وان (Vaughan) امارت کینیڈا میں جلسہ یوم مصلح موعود کا انعقاد
جماعت احمدیہ وان کینیڈا کے سیکرٹری اشاعت غلام احمد عابد صاحب تحریر کرتے ہیں کہ وان جماعت کے زیرانتظام مورخہ ۲۰؍فروری ۲۰۲۴ء بروز منگل بعد از نماز مغرب مسجد بیت الاسلام میں جلسہ یوم مصلح موعود منعقد کیا گیا۔ جلسہ کی صدارت سہیل مبارک شرما صاحب نائب امیر جماعت احمدیہ کینیڈا نے کی جبکہ ہادی علی چودھری صاحب نائب امیر کینیڈا، محمد زبیر منگلا صاحب لوکل امیر وان اور مستجاب قاسم صاحب مربی سلسلہ وان بھی اس تقریب کے سٹیج پر موجود تھے۔ تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور نظم کے بعد پیشگوئی مصلح موعود کے الفاظ اور ان کا انگریزی ترجمہ پیش کیا گیا۔
مکرم مستجاب قاسم صاحب مربی سلسلہ وان نے پہلی تقریر ’’تحریک جدید، ایک بابرکت تحریک‘‘ کے موضوع پر کی جس میں حضرت مصلح موعودؓ کے کئی علمی و دیگر کارناموں پر روشنی ڈالی۔
’’کہوٹ کوئز‘‘ مقابلہ: طلحہ فاروق صاحب نے حضرت مصلح موعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی زندگی سے متعلق شاملین کے مابین ’’کہوٹ کوئز‘‘ کا مقابله کروایا۔ اس مقابلہ میں لگ بھگ ۲۲۵؍مرد و زن نے بڑے جوش و خروش سے حصہ لیا۔ اس مقابلہ میں پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے دوستوں میں صدر اجلاس نے انعامات تقسیم کیے۔
مقابلہ حفظ پیشگوئی مصلح موعود:اسی طرح حلقہ جات میں کیے گئے اعلان کے مطابق پیشگوئی مصلح موعود کے الفاظ زبانی یاد کرنے والے احباب کو بھی انعامات دیے گئے۔
اس جلسہ کی دوسری اور آخری تقریر مکرم ہادی علی چودھری صاحب نائب امیر جماعت احمدیہ کینیڈا نے ’’گھریلو زندگی اور تربیت اولاد‘‘ کے موضوع پر کی جس میں آپ نے حضرت مصلح موعودؓ کے اپنی اولاد سے محبت اور تربیت سے متعلق متعدد واقعات بیان کیے۔ اسی طرح آپؓ کے اپنی بیویوں سے حسن سلوک کے بارے میں بھی مثالیں پیش کیں۔ آخر میں صدر اجلاس نے جلسہ یوم مصلح موعود منانے کے مقصد کے بارے میں حضرت خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ایک خطبہ سے لیا گیا اقتباس پڑھ کر سنایا۔ دعا سے اس جلسہ کا اختتام ہوا۔ حاضری ۱۱۰۰؍کے لگ بھگ تھی۔ روانگی کے وقت تمام شاملین کی خدمت میں کھانا بھی پیش کیا گیا۔
(مرسلہ: ناصراحمد ونیس۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)