آئیوری کوسٹ کے ریجن اومے کی جماعت گولیکاؤ میں مسجد کی تقریب سنگ بنیاد
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ کے ریجن اومے کے گاؤں گولیکاؤ (Golikao) میں احمدیت کا نفوذ ۲۰۰۶ء میں ہوا۔ صدر صاحب جماعت نے اپنے گھر سے ایک ملحقہ کمرہ نماز باجماعت کےليے دیا ہوا تھا جس میں ایک لمبے عرصے سے احباب جماعت پنجوقتہ باجماعت نمازیں اور نماز جمعہ ادا کر رہے تھے۔ کچھ عرصہ قبل صدر صاحب نے معلم ہاؤس سے ملحقہ زمین کا ایک قطعہ جماعت کو پیش کیا۔
اس قطعہ زمین پر مرکزی منظوری کے ساتھ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مورخہ ۲۹؍اکتوبر۲۰۲۴ءبروز منگل مسجد کے سنگ بنیاد کی تقریب منعقد ہوئی۔ اس تقریب کے لیے مکرم عبدالقیوم پاشا صاحب امیرو مبلغ انچارج آئیوری کوسٹ کے ہمراہ مکرم جابی مصطفیٰ صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ اور مکرم سماکے محمد صاحب معلم سلسلہ گولیکاؤ جماعت میں تشریف لائے۔
اس بابرکت تقریب سنگ بنیاد کا آغاز تلاوت قرآن کریم وفرانسیسی ترجمہ سے ہوا۔ بعد ازاں مکرم صدر صاحب جماعت نے امیر صاحب و حاضرین کومقامی روایات کے مطابق خوش آمدید کہا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔ گاؤں کے چیف نے جماعت احمدیہ کا شکریہ ادا کیا اور اس مسجد کی تعمیر کو گاؤں اور جماعت کی ترقی کا ذریعہ قرار دیا۔ بعدازاں مکرم امیر صاحب نے اپنی تقریر میں حضرت ابراہیمؑ اور حضرت اسماعیلؑ کی دعا کا ذکر کر کے جو انہوں نے خانہ کعبہ کی تعمیر کے موقع پر کی تھی مساجد کی اہمیت اور ان سے پیار اور محبت کی تعلیم کا ذکر کیا۔ اس کے بعد آپ نے رَبَّنَا تَقَبَّلۡ مِنَّا ؕ اِنَّکَ اَنۡتَ السَّمِیۡعُ الۡعَلِیۡمُکی دعا پڑھتے ہوئے سنگ بنیاد کی پہلی اینٹ رکھی جس کے بعد باری باری مکرم نیشنل صدر خدام الاحمدیہ، خاکسار(ریجنل مبلغ سلسلہ اومے)، گاؤں کے چیف، غیر از جماعت امام مسجد اور دوسرے لوگوں نے اینٹ رکھی۔ اختتام پرمکرم امیر صاحب نے گاؤں کے چیف اور امام کو جماعتی لٹریچر پیش کیا اور اختتامی دعا کروائی۔
تقریب کے اختتام پر مہمانان کرام کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا اور بعد میں نماز ظہر و عصر جمع کر کے ادا کی گئیں۔ اس تقریب میں تقریباً ۱۰۰؍افراد نے شرکت کی۔ اس مسجد کا رقبہ ۹۶؍مربع میٹر پر مشتمل ہے۔
اللہ تعالیٰ اس مسجد کو احمدیت یعنی حقیقی اسلام کے پھیلنے کا ذریعہ بنائے نیز احباب جماعت کو تعمیر مسجد کی اصل روح کے ساتھ اسے آباد رکھنے کی توفیق بھی عطا فرماتا جائے۔ آمین
(رپورٹ:مبشراحمد۔ مبلغ سلسلہ ریجن اومے، آئیوری کوسٹ)