جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل گھانا کی سالانہ کھیلیں ۲۰۲۴ء
محض اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل گھانا کی سالانہ کھیلیں مورخہ ۵تا۷؍مارچ ۲۰۲۴ء نہایت عمدگی سے منعقد ہوئیں۔ تمام طلبہ نے بھرپور جوش و خروش سے ان ورزشی مقابلہ جات میں حصہ لیا۔ مورخہ ۵؍مارچ کو صبح ساڑھے نو بجے ان کھیلوں کا افتتاح مکرم مبشر احمد کاہلوں صاحب نے نصائح اور دعا کے ساتھ کیا۔ آپ ان ایام میں بطور مرکزی نمائندہ جلسہ سالانہ گھانا میں شرکت کرنے کے لیے تشریف لائے ہوئے تھے۔
تین دنوں میں ۲۸؍انفرادی اور اجتماعی مقابلہ جات منعقد ہوئے۔ انفرادی مقابلہ جات میں۱۰۰؍میٹر ریس، ۴۰۰؍میٹر ریس، لمبی چھلانگ، ثابت قدمی، تھالی پھینکنا، کلائی پکڑنا، نشانہ غلیل، گولہ پھینکنا، پنجہ آزمائی، ٹرپل جمپ، سلوسائیکلنگ اور مشاہدہ معائنہ شامل تھے۔
اجتماعی مقابلوں کے لیے جامعہ کے طلبہ کو چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے: امانت، شفقت، عدالت اور قناعت۔ اجتماعی مقابلوں میں فٹ بال،والی بال، رسّہ کشی، ٹیبل ٹینس ، میرو ڈبہ، باڑی، ریلے ریس اور تین ٹانگ دوڑ وغیرہ شامل ہیں۔
ان سب مقابلوں کے علاوہ کھیلوں کے آخری دن روک دوڑ بھی منعقد ہوئی جس میں طلبہ کے درمیان مختلف رکاوٹیں عبور کر کے منزل مقصود تک پہنچنے کا مقابلہ ہوتا ہے۔ اس دفعہ ۲۰؍قسم کی رکاوٹیں بنائی گئی تھیں اور ۴۰؍طلبہ نے اس میں بھی ذوق و شوق سے حصہ لیا۔
کھیلوں کے ایام میں اساتذہ اور طلبہ کے مابین کرکٹ کا ایک میچ ہوا۔ نیز اساتذہ کے مابین میوزیکل چیئرز اور سلوسائیکلنگ کا مقابلہ بھی کروایا گیا۔ پروگرام کے مطابق آخری روز Taekwondo اور Physical Fitnessکا دلچسپ پروگرام پیش کیا گیا۔ تمام ایام میں کھلاڑیوں کے لیے مناسب ریفریشمنٹ اور طبی امداد کا انتظام موجود تھا۔
مورخہ ۷؍مارچ بروز جمعرات ان کھیلوں کی اختتامی تقریب اور تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد مسرور ہال میں ہوا۔ اس پروگرام کی صدارت ڈاکٹر نعیم احمد صاحب (میڈیکل آفیسر انچارج احمدیہ ہسپتال آسوکورے)نے کی۔ تلاوت قرآن کریم، نظم اور کھیلوں کی رپورٹ پڑھے جانے کے بعد انہوں نے طلبہ میں انعامات تقسیم کیے۔ نیز کھیل اور ورزش کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ سال ۲۰۲۴ء کے بہترین کھلاڑی عزیزم عبد الباسط بوابنگ طالب علم درجہ ثانیہ اور بہترین گروپ قناعت گروپ قرار پایا۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ اس تقریب کو طلبہ اور اساتذہ کے لیے باعث برکت بنائے۔ ان کی ہمت و قوت میں اضافہ کرے اور روحانیت کے ساتھ ساتھ جسمانی قویٰ کو بھی بڑھانے اور ترقی دینے اور انہیں دین کی خدمت کے لیے استعمال کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ:فہد احمد سیّد، استاد جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل گھانا)