شعبہ ایثار مجلس انصار اللہ کینیڈا کے زیر اہتمام بیلیز میں پینے کے صاف پانی کا منصوبہ
بیلیز، وسطی امریکہ کے شمال مشرقی ساحل کے ساتھ واقع قدرتی خوبصورتی، متنوع ثقافت اور ماحولیاتی اہمیت کا حامل ایک ملک ہے۔ اس کی دلکشی کے باوجود آلودگی، ناکافی انفراسٹرکچر اور موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سےیہاں بالخصوص دیہی علاقوں میں پینے کے صاف پانی تک رسائی میں کافی مشکلات کا سامنا ہے۔ اس مشکل کے حل کے لیے جماعت احمدیہ بیلیز نے بیلیز شہر کی مسجد بیت النور میں ’’واٹر فار لائف‘‘ پراجیکٹ کی تجویز پیش کی۔
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی راہنمائی اور منظوری سے مجلس انصار اللہ کینیڈا نے خدمت خلق کے اس منصوبے کو ۱۵؍ہزار ڈالر کے ابتدائی عطیہ کے ساتھ سپانسر کرنے کی سعادت حاصل کی جس میں بعدازاں بعض اضافی ضروریات کے لیے سات ہزار ۵۰۰؍ڈالر کا مزید اضافہ ہوا۔
’’واٹر فار لائف‘‘ پراجیکٹ کے تحت واٹر پیوریفیکیشن پلانٹ جولائی ۲۰۲۳ء سے کام کر رہا ہے جس کی تعمیر فروری ۲۰۲۳ء میں شروع کی گئی تھی۔ اس پلانٹ کی یومیہ گنجائش ۴۰۰؍گیلن پانی ہے جس سے ایک دن میں پانچ گیلن کی ۸۰؍بوتلیں بھری جاسکتی ہیں۔ اس وقت روزانہ ۹۵؍گیلن صاف پانی مہیا ہورہا ہے۔ اس پلانٹ سے سالانہ ایک لاکھ ۴۶؍ہزار گیلن پانی فلٹر کیا جاسکتا ہے جس سے ہر سال ۷۰؍ہزار سے زائد لوگ مستفید ہو سکتے ہیں۔
اس پراجیکٹ کا باضابطہ افتتاح جلسہ سالانہ بیلیز ۲۰۲۴ء کے موقع پر مولانا عبدالرشید انور صاحب مبلغ انچارج کینیڈا نے کیا تھا۔
۵؍گیلن پانی کی بوتل ۳؍ڈالر کی معمولی قیمت پر فروخت کی جاتی ہے۔ یہ برائے نام قیمت عام خریداروں کی پہنچ میں رہتے ہوئے پلانٹ کے ضروری آپریشنل اخراجات کو پورا کرنے اور مقامی آبادی تک پانی کی رسائی اور استطاعت کو بھی یقینی بناتی ہے۔
’’واٹر فار لائف‘‘ پراجیکٹ نے نہ صرف بیلیز شہر میں پانی کی کمی کے اہم مسئلہ کو حل کیا ہے بلکہ اس نے روزگار کے مواقع پیدا کرکے مقامی معیشت کو متحرک کرنے میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔
اللہ تعالیٰ اس منصوبے کو کامیاب کرے اور تمام مقامی باشندوں کے لیے رحمتوں کا ذریعہ بنائے۔ آمین
(رپورٹ: داؤد اسماعیل ناظم اعلیٰ علاقہ، مغربی کینیڈا)