سپورٹس بلیٹن
کرکٹ:آسٹریلیا نےپاکستان کوتیسرے ٹیسٹ میچ میں آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر سیریزتین صفر کی برتری سے جیت لی۔ سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کرپہلےبیٹنگ کرنے کافیصلہ کیااوراپنی پہلی اننگز میں۳۱۳؍رنز بنانےمیں کامیاب ہوا۔ محمدرضوان نے۸۸؍اورعامرجمال نے۸۲ا؍ہم رنزکی اننگزکھیلی۔جواب میں آسٹریلوی ٹیم ۲۹۹؍رنز بنا کرآؤٹ ہوئی۔ عامرجمال نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چھ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔پاکستان کی بیٹنگ اپنی دوسری باری میں بری طرح ناکام ہوئی اورمحض ۱۱۵؍رنزبناکرپوری ٹیم پویلین واپس لوٹ گئی۔ ۱۳۰؍رنزکاہدف آسٹریلیا نے بآسانی دو وکٹوں کےنقصان پر پورا کر لیا۔اپنے کیریئرکا آخری ٹیسٹ میچ کھیلنےوالے ڈیوڈوارنر(David Warner)نے۵۷؍ رنز بنائے۔ آسٹریلیا کے پیٹ کمنز ۱۹؍ وکٹوں کے ساتھ سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے جبکہ پاکستان کے عامر جمال کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈدیا گیا۔ٹیسٹ کرکٹ کو الوداع کہنےوالےآسٹریلیا کے مایہ ناز بلے باز ڈیوڈ وارنر۱۱۲؍ٹیسٹ میچز کی ۲۰۵؍اننگز میں ۸۷۸۶؍رنز بنانے میں کامیاب رہے جس میں ۲۶؍سینچریاں اور۳۷؍نصف سینچریاں شامل ہیں۔
بھارت اورجنوبی افریقہ کے مابین دوٹیسٹ میچزکی سیریزکے دوسرے میچ میں کیپ ٹاؤن کے میدان پر بھارت نے جنوبی افریقہ کو سات وکٹوں سے شکست دے کرسیریزایک ایک سے برابرکردی۔ٹیسٹ کرکٹ کی ۱۴۶؍سالہ تاریخ میں اوورزکے لحاظ سے یہ مختصر ترین میچ ثابت ہوا جو کہ صرف ڈیڑھ دن میں اختتام پذیرہوا۔ٹاس جیت کرجنوبی افریقہ نے پہلے بلےبازی کرنے کا فیصلہ کیا لیکن میچ کے پہلے ہی سیشن میں جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم صرف ۵۵؍رنزبناکرآؤٹ ہوگئی۔بھارت کی جانب سے محمدسراج نے ۱۵؍رنزکے عوض ۶؍کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا۔ جواب میں بھارتی ٹیم نے ۱۵۳؍رنزبنائے۔بھارت کی چھ وکٹیں ۱۵۳؍کے سکورپر گریں۔ جنوبی افریقہ نے دوسری اننگز میں ایڈن مارکرم (Aiden Markram)کی شاندارسینچری کی بدولت ۱۷۶؍رنز بنائے تاہم دیگر بلے بازایک مرتبہ پھرجم کرنہ کھیل سکے۔بھارت کی جانب سے جسپریت بمراہ(Jasprit Bumrah)نے چھ وکٹیں حاصل کیں۔ بھارت نے ۷۹؍ رنزکا ہدف صرف ۱۲؍ اوورز میں تین وکٹیں کھوکرحاصل کرلیا۔محمدسراج کو میچ کا بہترین کھلاڑی قراردیا گیا۔اس میچ میں جنوبی افریقہ کی قیادت کرنےوالے ڈین ایلگر(Dean Elgar)نےاپنے ٹیسٹ کیریئرکاآخری میچ کھیلا۔انہوں نےمجموعی طور پر ۸۶؍ٹیسٹ میچز میں اپنے ملک کی نمائندگی کی اور ۵۳۴۷رنزبنانے میں کامیاب رہے۔
ٹینس: ۳۱؍ دسمبرتا۷؍ جنوری آسٹریلیا کے شہربرسبین میں منعقدہ انٹرنیشنل ٹینس ٹورنامنٹ بلغاریہ کےگریگور دیمتروف(Grigor Dimitrov) نے جیت لیا۔ فائنل مقابلہ میں Dimitrovنے ٹاپ سیڈ کھلاڑی ڈنمارک کے ہولگر رونے (Holger Rune) کو۷۔۶اور۶۔۴کے سکورسے شکست دی۔سابق عالمی نمبرایک مشہورہسپانوی کھلاڑی رافائل نادال(Rafael Nadal)کو ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل میں نہ صرف شکست کا سامناکرناپڑابلکہ زخمی ہونے کی وجہ سے وہ آسٹریلین اوپن سے بھی باہرہوگئے۔
برسبین انٹرنیشنل کے خواتین کے سنگلز مقابلوں میں قازقستان کی Elena Rybakina فاتح رہیں۔فائنل میں انہوں نے بیلاروس کی Aryna Sabalenkaکو ۶۔صفراور۶۔۳کے اسکورسے ہرایا۔دوسری طرف نیوزی لینڈ میں ہونے والے آکلینڈ کلاسک ٹینس ٹورنامنٹ کے ویمنزایونٹ میں امریکہ کی Coco Gauffنے یوکرائن کی Elina Svitolinaکوہراکراپنے اعزازکا کامیابی سے دفاع کیا۔
فٹ بال:۳۴ واں افریقہ کپ آف نیشنز۱۳؍جنوری تا۱۱؍فروری۲۰۲۴ء آئیوری کوسٹ میں کھیلا جائے گا جس میں ۲۴ا؍فریقی ممالک کی فٹ بال ٹیمیں حصہ لیں گی۔۲۰۲۱ءمیں کیمرون میں ہونے والے افریقہ کپ کا ٹائٹل سینیگال نے جیتا تھا جبکہ مصر (Egypt)کی ٹیم رنراَپ رہی تھی۔۱۹۵۷ءسے شروع ہونے والے اس ٹورنامنٹ میں مصرسب سے زیادہ سات بارچیمپئن بن چکی ہے۔اس مرتبہ مراکش کی ٹیم ٹائٹل جیتنے کے لیے فیورٹ قراردی جارہی ہے۔اس کے علاوہ دفاعی چیمپئن سینیگال، مصر، نائیجریا اور آئیوری کوسٹ کی ٹیمیں بھی فاتح بننے کی مضبوط امیدوار ہیں۔
(رپورٹ: ۔ن م طاہر)