یورپ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ گلاسگو نارتھ سکاٹ لینڈ کا عید ملن پروگرام

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ گلاسگو نارتھ، سکاٹ لینڈ کو مورخہ ۳۰؍جون ۲۰۲۴ء بروز اتوار مسجد بیت الرحمٰن میں ایک عید ملن تقریب منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ تقریب میں مختلف پس منظر، عقائد اور برادریوں کے ۸۰؍سے زائد شرکاء نے شرکت کی جن میں ۴۲؍بیرونی مہمانان بھی شامل تھے۔ ’’امن کی ضرورت‘‘ کے مرکزی موضوع پر منعقدہ اس تقریب کا مقصد لوگوں کو امن قائم کرنے کے لیے متحد کرنا تھا۔

تقریب سے قبل مہمانان کو متعدد زبانوں میں قرآن کریم کے تراجم، حج اور عید کے موضوع پر اسلامی لٹریچر کی نمائش کا دورہ کروایا گیا۔ اس تقریب میں بعض مہمانان کی تقاریر بھی شامل تھیں جن میں خیراتی ادارے، سیاست دان اور دیگر عقائد کے مندوبین بھی شامل تھے۔

پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے ہوا۔ صدر جماعت مکرم مبشر احمد صاحب نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور چند افتتاحی کلمات کے بعد ڈاکٹر عبدالحئی صاحب ریجنل امیر سکاٹ لینڈ نے گلاسگو، ایڈنبرا، فائف اور ڈنڈی کے علاقوں میں سلائیڈشو کے ذریعے جماعت کے فلاحی کاموں کی تفصیلات پیش کیں۔ بعد ازاں جماعت احمدیہ عالمگیرکے تعارف کا احاطہ کرنے والی مختصر ویڈیوز دکھائی گئیں۔ بیکن آف پیس سکاٹ لینڈ کے چیئرمین مکرم احمد اووسو کوناڈو صاحب نے گلاسگو میں ہونے والی چیریٹی واک کے بارے میں معلومات بیان کیں۔

آخر میں فخر احمد آفتاب صاحب مربی سلسلہ گلاسگو نے اپنی تقریر میں حج کو مسلمانوں کے لیے ایک روحانی سفر کے طور پر بیان کیا جو اتحاد اور خدا کے سامنے سر تسلیم خم کرنے کا نام ہے۔ اس کے بعدایک دلچسپ مجلس سوال و جواب بھی ہوئی۔

پروگرام کا اختتام قریشی داؤد احمد صاحب مربی سلسلہ ایڈنبرا وڈنڈی کی اختتامی دعا سے ہوا جس کے بعد مہمانوں کو خصوصی عید ڈنر پیش کیا گیا۔ کچھ مہمانوں نے سوشل میڈیا پر اس تقریب کو سراہتے ہوئے مثبت تاثرات اور پیغامات دیے اور تقریب میں مدعو کیے جانے پر جماعت کا شکریہ بھی ادا کیا۔

(رپورٹ: ارشد محمود خاں۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button