جامعۃ المبشرین سیرالیون کے زیر انتظام ’’مجلس صحبت صالحین‘‘ کا انعقاد
مکرم حافظ اسد اللہ وحید صاحب استاد جامعۃالمبشرین و مدرسۃ الحفظ سیرالیون تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس ارشاد جامعۃ المبشرین سیرالیون کو مورخہ ۳؍نومبر ۲۰۲۴ء بروز اتوار مہمان خصوصی مکرم محمد نعیم اظہر صاحب مشنری انچارچ سیرالیون کی زیر صدارت ’’مجلس صحبت صالحین‘‘ منعقد کرنے کی توفیق ملی جس میں مکرم طاہر احمد بھٹی صاحب پرنسپل جامعۃالمبشرین سیرالیون اور مکرم عقیل احمد صاحب ریجنل مشنری Bo کے علاوہ جامعۃالمبشرین و مدرسۃ الحفظ کے جملہ اساتذہ کرام وطلبہ نے شرکت کی۔
پروگرام کا آغاز صبح گیارہ بجے تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور نظم سے ہوا۔ بعد ازاں مکرم پرنسپل صاحب نے مہمان خصوصی اور پروگرام کے تعارف میں بتایا کہ ہرنیک شخص باوجود اپنی نیکی اور تقویٰ کے ہمیشہ عاجزی اختیار کرتا ہے چہ جائیکہ خود کوصالح کہے لیکن دوسروں کو بہرحال قرآنی حکم کے مطابق صالح لوگوں کی صحبت اور خلافت کی برکت سے فیضیاب لوگوں کے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہيے۔
اس کے بعد مہمان خصوصی نے طلبہ سے مخاطب ہوکر خلیفہ وقت کا خداداد مقام سمجھنے اورخلیفہ وقت کے ارشادات کو مشعل راہ بناتے ہوئے اپنی زندگیاں ڈھالنے کی تلقین کی۔
اس کے بعد طلبہ کو سوالات کا موقع دیا گیا جس سے متعدد طلبہ مستفیض ہوئے اور مہمان خصوصی نے ان کے جواب دیے۔ بعد ازاں مکرم ابراہیم احمد کیفلا صاحب نگران مجلس ارشاد جامعۃ المبشرین نے معزز مہمان اور جملہ شاملین مجلس کا شکریہ ادا کیا اور دعاکے ساتھ یہ مجلس اختتام پذیر ہوئی۔ اس موقع پر سٹاف اور مہمانان کے ليے ریفریشمنٹ کا انتظام بھی کیا گیا۔
(رپورٹ:سید سعید الحسن شاہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)