برکینافاسو میں قائم ’مسرور ہیلتھ کیئر فاؤنڈیشن‘ کا تعارف اور فاؤنڈیشن کے چیئرمین کا دورہ برکینافاسو
سیدنا حضرت امیر المومنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی بے پناہ شفقت اور راہنمائی سے برکینافاسو میں صحت عامہ بہتر بنانے کے لیے کئی منصوبے کام کررہے ہیں۔ بعض مکمل ہوچکے ہیں اور دوسرے زیر تعمیر ہیں۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی زیر ہدایت مجلس انصار اللہ برطانیہ نے برکینا فاسو میں مسرور آئی انسٹیٹیوٹ مکمل کیا جو اس وقت خدمت خلق کے میدان میں نمایاں کارکردگی سرانجام دے رہا ہے۔ مسرور آئی انسٹیٹیوٹ اور مجلس انصار اللہ برطانیہ کے دیگر منصوبہ جات کی نگرانی اور دیکھ بھال کے لیے مسرور ہیلتھ کیئرفاؤنڈیشن کے نام سے ایک ادارہ رجسٹرڈ کروایا گیا ہے جبکہ ادارہ کے تمام امور کی نگرانی کے لیے ایک بورڈ مقرر ہے جس میں برطانیہ اور برکینافاسو کے نمائندگان شامل ہیں۔ اس بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر چودھری اعجاز الرحمٰن صاحب، نائب امیر جماعت احمدیہ برطانیہ ہیں۔
اس وقت برکینافاسو میں ’’مسرور میڈیکل کمپلیکس‘‘ زیر تعمیر ہے۔ کام کی نگرانی اور تعمیرات کا جائزہ لینے نیز دیگر امور طے کرنےکے لیے چیئرمین بورڈ نے ماہ مارچ کے آخر میں برکینافاسو کا دورہ کیا۔ اس دوران آپ نے مختلف تعمیراتی کنٹریکٹرز اور کمپنیز وغیرہ سے میٹنگز بھی کیں اور ہسپتالوں کے امور کا جائزہ لیا۔
اس دوران مسرور آئی انسٹیٹیوٹ میں ایک افطار ڈنر کا اہتمام کیاگیا تھا جس میں احمدیہ ہسپتال سومگاندے کا میڈیکل سٹاف اور دیگر معززین شامل ہوئے۔ افطار سے قبل مہمانوں کو مسرور آئی انسٹیٹیوٹ اور مسرور میڈیکل کمپلیکس کا دورہ کروایا گیا۔ تمام مہمانوں نے دونوں منصوبوں کو بےحد سراہا اور علاقہ کے عوام کی خدمت میں ایک گراں قدر اور مفید اضافہ قرار دیا۔
برکینا فاسو کے سب سے بڑے قبیلہ کے روایتی بادشاہ سے ملاقات: مورخہ ۳۰؍مارچ ۲۰۲۴ء کو برکینا فاسو کے سب سے بڑے قبیلہ کے روایتی بادشاہ مورو نابا صاحب کی جماعتی وفد سے ملاقات ہوئی۔ اس دور میں بھی روایتی بادشاہ مورو نابا کی عزت اور شان و شوکت قائم ہے۔موصوف نے ہی جماعت کو بستان مہدی والی زمین مہیا کی تھی۔ اسی زمین پر آج جماعت کا جلسہ گاہ، جامعۃ المبشرین، مدرسۃ الحفظ، مسرور آئی انسٹیٹیوٹ، مسرور میڈیکل کمپلیکس اور دیگر کئی پراجیکٹس قائم ہیں اور کچھ زیر غور ہیں۔
اللہ تعالیٰ جماعت احمدیہ برکینا فاسو کو خدمت خلق کے میدانوں میں مزید ترقیات سے نوازتا چلا جائے۔آمین
(رپورٹ: چودھری نعیم احمد باجوہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)