سرد علاقے کا کرشماتی پھل آلو بخارا
خشک آلو بخارا اپنے کھٹے میٹھے ذائقے کی وجہ سے تمام عمر کے افراد میں یکساں طور پر پسند کیا جاتا ہے۔ خشک آلو بخارا خوش ذائقہ ہونے کے ساتھ ساتھ مجموعی طور پع صحت کے لیے بھی نہایت مفید ہے۔
آلو بخارے کا پھل گرمیوں میں دستیاب ہوتا ہے، جب کہ اسے سارا سال استعمال کرنے کے لیے خشک کرلیا جاتا ہے۔ یہ پھل زیادہ تر سرد علاقوں میں پایا جاتا ہے۔ اس کا رنگ سیاہی مائل سرخ ہوتا ہے اور اس کی تاثیر بھی سرد ہوتی ہے۔
خشک آلو بخارے سے بہت سے طبی فوائد حاصل کیے جاتے ہیں، کیونکہ اس میں بہت سے مفید غذائی اجزا پائے جاتے ہیں۔ ایک آلو بخارے میں تیس کیلوریز، آٹھ گرام کاربوہائیڈریٹس، ایک گرام فائبر، سات گرام فائبر، وٹامن سی، وٹامن اے، وٹامن کے، پوٹاشیم، کاپر، اور میگنیز شامل ہیں۔
یہ بہت سے غذائی اجزا سے بھرپور ہوتا ہے جن میں وٹامن اے، وٹامن سی، فولیٹ، وٹامن کے، وٹامن بی ون، میگنیشیم، فاسفورس، زنک، کیلشیم، فلورائیڈ اور پوٹاشیم شامل ہیں۔ یہ تمام وٹامنز اور منرلز ہماری مجموعی صحت کے ليے بہت مفید ہوتے ہیں۔ یہ غذائی ریشے سے بھی بھرپور ہوتے ہیں اور بغیر کسی نقصان کے یہ کم کیلوری بھی فراہم کرتے ہیں۔
چند فوائد: اس کا استعمال بہت سی بیماریوں میں کیا جاتا ہے جیسے یرقان کی حالت میں اس کا استعمال بہت فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔ آلو بخارا ہمارے مدافعتی نظام اور ہاضمے کے ليے بہت اچھا ہوتا ہے۔ اس میں غذائی ریشہ اچھی مقدار میں موجود ہوتا ہے جو ہماری آنتوں کو اچھی طرح صاف کرتا ہے۔ یہ قبض کے مسائل کو حل کرتا ہے۔ قبض کی بیماری بواسیر میں بدلنے کا سبب بن سکتی ہے۔ اس ليے ان پھلوں کو استعمال کیا جائے جن میں غذائی ریشہ اچھی مقدار میں موجود ہو۔ آنتوں اور قبض کے مسائل کے حل کے علاوہ یہ ہمارے نظام انہضام کو اچھا کرتا ہے۔
یہ شریانوں کی صحت کے ليے بہت اچھا پھل ہےاور ہماری شریانوں میں خون کی روانی میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ یہ دل کی بیماری سے بچانے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔ کچھ طبی تحقیقات کے مطابق یہ خشک پھل کولیسٹرول اور ہائی بلڈ پریشر کو بھی کم کرنے میں مدد فراہم کر سکتے ہیں۔ کولیسٹرول اور ہائی بلڈ پریشر کی سطح کم ہونے سے دل کی بیماریوں کے خطرات میں بھی کمی آتی ہے۔ یہ اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہوتا ہے جو ہمیں کسی بھی انفیکشن سے بچاتا ہے۔ یہ ہمارے جسم میں فری ریڈیکلز کی وجہ سے ہونے والے نقصان سے روکتا ہے۔ اس کے علاوہ یہ ہمیں آکسیڈیٹو تناؤ سے بھی محفوظ رکھتا ہے۔
ہمیں تناؤ اور ڈپریشن سے بھی بچاتا ہے۔ اس میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس کی وجہ سے ہم تناؤ سے بچ سکتے ہیں۔ آلو بخارا فائبر سے بھرپور ہوتا ہے جو ہمیں بلڈ شوگر سے بچاتا ہے۔ یہ ہمارے جسم میں کولیسٹرول کی سطح کو کم کرنے کے ليے بہت اہم ہے۔ جو ہمارے جگر اور دل کی صحت کے ليے بہت اچھا ہوتا ہے۔ جلد کی جھریوں کو کم کرتا ہے۔ جلد کو جوان رکھتا ہے اس کے علاوہ یہ نئے سیلز کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ آلو بخارا میں موجود وٹامن اے آنکھوں کی صحت کے ليے بہت مفید ہوتا ہے۔
طبی ماہرین کی جانب سے ان لوگوں کو یہ خشک پھل استعمال کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے جو سخت ورزش کرتے ہیں، تا کہ ان کے پٹھوں کی صحت برقرار رہے۔
(یہ مضمون افادۂ عام کے لیے ہے۔ کسی بھی چیز کو مستقل استعمال میں لانے سے قبل کسی ماہرِ غذائیت سے مشورہ لازمی کریں۔ )
(بحوالہ مرہم ڈاٹ پی کے، ہیلتھ وائر ڈاٹ کام)