جلسہ سالانہ بیلجیم ۲۰۲۳ء۔ پہلا روز
محض خدا تعالیٰ کے فضل وکرم سے جماعت احمدیہ بیلجیم کو اپنا 29 واں جلسہ سالانہ مورخہ 15تا 17ستمبر2023ء لیون شہر میں منعقد کرنے کی توفیق مل رہی ہے۔الحمد للہ علیٰ ذلک ۔
جلسہ سالانہ کے انعقاد کےاغراض و مقاصد میں افراد جماعت کی تعلیم و تربیت، پاک تبدیلی اور تزکیہ نفس اور تبلیغ اسلام کی تدابیر سوچنا ہے۔ وہ جلسہ جس کی بنیاد سیدناحضرت اقدس مسیح موعودعلیہ السلام نے خدا تعالی سے خبر پاکر خالص تائید حق اور اعلائے کلمۃ اللہ پر رکھی اس جلسہ میں شاملین کے لیے آپ علیہ السلام نے بارگاہ الہی میں بہت دعائیں کیں۔
جلسہ سالانہ کے انعقادسے قبل مختلف امورکی رہنمائی اور دعا کی خاطر حضور انور کی خدمت میں خطوط لکھے گئے۔جن کے جواب میں حضورِانور ایدہ اللہ تعالیٰ نے ڈھیروں دعاؤں سے نوازا اور جلسہ کے انتظامی امورکے متعلق رہنمائی فرمائی۔چنانچہ امیر جماعت بیلجیم ڈاکٹر ادریس احمد صاحب کی جانب سے جلسہ سالانہ کے انتظامات کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جس میں مکرم افضال احمدتوقیر صاحب افسر جلسہ سالانہ، مکرم توصیف احمد صاحب افسر خدمت خلق اور خاکسار افسر جلسہ گاہ مقرر ہوئے۔ تینوں افسران نے اپنے ذیلی عہدیداران اور کارکنان کے ساتھ مل کر جلسہ سالانہ کے انتظامات مکمل کیے۔
ہال کی دستیابی کے بعد جلسہ سے ایک روز قبل 14ستمبر بروز جمعرات جلسہ سالانہ کی تیاری کے سلسلہ میں وقارعمل کیا گیا جس میں مارکیز اور خیمہ جات کی تنصیب، پنڈال کی سجاوٹ وآرائش، سیکیورٹی، لنگر خانہ و دیگر اہم ترین انتظامات کیے گئے۔ واضح رہے کہ حضورِانور ایدہ اللہ تعالیٰ کی خصوصی ہدایات کے تحت کووڈ ۱۹ کے حوالے سے تمام تر حفاظتی انتظامات کیے گئے۔ احباب کو ماسک کے استعمال اور فاصلہ رکھنے کی تاکید کی گئی۔
اس وقارِ عمل میں جلسہ کی روحانی برکات و فضائل کے حصول کے لیے وقت کی قربانی کرتے ہوئے جماعت احمدیہ کی تمام ذیل تنظیموں کے ممبران شامل ہوئے۔ ناظم صاحب تیاری جلسہ سالانہ نے بعض ٹیکنیکل امور کے متعلق ہدایات دیں اور کارکنان میں کام تقسیم کیا اور ہدایت کی کہ تمام کارکنان متعین کیے گئے عہدیداران کے ساتھ مل کر کام کریں۔
جلسہ سالانہ بیلجیم کا پہلا روز
جماعت احمدیہ بیلجیم کے 29واں جلسہ سالانہ کے پہلے روز یعنی 15ستمبر2023ء کی صبح سے روایتی دینی جوش و جذبے کے ساتھ معزز مہمانان کرام کی آمد کاسلسلہ شروع ہوگیا۔ شعبہ استقبال کے کارکنان نے جلسے پر آنے والے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔جلسہ سالانہ کی افتتاحی تقریب سے قبل مہمانوں نے دوپہر کا کھانا کھانے کے بعد نماز جمعہ میں شرکت کی۔
نمازجمعہ
نماز جمعہ مکرم احسان سکندر صاحب مشنری انچارج بیلجیم نے پڑھائی آپ نے خطبہ جمعہ میں احباب جماعت کو توجہ دلائی کہ حضرت مسیح موعود ؑ کے ارشادات کے مطابق یہ جلسے معمولی ہرگز نہیں ہیں۔ ہم یہاں دنیاوی کام چھوڑ کر ایک دینی مقصد کے لیے جمع ہوئے ہیں۔ یہ جلسہ اسی جلسے کا تسلسل ہے جس کا آغاز حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے تائیدالہی سے فرمایا تھا۔ آپ نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے بیان فرمودہ مقاصد جلسہ سالانہ پڑھ کر سنائے اور حضرت خلیفتہ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالی کا فرمودہ خطبہ جمعہ پڑھ کر سنایا جس میں آپ نے کارکنان کو جلسہ سالانہ کے حوالہ سے نصائح فرمائی تھیں۔
تقریب پرچم کشائی
جلسہ کے پہلے روز جماعتی روایات کے مطابق پرچم کشائی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ مکرم مشنر ی انچارج صاحب بیلجیم اور مکرم امیر صاحب جماعت بیلجیم نے بالترتیب لوائے احمدیت اور بیلجیم کا قومی پرچم لہرا کر دعا کے ساتھ اس بابر کت جلسہ کا افتتاح کیا۔ بعدازاں مجلس خدام الاحمدیہ کے مستعد خدام نے پرچم کی حفاظت کے لیے اپنی ڈیوٹی سنبھال لی۔
پرچم کشائی کے بعد جلسہ سالانہ کے افتتاحی اجلاس کی کارروائی کا باقاعدہ آغاز ہوا جس کی صدارت مکرم امیر صاحب نے کی۔ تلاوتِ قرآن کریم کی سعادت مکرم حافظ عطاء اللہ صاحب نے حاصل کی جبکہ مکرم سلطان احمد صاحب نے نظم پڑھنے کی توفیق پائی۔ جلسے کی افتتاحی تقریر مکرم امیر صاحب نے رحمۃ اللعالمین ﷺ کے موضوع پر کی جس میں آپ نے آنحضرت ﷺ کی درخشندہ و روشن اسوہ ٔ حسنہ کے متعلق تفصیل سے روشنی ڈالی۔ اجلاس کی دوسری تقریر مکرم عدیل الرحمٰن صاحب نے خدمت دین کی اہمیت پر کی جس میں انہوں نے احباب جماعت کو خدمت دین کے عظیم الشان ثمرات و فوائد کی طرف توجہ دلائی۔ اس کے بعد مکرم طارق حسین صاحب نے نظم پڑھنے کی سعادت حاصل کی۔ جلسہ سالانہ بیلجیم کے پہلے روز کی تیسری تقریر مکرم منوراحمد راجپوت بھٹی صاحب نے حضرت مسیح موعودؑ کے عشقِ رسول ﷺ کےمتعلق کی جس میں انہوں نے مہدی آخرالزماں، عاشقِ صادق محمد مصطفیٰ ﷺ کے اپنے آقا کے ساتھ بے مثال محبت و عقیدت کے حوالے سے چند واقعات بیان کیے۔
اللہ تعالی ہمیں جلسہ سالانہ کی برکات اور حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی دعاوں کا وارث بنائے ۔آمین
(رپورٹ: چوہدری طاہر احمد گِل۔ افسر جلسہ گاہ و نمائندہ الفضل انڑنیشنل)