مجلس انصاراللہ ناروے کے زیر انتظام نئے انصار کے لیے اعزازی عشائیہ
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس انصاراللہ ناروے کو حسب روایت امسال بھی مجلس انصاراللہ میں شامل ہونے والے نئے انصار کے اعزاز میں مورخہ ۶؍جنوری ۲۰۲۴ء کو ایک عشائیہ کا اہتمام کرنے کی توفیق ملی جس میں مجلس انصاراللہ میں نئے شامل ہونے والے انصار کے علاوہ صف دوم سے صف اوّل میں شامل ہونے والے انصار کو بھی دعوت دی گئی۔ علاوہ ازیں نیشنل مجلس عاملہ، زعماء مجالس، سابقہ صدران مجلس انصاراللہ ناروے اور ایک مربی سلسلہ بھی شامل ہوئے۔
تلاوت قرآن کریم اور عہد کے بعد مکرم احمد رضوان صادق صاحب صدر مجلس انصاراللہ نےمجلس کا مختصر تعارف پیش کیا اور انصار بھائیوں کو امسال اپنی تربیت کے لیے ’’لِمَ تَقُوۡلُوۡنَ مَالَا تَفۡعَلُوۡنَ‘‘ کے بنیادی قرآنی حکم پر عمل کر کے اپنی روحانی ترقی میں بڑھنے کی تحریک کی۔ پھر صدر صاحب نے نئی مجلس عاملہ کا تعارف کروایا اور مجلس انصاراللہ میں شامل ہونے والے ۱۸؍ نئے انصار اور صف دوم سے صف اوّل میں شامل ہونے والے ۸؍ انصار کے نام پڑھ کر سنائے اور مجلس میں خوش آ مدید کہا۔
پروگرام کے آخر میں چودھری شاہد محمود کاہلوں صاحب مربی سلسلہ نے صدر مجلس اور پروگرام میں شامل سابقہ صدران کا بھی شکریہ ادا کیا جن کے ساتھ انہیں اپنے ناروے میں قیام کے دوران کام کرنے کا موقع ملا اور پھر دعا کروائی۔ پروگرام کے مطابق تمام حاضرین کی خدمت میں عشائیہ پیش کیا گیا جس کے بعد یہ تقریب اختتام پذیر ہوئی۔
(رپورٹ: رانامبشر محمود۔قائد عمومی مجلس انصاراللہ ناروے)