خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭…اسرائیل اور فلسطین کے درمیان حالیہ کشیدگی کےحوالے سے ۱۰؍اکتوبر بروز منگل جماعت احمدیہ مسلمہ کے موقف پر مشتمل ایک بیان شائع کیا گیا جس میں کہا گیا کہ گذشتہ چند دنوں میں سینکڑوں اسرائیلی اور فلسطینی، جن میں خواتین، بچے اور بوڑھے شامل ہیں، بے جا تشدد اور خونریزی کے نتیجے میں ہلاک یا زخمی ہو چکے ہیں۔ معصوم شہریوں کا قتل یا انہیں نقصان پہنچانا پیغمبرِ اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کی صریح خلاف ورزی ہے۔مزید برآں اس بات پر زور دیا گیا کہ جنگ بندی ہونے تک جو کوئی بھی فوجی کارروائی ہو، اس میں اس امر کو یقینی بنانا چاہیے کہ معصوم شہریوں کو کوئی نقصان نہ پہنچے۔
علاوہ ازیں کہا گیا کہ خطے کے مسلمان ممالک کو امن قائم کرنے کی کوشش میں متحد ہونا چاہیے اور اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ ان بےگناہ فلسطینیوں کے حقوق کا تحفظ کیا جائےجن کا انتہا پسندوں سے کوئی تعلق نہیں ہے۔آخر پر کہا گیا کہ دائمی اور پائیدار امن کے حصول کے لیےانصاف اور مساوات کو قائم کرنا بہت ضروری ہے لہٰذا تمام بڑی طاقتوں کو عدل اور حقیقی انصاف کے اصولوں پر مبنی طویل المدت اور پائیدار امن کے قیام پر توجہ دینی چاہیے۔ جماعت احمدیہ کے مکمل موقف کے لیے ملاحظہ ہو الفضل انٹرنیشنل۱۳؍اکتوبر۲۰۲۳ء۔
٭…حماس کے حملوں میں اسرائیل میں ہلاکتوں کی تعداد ۱۳۰۰؍ تک پہنچ گئی ہے جبکہ غزہ پر اسرائیلی فضائی حملوں میں۱۴۰۰؍ سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
٭…رواں ہفتے کے اوائل میں قطر کی جانب سے غزہ میں یرغمال بنائی گئی خواتین اور بچوں کی رہائی کے لیے ثالثی کی کوشش کی گئی تھی جس کے بدلے اسرائیلی جیلوں میں قید۳۶؍ فلسطینی خواتین کو رہا کرنے کی تجویز پیش کی گئی تھی۔قطر نے تصدیق کی تھی کہ وہ ثالثی کی کوشش میں ہے لیکن روئٹرز کی جانب سے پوچھے جانے پر اسرائیل نے اس بات کی تردید کی تھی کہ کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے۔
٭… ترک ایوان صدر کے مطابق صدر رجب طیب اردوان نے اپنے اماراتی ہم منصب سے اسرائیل فلسطین تنازع پر بات کی۔ترک صدر نے کہا کہ عالمی برادری کے مثبت اقدامات کے ذریعے اسرائیل فلسطین کشیدگی کا خاتمہ ممکن ہوگا۔ ترکیہ، اسرائیل اور فلسطین تنازع میں ثالثی کی پیشکش بھی کرچکا ہے۔
٭…گذشتہ ہفتے حماس کے اسرائیل پر حملے کے بعد اسرائیلی دفاعی افواج (آئی ڈی ایف) کے چیف آف سٹاف نے پہلی بار میڈیا سے بات کی ہے۔لیفٹیننٹ جنرل ہرزی حلوی نے کہا کہ ’آئی ڈی ایف اپنے شہریوں کی سلامتی کی ذمہ دار ہے اور ہفتے کی صبح غزہ کی پٹی کے آس پاس کے علاقوں میں، ہم ایسا کرنے میں ناکام رہے۔‘لیفٹیننٹ جنرل ہرزی حلوی نے اپنے حالیہ بیان میں کہا ہے کہ ’ہم حماس کے حملوں سے سبق حاصل کریں گے، ہم اس کی تحقیقات کریں گے، لیکن فی الحال ہم حالتِ جنگ میں ہیں۔‘حلوی سے غزہ میں یرغمال بنائے گئے یرغمالیوں کے بارے میں بھی پوچھا گیا جن کی تعداد کم از کم۱۵۰؍ بتائی جاتی ہے تو انہوں نے جواب دیا کہ ’جنگ کی قیمت بہت زیادہ اور مشکل ہے۔ ہم قیدیوں کو گھر واپس لانے کے لیے سب کچھ کریں گے۔‘
٭…روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا ہے کہ اسرائیل فلسطین تنازع کے پھیلاؤ سے سنگین نتائج ہوسکتے ہیں۔ ماسکو میں انرجی ویک فورم سے خطاب کرتے ہوئے روسی صدر نے کہا کہ اسرائیل فلسطین کشیدگی میں شہریوں کے جانی نقصان کو کم کرنا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکہ نے اسرائیل میں خود مشکلات پیدا کی ہیں۔ امریکہ نے بحری بیڑہ بھیج کر خطے کی کشیدگی میں اضافہ کیا ہے۔ صدر پیوٹن نے کہا کہ روس فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کرتا ہے۔
٭… برطانوی دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ سفارت خانے اور قونصل خانے کے عملے کے اہل خانہ کو عارضی طور پراسرائیل سے نکال رہے ہیں۔سفارت خانہ اور قونصل خانہ کا عملہ مکمل ہے جو لوگوں کو قونصلر خدمات فراہم کرتا رہے گا۔
٭…روسی صدر ولادیمیر پیو ٹن نے جوہری طاقت سے چلنے والے کروز میزائل کے ’حتمی کامیاب تجربے‘ کا دعویٰ کیا ہے۔صدر کے ترجمان نے اخبار نیو یارک ٹائمز کی اس رپورٹ کو مسترد کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ بیوروزنک نامی ہتھیار کی آزمائش ہونے جا رہی ہے۔ اس کے بعد صدر نے یہ بیان دیا۔اس تجرباتی ہتھیار کا سب سے پہلے۲۰۱۸ء میں اعلان کیا گیا تھا۔ اسے یہ کہہ کر سراہا گیا تھا کہ اس کی ممکنہ طور پر لامحدود رینج ہے۔خیال ہے کہ یہ جوہری ری ایکٹر سے چلتا ہے اور جوہری جنگی ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
٭…بھارتی ریاست بہار میں ریل گاڑی پٹری سے اتر گئی جس کے نتیجے میں چار افراد ہلاک اورایک سو زخمی ہوگئے۔نارتھ ایسٹ ایکسپریس ٹرین دہلی میں آنند وہار ٹرمینس ریلوے اسٹیشن سے مسافروں کو لے کر ریاست آسام کے لیے روانہ ہوئی تھی جہاں ریاست بہار میں اسے حادثہ پیش آیا۔ٹرین بہار کے شہر بکسر میں رگھوناتھ پور ریلوے اسٹیشن کے قریب پٹری سے اتری تھی، اس مسافر ٹرین میں سینکڑوں افراد سوار تھے۔