعد مکرم فہیم یونس قریشی صاحب نے اردو زبان میں بعنوان ’’ہستی باری تعالیٰ کے سائنسی دلائل‘‘ تقریر کی۔ان تقاریر کے بعد مکرم خالد محمود بٹ صاحب نے حضرت مسیح موعود ؑ کا منظوم کلام پیش کیا۔
اس کے بعد مکرم ڈاکٹر زاہد احمد خان صاحب صدر قضاء بورڈ یوکے نے انگریزی زبان میں تقریر کی جس کا عنوان’’خلافت ہی نظام کی ضامن ہے‘‘تھا۔ اس کے بعد مکرم صہیب احمد صاحب مربی سلسلہ نے نظم پیش کی۔ جلسہ سالانہ کے دوسرے روز صبح مستورات کا خصوصی اجلاس بھی منعقد ہوا جس میں مختلف موضوعات پر تقاریر اور نظمیں پیش کی جاتی رہیں۔ امسال بھی گذشتہ سال کی طرح اس اجلاس کی آڈیو دنیا بھر کے سامعین کے لیے یوٹیوب پر لائیو نشر کی گئی ہیں۔
سوا بارہ بجے کے قریب حضور انور لجنہ اماء اللہ کی مارکی میں رونق افروز ہوئے اور اس اجلاس کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ تلاوت،عربی قصیدہ اور نظم کے بعد تعلیمی میدان میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والی خواتین کے نام پڑھے گئے جس کے بعد حضور انور نے صحابیاتؓ کے اسوہ کی روشنی میں بصیرت افروز خطاب فرمایا۔لجنہ نے حضور ایدہ اللہ تعالیٰ کی موجودگی میں مختلف زبانوں میں گروپس کی صورت میں ترانے پیش کیے۔ خطاب کے بعد حضورِ انور نے مردانہ مارکی میں تشریف لاکر نمازِ ظہر و عصر پڑھائیں۔
نماز ظہر و عصر کے وقت احباب جماعت کی ایک بڑی تعداد نے مرکزی مارکی میں جگہ نہ ہونے کے باعث باہر نمازیں ادا کیں۔ نمازوں کی ادائیگی کے بعد کھانے کا انتظام کیا گیا، کھانے میں دال،اچار اور روٹی پلانٹ کی لذیذ روٹی سے مہمانوں کی تواضع کی گئی۔اسی اثنا میں مہمان بازار کے کھانوں اور لوازمات سے بھی محظوظ ہوتے رہے۔
جلسہ سالانہ کے تیسرے اجلاس سے قبل معززین کے پیغامات پیش کیے گئے۔ مکرم رفیق احمدحیات صاحب امیر جماعت احمدیہ یوکے کی صدارت میں یہ نشست ہوئی جس کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ اس نشست میں جلسہ اور جماعت کے حوالے سے معزز مہمانوں نے اپنے تاثرات کا اظہارکیا اور کچھ مہمانوں نے ویڈیو کی صورت میں بھی اپنے نیک جذبات کا اظہار کیا۔ساٹھ سے زیادہ ویڈیو پیغامات موصول ہوئےجن میں سے چند کو منتخب کیا گیا۔
جلسہ سالانہ کے تیسرے اجلاس کا آغاز حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی آمد سے ہوا۔ حضور انورایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز چار بج کر دس منٹ پر مردانہ پنڈال میں رونق افروز ہوئے۔ پیارے آقا کے جلسہ گاہ رونق افروز ہوتے ہی شاملین نے والہانہ انداز میں اپنے پیارے امام کا استقبال کیا اور مردانہ جلسہ گاہ نعروں کی آواز سے گونج اٹھا۔
اجلاس کی کارروائی کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ مکرم الحاج راشد خطاب صاحب نے سورۃ القصص کی آیات ۷۱ تا ۷۴ کی تلاوت کی اور اس کا اردو ترجمہ مکرم حافط اعجاز احمد طاہر صاحب مربی سلسلہ و استاذ جامعہ احمدیہ یو کے نے تفسیر صغیر سے پیش کیا۔ بعد ازاں مکرم عمر شریف صاحب نے حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کا منظوم کلام پیش کیا۔
اس کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے جلسہ سے خطاب فرمایا جس میں گذشتہ سال کے دوران جماعت پر ہونے والے افضال خدا وندی کا ایمان افروز تذکرہ تھا۔ خطاب کے بعد حضور انور جلسہ گاہ سے تشریف لے گئے۔
امسال مکرم سید احسان احمد صاحب مربی سلسلہ نے الفضل انٹرنیشنل کی نمائندگی میں ایم ٹی اے کو انٹرویو دیا،جس میں Live Pageکا تعارف کروایااور ناظرین کو الفضل کے ضمیمہ کے بارے میں بھی بتایا۔
شام کے کھانوں میں روایتی آلو گوشت چاول اور لنگر کی لذیذ روٹی مہمانوں کی خدمت میں پیش کی گئی۔ حضور انور نے مغرب اور عشاء کی نمازیں مردوں کی جلسہ گاہ میں پڑھائیں۔ اس طرح جلسہ سالانہ کا دوسرا دن اختتام کو پہنچا۔
کل جلسہ سالانہ کا تیسرا اور آخری دن ہے اور کل عالمی بیعت کا بھی انعقاد ہو گا۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ہر نیا اور پرانا احمدی بیعت کے تقاضوں کو پورا کرنے والا ہو۔ آمین