مجلس خدام الاحمدیہ برکینافاسو کی مجلس شوریٰ اور صدر مجلس کا انتخاب
الحمدللہ مجلس خدام الاحمدیہ برکینافاسوکو مورخہ ۲۱؍ اکتوبر ۲۰۲۳ء کو احمدیہ سنٹرل مشن سومگاندے میں مجلس شوریٰ منعقد کرنے کی توفیق ملی ۔
شوریٰ کا پہلا اجلاس کونے داؤدا صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ برکینافاسو کی زیر صدارت سہ پہر چار بجے مسجد کے ہال میں شروع ہوا۔ اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور عہد سے ہوا۔ پہلے اجلاس میں سال ۲۰۲۳ء – ۲۰۲۴ء کے لائحہ عمل کو حتمی شکل دی گئی۔ اس اجلاس کا اختتام شام چھ بجے ہوا جس کے بعد نماز مغرب اور عشاء ادا کی گئیں اور شاملین کی خدمت میں شام کا کھانا پیش کیا گیا۔
شام آٹھ بجے دوسرا اور آخری اجلاس مکرم محمود ناصر ثاقب صاحب امیر و مشنری انچارج برکینا فاسو کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور عہد کے بعد حاضری ہوئی۔ اس اجلاس کا ایجنڈا بجٹ کو حتمی منظوری کے لیے تیار کرنا اور نئے صدر مجلس کا انتخاب تھا۔ اس سلسلہ میں صدر مجلس خدام الاحمدیہ برکینا فاسو نے انتخاب سے متعلق قواعد پیش کیےجس کے بعد صدر مجلس شوریٰ نے خدام الاحمدیہ کے قیام کے اغراض و مقاصد مختصراً پیش کرتے ہوئے خدام کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔ انتخاب کے بعد دعا کے ساتھ اس اجلاس کا اختتام ہوا۔
انتخاب کی کارروائی منظوری کے لیے حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت اقدس میں ارسال کی گئی جس پر حضور انور نے ازراہ شفقت مکرم عبدالرحمٰن پودا صاحب کی بطورصدر مجلس خدام الاحمدیہ برکینا فاسو منظوری عنایت فرمائی۔الحمد للہ
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ مجلس خدام الاحمدیہ برکینا فاسو کو خلافت احمدیہ کے سلطان نصیر بنائے۔ آمین