مجلس انصاراللہ کینیڈا کے ۳۶ویں سالانہ اجتماع کا کامیاب انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس انصاراللہ کینیڈا کواپنی ۲۹ویں مجلس شوریٰ اور ۳۶واں سالانہ اجتماع مورخہ ۱۸ تا ۲۰؍ اگست ۲۰۲۳ء کو منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمد للہ
مجلس شوریٰ کی کارروائی بروز جمعة المبارک، جبکہ اجتماع کے بقیہ پروگرامز بروز ہفتہ و اتوار ایوان طاہر سے متصل وسیع وعریض گراوٴنڈ میں مارکیاں لگا کر منعقد ہوئے۔
منعقدہ تعلیمی مقابلہ جات میں تلاوت، نظم خوانی اور حفظ القرآن کے مقابلہ جات شامل تھے۔ اسی طرح اردو، انگریزی، فرانسیسی اور عربی زبانوں میں تقریری مقابلہ جات کا انعقاد کیا گیا۔ جبکہ صف اول اور صف دوم کے انصار کے لیے اردو اور انگریزی تقریر کے مقابلہ جات منعقد ہوئے اور ورزشی مقابلہ جات بھی الگ الگ منعقد کرنے کا انتظام کیا گیا تھا۔ ان مقابلہ جات میں کرکٹ، والی بال، رسہ کشی، بیڈ منٹن اور ٹیبل ٹینس کی گیمز شامل تھیں۔
ان کے علاوہ انصار برادران میں ذہانت و پیغام رسانی کے مقابلہ جات بھی منعقد کیے گئے۔ مزید برآں انصاراللہ اور خدام الاحمدیہ کے مابین باسکٹ بال کا ایک نمائشی میچ بھی کروایا گیا۔
بروز ہفتہ انصار نیشنل سیکرٹری تربیت شاہد منصور صاحب کی زیرنگرانی ایک خصوصی ورکشاپ بعنوان ’’انصار بھائیوں کے بچوں کی بروقت شادی‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔
اسی طرح ’’دماغی و جسمانی صحت‘‘ کے موضوع پر بھی ایک سپیشل پروگرام کا انعقاد ہوا جو ڈاکٹر محمود ناصر صاحب اور ڈاکٹر علیم خان صاحب نے پیش کیا اور انصار کے مختلف سوالات کے جوابات دیے۔
ہفتہ ہی کے روز کھانے اور نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد صدر مجلس انصاراللہ کینیڈا عبدالحمید وڑائچ صاحب نے ’’فضائل قرآن پاک‘‘ کے موضع پر تقریر کی۔ جبکہ برطانیہ سے تشریف لانے والے مربی سلسلہ ظہیر احمد خان صاحب نے ’’برکات خلافت‘‘ کے موضوع پر متعدد ایمان افروز واقعات سے آراستہ تقریر کی۔
ہفتہ کے روز شام کے اجلاس میں سوال و جواب کی ایک خصوصی مجلس میں مکرم ملک لال خان صاحب نیشنل امیر کینیڈا اور ظہیر احمد خان صاحب مربی سلسلہ نے سوالات کے جوابات دیے۔ اگلے روز اتوار کو بھی اردو زبان نہ جاننے والے احباب کے لیے مکرم امیر صاحب کے ساتھ ایک خصوصی مجلس منعقد ہوئی۔
گذشتہ سال کی طرح امسال بھی مجلس انصاراللہ کینیڈا نے اللہ تعالیٰ کے فضل سے MAC سٹوڈیو جاری کیا جس میں اجتماع کی کارروائی براہ راست دکھانے کے علاوہ بعض دیگر ریکارڈ شدہ پروگراموں کی ریکارڈنگ بھی دکھائی جاتی رہی۔ یوں تقریباً اڑھائی ہزار ناظرین نے اجتماع کی جملہ کارروائی اپنے اپنے ڈیوائسز پر مشاہدہ کی۔ الحمدللہ
مذکورہ بالا اڑھائی ہزار ناظرین کے علاوہ امسال ۲۶۴۷؍ انصار برادران اجتماع میں بنفس نفیس شامل ہو کر اس کے روحانی ماحول سے مستفیض ہوئے۔ یوں کینیڈا بھر کے چودہ ریجنز کی ۱۱۰؍ مجالس کی سو فیصد نمائندگی ہوئی۔ جبکہ گذشتہ سال کی نسبت امسال حاضری میں ۴۳۲؍ انصار کا اضافہ ہوا۔مزید برآں ۲۰۱؍ مہمانان گرامی نے بھی اجتماع میں شرکت کی۔ مکرم امیر صاحب کینیڈا نے اجتماع کے اختتامی اجلاس میں اپنی تقریر میں انصار بھائیوں کو اپنی ذمہ داریاںکماحقہ ادا کرنے کی تلقین کی۔
امسال تعلیمی مقابلہ جات کے انعقاد کے لیے تین مارکیاں جبکہ کھانے کی بڑی مارکی کے علاوہ کئی مختلف چھوٹی بڑی مارکیاں نصب کی گئیں۔ اسی طرح کھانے پینے کی اشیا کے مختلف پرائیویٹ سٹالز بھی لگائے گئے۔
ورزشی مقابلہ جات احمدیہ پارک اور ایوان طاہر میں منعقد کیے گئے۔
اجتماع کے اختتامی اجلاس میں ناظم اعلیٰ اجتماع عطاء الرب صاحب نے رپورٹ پیش کی اور تمام رضاکاران و معاونین کا شکریہ ادا کیا۔ نیز خلافت احمدیہ کے لیے بھی خصوصی طور پر دعا کی طرف توجہ دلائی کہ اللہ تعالیٰ اسی طرح تا قیامت خلافت احمدیہ کے بابرکت سایہ کو ہمارے سروں پرسلامت رکھے۔ آمین ثم آمین
(رپورٹ: ناصر احمد وینس۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)