جماعت احمدیہ مالٹا کی طرف سے خدمت انسانیت کے پروگرام
اللہ تعالیٰ کے بے پایاں فضل واحسان سے دنیا کے دوسروں ممالک کی طرح جماعت احمدیہ مالٹا کو بھی خدمت انسانیت کی بھرپور توفیق مل رہی ہے۔ ماہ دسمبر ۲۰۲۳ء میں خدمت انسانیت کے خصوصی پروگرام ترتیب دیے جاتے ہیں اورمعاشرہ کے ایسے طبقات تک جو معاشی لحاظ سے کمزور ہوں رسائی کی جاتی ہے اور ان میں تحائف تقسیم کیے جاتے ہیں تاکہ وہ محرومی کا شکار نہ ہوں بلکہ وہ اپنی خوشی کے ایام کو بہتر رنگ میں منا سکیں۔ امسال مندرجہ ذیل پروگرام ترتیب دیے گئے:
٭…مورخہ ۱۰؍ دسمبر کو Mosta ریجن کے ممبرآف پارلیمنٹ سے ملاقات کی اور انہیں ضرورت مند افراد کے لیے ۵۰؍ کیک اور جماعت کی طرف سے شائع کردہ سال نو کے ۵۰؍ کیلنڈرز پیش کیے گئے۔
٭… مورخہ ۱۳؍ دسمبر کو ایک فلاحی تنظیم Happy Parentingکی صدر صاحبہ کو ۵۰؍ کیک اور ۵۰؍ جماعتی کیلنڈرز پیش کیے گئے تاکہ ضرورت مند خاندانوں میں تقسیم کیے جاسکیں۔
٭…مورخہ ۱۵؍ دسمبر کو منشیات سے چھٹکارا پانے کے حکومتی سینٹر Komunità Santa Marija – Sedqa اور مورخہ ۱۶؍ دسمبر کو Caritas Malta کے زیر انتظام منشیات سے نجات حاصل کرنے کے سینٹر کا دورہ کرنے کا موقع ملا۔ ان مواقع پر وہاں پر مقیم افراد کے لیے تحائف پیش کیے اور ان کے ساتھ تفصیلی گفتگو کا موقع ملا۔ ان دونوں اداروں کو ۱۲۵؍ تحائف (Gift Hampers) دیےگئے۔
اس موقع پر rehab programmeمیں شامل ان افراد سے ان کے حالات و واقعات سننے اور اسلامی تعلیمات کی روشنی میں ان کی راہنمائی کرنے کی بھی سعادت ملی۔ نشے اور منشیات کی لت سے نجات کے حصول کے لیے قرآن و حدیث کی روشنی میں خاکسار نے انہیں چند ایک بنیادی باتوں کی طرف توجہ دلائی۔
٭…مورخہ ۲۳؍ دسمبر کو ایک اولڈ ہاؤس St Vincent De Paul کا دورہ کیا اور وہاں پر مقیم ایسے بزرگ افراد سے ملاقات کی جنہیں بہت کم یا کوئی بھی ملنے نہیں آتا اور وہ اکیلے وہاں زندگی کے آخری دن گزار رہے ہیں۔ اس اولڈ ہاؤس میں ایسی تنہائی کی زندگی گزارنے والے ۱۰۰؍ افراد سے ملاقات کی، ان کی خیریت دریافت کی، ان کی صحت کے لیے دعا کی اوران میں ۱۰۰؍ تحائف (Gift Hampers) تقسیم کیے۔
مندرجہ بالا پانچ فلاحی پروگراموں میں کُل ۳۵۰؍ تحائف اور ۱۰۰؍ جماعتی کیلنڈرز تقسیم کیے گئے۔
ان پروگراموں کو مقامی میڈیا اور سوشل میڈیا پر کافی کوریج ملی جس میں انگریزی، مالٹی اور ترکی زبان میں خبریں شائع ہوئیں۔ اسی طرح جماعتی ویب سائٹ اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر بھی ان فلاحی کاموں کی تفصیلات پوسٹ کی گئیں۔ اللہ تعالیٰ کے بے پایاں فضل وکرم سے خدمت انسانیت کے یہ پروگرام جماعت احمدیہ کے وسیع تعارف کا باعث بنے اور مختلف ذرائع سے ہزاروں لوگوں تک یہ خبریں پہنچیں۔ فالحمدللہ علیٰ ذلک
(رپورٹ: لئیق احمد عاطف۔ مبلغ سلسلہ و صدر جماعت مالٹا)