کھیل کی دنیا

سپورٹس بلیٹن

کرکٹ:بھارت میں جاری انڈین پریمیئر لیگ (IPL) میں گذشتہ ہفتہ کھیلے گئے ایک میچ میں حیدرآباد سن رائزرز(SRH)نے پنجاب کنگز(PBKS) کو سنسنی خیز مقابلہ کے بعد دو رنزسے شکست دی۔جے پور کے میدان پر میزبان ٹیم راجستھان رائلز (RR) کوگجرات ٹائٹنز (GT)کے ہاتھوں رواں سیزن میں پہلی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔اس میچ میں راجستھان نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے تین وکٹوں کے نقصان پر۱۹۶؍رنز بنائے۔گجرات نے ہدف میچ کی آخری گیند پر حاصل کیا۔راشد خان نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کرداراداکیا۔

ایک اَور میچ میں ممبئی انڈینز(MI) نے رائل چیلنجرز بنگلورو(RCB) کے خلاف ۱۹۷؍رنز کا ہدف تین وکٹوں کے نقصان پر ۱۶؍ویں اوور میں پورا کیا۔ممبئی کی طرف سے جسپریت بمراہ(Jasprit Bumrah)نے زبردست باؤلنگ کرتے ہوئے محض ۲۱؍رنز کے عوض پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔دیگرمقابلوں میں دہلی نے لکھنؤکو چھ وکٹوں، راجستھان نے پنجاب کو تین وکٹوں اورچینئی نے ممبئی کو ۲۰؍ رنز سے شکست دی۔کولکتہ نائٹ رائیڈرز (KKR)نے انگلش کھلاڑی فلپ سالٹ (Philip Salt)کے جارحانہ ۸۹؍ناٹ آؤٹ رنز کی بدولت لکھنؤ سپر جائنٹس (LSG)کے خلاف ۱۶۲؍رنز کا ہدف بآسانی ۲؍وکٹیں گنوا کرپورا کرلیا۔

۱۵؍اپریل کو بنگلورو کےچنا سوامی اسٹیڈیم میں ہونے والے میچ میں حیدرآباد(SRH) نے آئی پی ایل کی تاریخ کا سب سے بڑا سکور ۲۸۷؍رنز بنا یا ۔قبل ازیں اسی سیزن میں حیدرآباد کی ہی ٹیم نے ممبئی کے خلاف ۲۷۷؍رنز بناکر ریکارڈ قائم کیا تھا۔

ٹینس:۶تا۱۴؍اپریل ۲۰۲۴ء منعقدہ مونٹی کارلو ماسٹرز (Monte-Carlo Masters)ٹینس ٹورنامنٹ کے مینز سنگلز ایونٹ میں یونان کے Stefanos Tsitsipasنے ناروے کے Casper Ruudکو۶۔۱ اور۶۔۴ کے سکور سے شکست دے کرگذشتہ چارسال میں تیسرا Monte-Carlo Mastersٹائیٹل جیت لیا۔ مینز ڈبلز کے فائنل مقابلہ میں بیلجیم سے تعلق رکھنے والی Joran Vliegen اورSander Gilléکی جوڑی نے جرمنی کے Alexander Zverevاوربرازیل کے Marcelo de Meloکو۵۔۷، ۶۔۳ اور۱۰۔۵کے سکور سے ہرایا۔

نیپال بمقابلہ قطر:عمان میں جاری ACC Premier Cup کرکٹ ٹورنامنٹ کے ایک میچ میں نیپال کے کھلاڑی Dipendra Singh Airee نے قطر کے باؤلر کامران خان کے خلاف ایک اوور کی چھ گیندوں پر چھ چھکے لگائے۔ٹی ٹوینٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں بھارت کے یووراج سنگھ(Yuvraj Singh) اور ویسٹ انڈیز کے کائرن پولارڈ(Kieron Pollard)کے بعد Dipendra Singh Airee ایک اوور میں چھ چھکے لگانے والے دنیا کے تیسرے بلے باز بن گئے۔ گذشتہ برس اسی کھلاڑی نے ایشین گیمز کے ایک میچ میں منگولیا کے خلاف صرف ۹گیندوں پر تیز ترین ففٹی بنانے کا ریکارڈ قائم کیا تھا۔

فٹ بال:گذشتہ ہفتہ انگلش پریمیئر لیگ میں آرسنل کوآسٹن وِلا سے ۲۔صفر اور لیورپول کو کرسٹل پیلس سے ۱۔صفر سے حیران کن شکست کا سامنا کرنا پڑا۔جبکہ مانچسٹر سٹی نے لٹن ٹاؤن کے خلاف۵۔۱ سے کامیابی کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر۷۳پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔دیگر میچز میں نیوکاسل نے ٹوٹنہیم کو ۴۔صفر،فلہم نے ویسٹ ہیم کو ۲۔صفر اوربرینٹفورڈ نے شیفیلڈیونائیٹڈ کو۲۔صفر سے شکست دے دی۔مانچسٹر یونائیٹڈ اور بَرن متھ کا مقابلہ ۲۔۲ گول سے برابرہوا۔

UEFAچیمپئنزلیگ کے کوارٹر فائنل مرحلہ کے پہلے legکے میچزمیں ایٹلیٹکو میڈرڈ (Atletico Madrid) نے جرمن کلب Dortmund کو ۲۔۱؍سے شکست دے دی جبکہ ہسپانوی کلب بارسلونا (Barcelona)نے فرانس کے مشہور کلب PSGکو۲کے مقابلہ میں تین گول سے ہرایا۔انگلش کلب آرسنل کا مقابلہ بائرن میونخ کے ساتھ ۲۔۲گول جبکہ ریال میڈرڈ اور مانچسٹر سٹی کا میچ ۳۔۳گول کی برابری پر ختم ہوا۔

(رپورٹ: ن م طاہر)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button