قادیان دارالامان میں مجلس انصار اللہ بھارت کے سالانہ مرکزی اجتماع کا کامیاب انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل سے امسال مورخہ ۲۵، ۲۶ اور ۲۷؍اکتوبر۲۰۲۴ء بستان احمد قادیان میں مجلس انصار اللہ بھارت کا ۴۴واں سالانہ مرکزی اجتماع منعقد ہوا۔ اس اجتماع میں شرکت کے لیے ہندوستان کے طول و عرض سے ۶۰۰سے زائد انصار قادیان تشریف لائے۔ اس اجتماع کا مرکزی موضوع ’’خلافت عافیت کا حصار‘‘ تھا۔
اجتماع کی افتتاحی تقریب مورخہ ۲۵؍اکتوبر بروز جمعۃ المبارک منعقد ہوئی جس میں لوائے انصار اللہ لہرایا گیا اور اجتماعی دعا کی گئی۔ تلاوت قرآن مجید، عہد اور نظم کے بعد اس تقریب میں سیدنا حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کا مبارک پیغام پڑھ کر سنایا گیا۔ اس کے بعد مجلس انصار اللہ بھارت کی سالانہ کارگزاری رپورٹ پیش کی گئی۔ محترم صدر صاحب مجلس انصار اللہ بھارت کے خطاب اور اجتماعی دعا کے ساتھ یہ تقریب اختتام پذیر ہوئی۔
اس اجتماع کی اختتامی تقریب مورخہ ۲۷؍اکتوبر بروزاتوار محترم وکیل صاحب تعمیل و تنفیذ (انڈیا۔ نیپال۔ بھوٹان) کی زیر صدارت منعقد ہوئی۔ محترم وکیل صاحب تعمیل و تنفیذ نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والی مجلس کو علم انعامی سے نوازا۔ اسی طرح ابتدائی دس پوزیشنز حاصل کرنے والی مقامی مجالس اور ۵ضلعی مجالس کو حضور انورایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی دستخط فرمودہ سندات سے نوازا۔
اجتماع کے موقع پر ’’خلافت عافیت کا حصار‘‘ کے موضوع پر خصوصی نمائش کا اہتمام کیا گیا تھاجس کو محترم وکیل صاحب تعمیل و تنفیذ نے بھی وزٹ کیا۔
انصار کے درمیان مختلف علمی و ورزشی مقابلہ جات کا انعقاد کیا گیا جس میں اراکین نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا جن میں نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والے انصار کے مابین انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔ مجلس انصار اللہ بھارت کے سالانہ اجتماع کے موقع پر بعض خصوصی تربیتی نشستوں کا بھی انعقاد کیا گیا جن میں علمائے سلسلہ نے مختلف موضوعات پر روشنی ڈالی اور اہم تربیتی امور کے متعلق حاضرین کو توجہ دلائی۔
آخر پر میں محترم وکیل صاحب تعمیل و تنفیذ نے اجتماعی دعا کرائی جس کے ساتھ اجتماع کے پروگرامز اختتام پذیر ہوئے۔
اللہ تعالیٰ اس اجتماع کے نیک و دُور رس نتائج ظاہر فرمائے۔ آمین
(رپورٹ: شعبہ پریس اینڈ میڈیا بھارت)
٭…٭…٭