ایشیا (رپورٹس)

گوئی بٹالی(سنیارہ )ضلع کوٹلی آزاد کشمیر کے قبرستان سے تین احمدیوں کی قبروں کے کتبوں کو شہید کر دیا گیا

مورخہ19 اور 20ستمبر2024ء کی درمیانی رات نامعلوم افراد نے گوئی بٹالی(سنیارہ )ضلع کوٹلی آزاد کشمیر کے قبرستان سے 3 احمدیوں کی قبروں کے کتبوں کو شہید کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق اس قبرستان میں احمدیوں کی آٹھ قبریں ہیں جن میں سے چار پرکتبے لگے ہوئے تھے۔ان میں سےتین کے کتبے اکھاڑ ے گئے ہیں۔ پولیس نے قبرستان کا وزٹ کیا ہے اور نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔

جماعت احمدیہ کے مخالفین گوئی شرقی کوٹلی کے قبرستان کے حوالہ سے بھی انتظامیہ پر دباؤ ڈال رہے ہیں۔ قبل ازیں انتہا پسندوں نے سرکاری انتظامیہ کو تین دن کا وقت دیاتھا اورکہا تھا کہ اگر جمعہ تک انتظامیہ نے احمدیوں کی قبروں کےکتبے نہ توڑے تو جمعہ کے بعد قافلے کی شکل میں لوگ قبرستان جائیں گے اور خود کارروائی کریں گے۔

واضح رہے کہ گوئی (برموچ) کوٹلی آزاد کشمیر میں 7 اور 8 مارچ 2024 کو نامعلوم افراد نے 8احمدیوں کی قبروں کے کتبے شہید کرکے ان ٹوٹے ہوئے کتبوں کو ساتھ لے گئے تھے۔ اس افسوسناک واقعہ کے چند روز بعد 12مارچ کو اسی علاقے میں نامعلوم افراد مزید دو احمدیوں کی قبروں کے کتبے توڑ کر ساتھ لے گئے تھے۔

وطن عزیز پاکستان میں محب وطن احمدیوں کے ساتھ ہونے والے یہ انسانیت سوز واقعات غیر اخلاقی اور غیر قانونی ہیں اور ہر شریف النفس انسان کو تکلیف پہنچانے والے ہیں ۔نیز مذہبی انتہا پسندوں کی ایسی گھناونی کارروائیوں سے ہمارے وطن کا نام عالمی برادری میں گہنا رہا ہے۔حکومت کو چاہئے کہ مذہبی انتہاپسندوں کے خلاف فوری اور موثر کارروائی کرے ۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button