مالی کے ریجن کُچَالہ میں جماعت احمدیہ کا تبلیغی سٹال
مالی کے خوبصورت ریجن کچالہ میں ہر سال کی طرح اس بار بھی جماعت احمدیہ نے، ریجن کے روایتی سالانہ فیسٹول کے دوران ایک تبلیغی سٹال کا اہتمام کیا جو ۹سے ۱۸؍فروری ۲۰۲۴ء تک دس دن جاری رہا۔ میلہ کی طرز پر منعقدہ اس فیسٹول میں جہاں مختلف قسم کی سرگرمیاں اور خریدو فروخت کے سٹالز لگائے گئے، وہیں جماعت احمدیہ کے سٹال نے خصوصی توجہ حاصل کی۔
اس تبلیغی سٹال کا مقصد جماعت احمدیہ کے تعلیمی، تربیتی اور تبلیغی لٹریچر کی نمائش کرنا تھا، جس میں قرآن کریم کے فرنچ ترجمہ کے ساتھ، حضرت مسیح موعودؑ اور خلفائے کرام کی بعض کتب کی نمائش کی گئی، جو عربی اور فرنچ زبانوں میں دستیاب تھیں۔ اس سٹال پر جماعت کا نام ’’جماعت اسلامک احمدیہ‘‘ اور جماعتی ریڈیو کا نام اور فریکوئنسی فرنچ زبان میں نمایاں طور پر بینرز پر لکھا گیا، جس کے ذریعہ زائرین کو جماعت احمدیہ اور اس کے مقاصد سے روشناس کرایا گیا۔
زائرین نے بڑی دلچسپی کے ساتھ سٹال پر موجود لٹریچر کا مطالعہ کیا اور بڑی تعداد میں لوگوں نے تعلیمی، تربیتی اور تبلیغی کتب خریدیں، جبکہ کچھ افراد کو تحفے کے طور پر بھی دی گئیں۔ اس سٹال پر تین ہزار سے زائد پمفلٹس تقسیم کیے گئے، جس کے ذریعے پانچ ہزار سے زائد افراد تک جماعت کا پیغام پہنچایا گیا۔ اس کامیابی کے پیچھے اللہ کا فضل اور جماعت کی انتھک محنت شامل ہے۔
جماعت احمدیہ کی یہ سعی مقامی سطح پر اسلام کے امن و محبت بھرے پیغام کو اجاگر کرنے کی کوشش ہے۔ اللہ تعالیٰ ان کاوشوں میں برکٹ ڈالے اور زیادہ سے زیادہ سعید روحوں کو احمدیت کے نور سے منور ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔
(رپورٹ: واصف شہزاد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)