ٹی ٹوینٹی کرکٹ ورلڈکپ:آسٹریلیا کی دوسری فتح، دفاعی چیمپئن انگلستان کو36رنزسے ناکامی کاسامنا
مینزٹی ٹوینٹی کرکٹ ورلڈ کپ 2024ء
میچ نمبر: 17 (گروپ بی)
آسٹریلیابمقابلہ انگلینڈ
برج ٹاؤن،باربیڈوس
8جون 2024ء
T20کرکٹ ورلڈکپ میں گروپ بی کےاہم میچ میں آسٹریلیا نےروایتی حریف انگلینڈ کو 36 رنز سے شکست دےدی۔ آسٹریلیاکے201رنزکے جواب میں انگلش ٹیم 6 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنا سکی۔
برج ٹاؤن کے کنزنگٹن اوول میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو پہلے بلےبازی کرنے کی دعوت دی۔آسٹریلوی اوپنرزنے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 5اوورزمیں 70رنزکاآغازفراہم کیا۔ڈیوڈوارنر(David Warner) نے 16 گیندوں پر39جبکہ ٹریوس ہیڈ(Travis Head)نے18گیندوں پر34رنزبنائے۔
اوپنرزکے یکے بعددیگرے آؤٹ ہونے کے بعدبقیہ آسٹریلوی بلےبازوں نے بھی زبردست کھیل پیش کیااوررواں ٹورنامنٹ میں پہلی مرتبہ 200 کا ہندسہ عبور کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 201 رنز بنائے۔
بڑے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کے اوپنرز نے شاندار آغاز کیا اور اپنی ٹیم کوسات اوورزمیں 77 رنز کی پارٹنر شپ فراہم کی۔فل سالٹ(Philip Salt) 37 اور کپتان جوس بٹلر(Jos Buttler) 42 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔جس کےبعد انگلینڈکے بلےباز جم کر نہ کھیل سکے اور وقفے وقفے سے آؤٹ ہوکر واپس جاتے رہے۔معین علی نے 25اورہیری بروک نے 20رنز بنائے۔ انگلش ٹیم 20اوورزمیں چھ وکٹوں کے نقصان پر165رنز بناسکی اور اس طرح آسٹریلیا نے 36رنزسے ٹورنامنٹ میں اپنی دوسری کامیابی حاصل کی۔
آسٹریلیا کے کی جانب سے پیٹ کمنز (Pat Cummins)اور ایڈم زیمپا(Adam Zampa) نے 2-2 جبکہ جوش ہیزل ووڈ (Josh Hazlewood)اور مارکوس اسٹوئنس(Marcus Stoinis) نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔شاندار باؤلنگ اور دو اہم وکٹیں حاصل کرنے پر ایڈم زیمپا کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
یادرہے کہ انگلینڈ کاپہلا میچ اسکاٹ لینڈ کے خلاف بارش کی نذر ہوگیا تھا جبکہ آسٹریلیا نے اپنے پہلے میچ میں عمان کو بآسانی شکست دی تھی۔
(رپورٹ:ن م طاہر)