نمازِ جنازہ حاضر و غائب
مکرم منیر احمد جاوید صاحب پرائیویٹ سیکرٹری حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز تحریر کرتے ہیں کہ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ۲۲؍جولائی ۲۰۲۳ء بروز ہفتہ بارہ بجے بعد دوپہر اسلام آباد (ٹلفورڈ) میں اپنے دفتر سے باہر تشریف لاکر مکرم چودھری ظفر اقبال صاحب (جرمنی)کی نمازِ جنازہ حاضر اور سات مرحومین کی نمازِ جنازہ غائب پڑھائی۔
نماز جناز ہ حاضر
مکرم چودھری ظفر اقبال صاحب (جرمنی)
۱۰؍جولائی ۲۰۲۳ءکو ۷۳سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ لمبا عرصہ تک جرمنی میں مقیم رہے اور وہاں خدمت کی بھی توفیق پائی۔مرحوم صوم وصلوٰۃ کے پابند، دیندار، ہمدرد، خوش گفتار، چندوں میں باقاعدہ، خلافت کے ساتھ اخلاص و وفا کا تعلق رکھنے والےایک نیک انسان تھے۔مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ شامل ہیں۔آپ مکرم ابرار احمد بیگ صاحب ( واقف زندگی کارکن ایم ٹی اے پروڈکشن ٹیم ) کے خالو تھے۔
نماز جنازہ غائب
1۔مکرمہ منیرہ آفتاب سنوری صاحبہ اہلیہ مکرم علی حسن آفتاب سنوری صاحب (راولپنڈی)
یکم مئی ۲۰۲۳ء کو ۸۶سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ حضرت مولوی عبد اللہ سنوری صاحب رضی اللہ عنہ صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی بھتیجی تھیں۔مرحومہ کا بچپن قادیان میں گزرا۔پارٹیشن کے بعدراولپنڈی میں آباد ہوئیں۔ صوم وصلوٰۃ کی پابند، دعاگو،نیک اور مخلص خاتون تھیں۔ سب بچوں کی اچھی تربیت کی اور انہیں تعلیم دلوائی۔ خلافت کے ساتھ احترام اورعقیدت کا گہرا تعلق تھا اور بچوں کو بھی خلافت کے ساتھ وابستگی کی تلقین کرتی تھیں۔آپ نے راولپنڈی میں صدر حلقہ کے علاوہ لجنہ کے مختلف عہدوں پر خدمت کی توفیق پائی۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔پسماندگان میں چاربیٹے اور تین بیٹیاں شامل ہیں۔آپ مکرم لقمان احمد سنوری صاحب ( کارکن حفاظت مرکز اسلام آباد) کی والدہ تھیں۔
2۔مکرم ناصر احمد صاحب ( ابن مکرم چودھری خیر دین صاحب۔ربوہ )
۱۰؍مئی ۲۰۲۳ء کو ۶۵سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ نے ربوہ میں اپنے حلقہ کے سیکرٹری مال کے طورپر خدمت کی توفیق پائی۔ صوم وصلوٰۃ کے پابند ایک نیک اور مخلص انسان تھے۔مرحوم موصی تھے۔پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو بیٹے اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔
3۔مکرم ملک راشد احمد صاحب ( نواب شاہ۔سندھ)
یکم جنوری ۲۰۲۳ء کو ۶۵سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ حضرت مولوی مہر دین صاحب رضی اللہ عنہ صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے نواسے،مکرم ملک مبرور احمد صاحب ایڈووکیٹ شہید کے بڑے بھائی اور مکرم ملک مبارک احمد صاحب مرحوم اسیر راہ مولیٰ کے بیٹے تھے۔ آپ خود بھی چند دن اسیر رہے۔آپ نے مختلف جماعتی اور تنظیمی عہدوں پر خدمت کی توفیق پائی۔ مرحوم صوم وصلوٰۃ اور تلاوت قرآن کریم کے پابند، تہجد گزار، نرم مزاج،ملنسار، ہمدرد مخلص اور باوفا انسان تھے۔پسماندگان میں چار بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔
4۔مکرم چودھری نصیر احمد صاحب ابن مکرم چودھری حیات محمد صاحب( ربوہ )
۳۱؍مئی ۲۰۲۳ء کو ۷۱سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحو م صوم و صلوٰۃ کے پابند، خلافت کے فدائی ایک نیک اور مخلص انسان تھے۔ تبلیغ کا بہت شوق تھا۔۱۹۹۸ءسے امیر جماعت فیصل آباد کی راہنمائی میں اپنے چند دوستوں کے ساتھ کئی میل کا سفر کرکے سینکڑوں لوگوں تک پیغام حق پہنچایا۔پسماندگان میں دو بیٹے اور تین بیٹیاں شامل ہیں۔
5۔مکرمہ ممتاز بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم حمید احمد صاحب مرحوم ( محلہ دارالیمن غربی۔ حلقہ شکر ربوہ )
۱۴؍مئی ۲۰۲۳ء کو ۷۳سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ پنجگانہ نمازوں اور تلاوت قرآن کریم کی پابند، تہجد گزار، صابرہ و شاکرہ، مالی قربانی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے والی، اطاعت گزار مخلص اور باوفا خاتون تھیں۔خلافت کے ساتھ انتہائی محبت اور عقیدت کا تعلق تھا۔ ربوہ میں اپنے حلقہ کی لجنہ میں خدمت کی توفیق پائی۔ بہت سارے بچوں کو یسرنا القرآن اور قرآن کریم بھی پڑھاتی رہیں۔ پسماندگان میں چار بیٹے اور تین بیٹیاں شامل ہیں۔آپ کے ایک بیٹے مکرم حافظ عبد المجید طاہر صاحب …ہیں۔
6۔عزیزم طاہر رحمان ابن مکرم طارق وسیم صاحب ( محلہ باب الابواب شرقی، ربوہ )
۲۱؍مئی ۲۰۲۳ء کو ۱۸سال کی عمر میں ایک حادثے میں وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحو م حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی حضرت مولوی عبد القادر لدھیانوی صاحب رضی اللہ عنہ کے خاندان میں سے تھے۔آپ نے خدام الاحمدیہ کی طرف سے حلقہ کی سطح پر بطور منتظم امور طلبہ خدمت کی توفیق پائی۔ ہرکام میں لبیک کہنے والے صف اول کے خادم تھے۔ آپ خدمت گزار، نیک فرمانبردارا ور شریف النفس نوجوان تھے۔ مرحوم موصی تھے۔پسماندگان میں والدین کے علاوہ ایک بہن شامل ہیں۔آپ مکرم فرحت علی صاحب …کے بھانجے تھے۔
7۔ عزیزم عاشر احمدعاطف ابن مکرم ناصر احمدصاحب (محلہ باب الابواب شرقی،ربوہ)
۲۱؍مئی ۲۰۲۳ء کو۱۶سال کی عمر میں ایک حادثے میں وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔آپ وقف نو کی تحریک میں شامل تھے۔ مرحوم میٹرک کے طالب علم تھے۔آپ کو جماعتی کام کرنے کا بہت شوق تھا۔ہر جمعرات کو اپنے چچا کے ساتھ جا کر مسجد کی صفائی کیا کرتے تھے۔ ۲۰۱۹ء میں عزیز کے والد بچوں کی پڑھائی کے لیے ربوہ شفٹ ہوگئے۔مرحوم ربوہ آکر بھی جماعتی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے رہے۔محلہ میں اگر کسی کو کوئی بھی ضرورت ہوتی تو فوراً مدد کے لیے پہنچ جاتے تھے۔ آپ مرکزی سطح پر جماعتی پروگراموں میں بھی ڈیوٹیاں دیا کرتے تھے۔حلقہ میں نائب منتظم مال اور سائق کے عہدے پر کام کر رہے تھے۔بہت ذوق و شوق سےپنج وقتہ نماز ادا کیا کرتے تھے۔ مرحوم کی والدہ ربوہ میں اپنے حلقہ میں سیکرٹری اصلاح و ارشاد کے طور پر خدمات بجا لارہی ہیں۔ پسماندگان میں والدین کے علاوہ ایک بہن شامل ہیں۔
اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔
اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین