مجلس انصار اللہ فن لینڈ کی مرکزی ویب سائٹ کا اجرا
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس انصاراللہ فن لینڈ کو اپنی مرکزی ویب سائٹ کے اجرا کی توفیق ملی ہے۔ فن لینڈمیں مجلس انصاراللہ کا قیام ۲۰۱۲ء میں ہوا۔وقت کے ساتھ ساتھ ایک ویب سائٹ کی ضرورت محسوس ہونے لگی تاکہ تمام انصار کو ایک ذریعہ کے ساتھ جوڑا جا سکے نیز اس کے ذریعہ جماعت کی تربیت و تبلیغ و اشاعت کا کام بھی لیا جا سکے۔
گذشتہ قائد اشاعت احمد فاروق قریشی صاحب نے حضو ر انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے اس ویب سا ئٹ کی منظوری کی درخواست کی جو حضور انور نے ازراہ شفقت عنایت فرمائی۔ بعد ازاں اس ویب سائٹ پراجیکٹ کو شروع کرنے کی سعادت خاکسار (قائد اشاعت) اور فہیم احمدصاحب (قائد عمومی) کے حصہ میں آئی۔
تمام مراحل طے کرتے ہوئے یہ پراجیکٹ تکمیل تک پہنچا اور پھر مورخہ ۲؍فروری ۲۰۲۴ء بروز جمعۃ المبارک حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی منظوری اور پُر شفقت دعاؤں سے یہ ویب سائٹ لانچ کر دی گئی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک
خاکسار کوبصد احترام اس ویب سائٹ https://ansar.fiکی تفصیلی رپورٹ بذریعہ صدر صاحب مجلس انصاراللہ حضور انور کی خدمت میں ارسال کرنے کی توفیق ملی جس کے جواب میں حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی منظوری و خوشنودی کا خط صدر صاحب کو موصول ہوا۔
حضور انور نے اپنے خط میں فرمایا :’’آپ کا خط ملا جس کے ساتھ آپ نے مجلس انصار اللہ فن لینڈکے لئے تیار کی گئی ویب سا ئٹ کا نمونہ بھجوایا ہے۔ ماشاءاللہ یہ ایک اچھی کوشش ہے۔ اسےشروع کرنا چاہتے ہیں تو کر لیں۔ اجازت ہے۔ اللہ تعالیٰ آپ کو اسےبہترین رنگ میں چلانے اور فن لینڈ کےتمام انصار کو اس سے بھر پور فائدہ اٹھانے کی توفیق عطا فرمائے اور اللہ تعالیٰ کرے کہ اس ویب سا ئٹ کے ذریعہ آپ کو احمدیت کا پیغام اپنے علاقہ میں پہنچانے اور اپنی تربیت کرنے کی بھی توفیق ملے۔ آمین‘‘
(رپورٹ: طاہر احمد۔ قائد اشاعت مجلس انصار اللہ فن لینڈ)