نیروبی کی یونائیٹڈ سٹیٹس انٹرنیشنل یونیورسٹی کی لائبریری کو جماعتی کتب کا عطیہ
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ کینیا ملک کی مختلف یونیورسٹیوں، کالجوں اور دیگر سرکاری و غیر سرکاری ا داروں کی لائبریریوں کو جماعتی لٹریچر عطیہ کرتی رہتی ہے تا لوگ مذہب اسلام کی حقانیت اور اس کی پر حکمت تعلیمات کی عظمت سے آگاہ ہو سکیں اور متلاشیان حق کی راہنمائی ہوسکے۔ اسی سلسلہ میں جماعت احمدیہ کینیا کو نیروبی میں قائم یونائیٹڈ سٹیٹس انٹرنیشنل یونیورسٹی کی لائبریری کو بہت بڑی تعداد میں جماعتی کتب کا تحفہ پیش کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک
مورخہ ۲۶؍ستمبر۲۰۲۴ء کو چار رکنی وفد جس میں مکرم عبداللہ حسین جمعہ صاحب مبلغ سلسلہ، مکرم معلم عثمان مکوخا صاحب، مکرم معلم قاسم اپئیوں صاحب اور ملک عمیر احمد حسان متعلم یونیورسٹی ہٰذا شامل تھے ۲۸۲؍کتب پر مشتمل کنسائنمنٹ لے کر مذکورہ بالا لائبریری پہنچا جہاں لائبریری کی انچارج جناب ڈاکٹر سالیویا اگولا صاحبہ اور جناب ایڈینا عماری صاحبہ نے مع دیگر سٹاف ممبران وفد کا استقبال کیا۔ تعارف کے بعد مکرم عبد اللہ حسین جمعہ صاحب مبلغ سلسلہ نے جماعت احمدیہ کا تعارف کرایا اور جماعت کے عقائد کے بارے میں مختصر گفتگو کی جس کے بعد لائبریرین صاحبہ کو قرآن کریم مع انگلش ترجمہ، ’Jesus in India‘ اور ’عالمی بحران اور امن کی راہ‘ پیش کی گئیں۔ موصوفہ نے اسی وقت کتاب ’Jesus in India‘ کا پیش لفظ پڑھا اور کہا کہ اس کتاب میں بہت اچھی اور مثبت معلومات دی گئی ہیں، میں ضرور اس کا تفصیلی مطالعہ کروں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ ہمارے ادارے کو کسی کی طرف سے مفت کتب دی گئی ہیں۔ اس تحفہ پر ہم جماعت احمدیہ کے بے حد ممنون ہیں اور ہم ان کتب کو ان کے مضامین کے لحاظ سے ان کی متعلقہ جگہوں پر استفادۂ عام کے لیےرکھ دیں گے۔
لائبریری ہٰذا کو دی جانے والی کتب میں قرآن کریم کے انگریزی، سواحیلی، کیکویو اور اکامبا زبانوں میں تراجم کے علاوہ اسلامی عقائد و احکام پر مشتمل کتب، حضرت بانی جماعت احمدیہؑ اور آپؑ کے خلفائےکرام کی کتب اور دیگر جماعتی لٹریچر شامل ہے جن کی مالیت تقریباً ایک لاکھ کینین شلنگ ہے۔ واضح رہے کہ یونیورسٹی ہذا میں دنیا بھر کے مختلف ممالک سے ہزاروں کی تعداد میں طلبہ زیر تعلیم ہیں۔
اللہ تعالیٰ جماعت کی اس خدمت کو مثمر بثمرات حسنہ بنائے اور لوگوں کو اس عظیم علمی خزانے سے استفادہ کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ: محمد افضل ظفر۔ نمائندہ الفضل انٹر نیشنل)