کھیل کی دنیا

سپورٹس بلیٹن

کرکٹ:پاکستان کرکٹ ٹیم جنوبی افریقہ کواس کے ہوم گراؤنڈپر تین ایک روزہ انٹرنیشنل میچزکی سیریزمیں تین صفر سے وائٹ واش کرنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔ اتوار۲۲؍دسمبرکو جوہانسبرگ کے وانڈررز اسٹیڈیم میں کھیلے گئے آخری مقابلے میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔صائم ایوب کی شاندارسینچری اوربابراعظم اور محمدرضوان کی نصف سینچریوں کی بدولت پاکستان نےمقررہ ۴۷ اوورزمیں ۳۰۸؍رنزبنائے۔جواب میں جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم ۴۲؍اوورزمیں ۲۷۱؍رنز بناکرآؤٹ ہوئی۔ ہینرک کلاسن نے ۴۳؍گیندوں پر۸۱؍رنزکی دھواں داربلےبازی کی تاہم وہ اپنی ٹیم کو فتح دلانے میں ناکام رہے۔ پاکستان کی جانب سے اپنا پہلا ایک روزہ میچ کھیلنے والے سفیان مقیم نے چارکھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔قبل ازیں سیریز کے پہلے میچ میں پارل کےمیدان پر پاکستان نے۲۴۰؍رنزکاہدف سات وکٹیں کھوکرحاصل کیاتھاجس میں صائم ایوب ۱۰۹؍رنزاورسلمان علی آغا۸۲؍رنزکے ساتھ نمایاں رہے۔کیپ ٹاؤن میں ہونے والے دوسرے میچ میں پاکستان کے ۳۲۹؍رنزکے جواب میں میزبان ٹیم ۲۴۸؍رنزبناکرآؤٹ ہوئی اور یوں پاکستان کو۸۱؍رنزسے بڑی فتح ملی۔نوجوان بلے باز صائم ایوب دوسینچریوں کی مددسے مجموعی طورپر۲۳۵؍رنزبنانے اوردووکٹیں حاصل کرنے پرسیریزکے بہترین کھلاڑی قرارپائے۔

ویسٹ انڈیزبمقابلہ بنگلہ دیش:بنگلہ دیش نے تین ایک روزہ میچز میں شکست کے بعدٹی ٹوینٹی سیریزمیں میزبان ویسٹ انڈیزکوتین صفر سے شکست دے دی۔کنگزٹاؤن سینٹ ونسنٹ میں کھیلی گئی اس سیریزکے پہلے میچ میں بنگلہ دیش کے ۱۴۷؍رنزکے جواب میں ویسٹ انڈیزٹیم ۱۴۰؍رنزبناکرآؤٹ ہوئی۔دوسرے میچ میں بنگلہ دیش نے ۱۲۹؍رنزبنائے اورہدف کے تعاقب میں میزبان ٹیم صرف ۱۰۲؍رنزبناسکی۔تیسرامیچ بھی یکطرفہ ثابت ہوا، بنگلہ دیشی ٹیم نے ذاکرعلی ۷۲؍رنزناٹ آؤٹ کی بدولت ۱۸۹؍رنزبنائے۔جواب میں ویسٹ انڈیز کے بلے باز ایک مرتبہ پھربری طرح ناکام ہوئے اورمحض ۱۰۹؍رنزبناکرآؤٹ ہوگئے۔یوں بنگلہ دیش نے ویسٹ انڈیزکو کلین سویپ کرکے یادگارفتح حاصل کی۔مہدی حسن آٹھ وکٹیں حاصل کرکے پلیئرآف دی سیریزقرارپائے۔

آئی سی سی چیمپئنزٹرافی ۲۰۲۵ء:گذشتہ ایک ماہ کی غیریقینی صورتحال کے بعدبالآخرانٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اعلان کیا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی ۲۰۲۵ء پاکستان اور ایک نیوٹرل وینیو پر ہو گی۔آئی سی سی نے چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاک بھارت فیوژن فارمولے کا بھی اعلان کر دیاجس کے مطابق چیمپئنز ٹرافی کے علاوہ ویمنز ورلڈ کپ۲۰۲۵ء اور مینزٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ۲۰۲۶ءمیں پاکستان اوربھارت کے میچزنیوٹرل مقام پرمنعقدہوں گے۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ویمنز ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ ۲۰۲۸ء کی میزبانی بھی پاکستان کودےدی۔میڈیارپورٹس کے مطابق چیمپئنزٹرافی کے میزبان پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھارت کے میچزکے لیے دبئی کے میدان کا انتخاب کیا ہے۔۲۰۱۷ءکے بعدمنعقدہونے والے اس ایک روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ میں شامل آٹھ ٹیموں کودوگروپس میں تقسیم کیاگیا ہے۔گروپ اے میں پاکستان اور بھارت کےساتھ بنگلہ دیش اورنیوزی لینڈ کی ٹیمیں شامل ہیں جبکہ گروپ بی میں عالمی چیمپئن آسٹریلیا، انگلینڈ،جنوبی افریقہ اورافغانستان کی ٹیمیں شامل ہوں گی۔چیمپئنزٹرافی کا حتمی شیڈول ابھی جاری نہیں کیا گیا تاہم espncricinfoکے مطابق افتتاحی میچ پاکستان اور نیوزی لینڈکے مابین ۱۹؍فروری ۲۰۲۵ء کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔بھارت اور پاکستان کا ٹاکرا۲۳؍فروری کو دوبئی میں ہوگا۔۴؍اور۵؍مارچ کو سیمی فائنل جبکہ ۹مارچ کو فائنل مقابلہ ہوگا۔

فٹ بال:انگلش پریمیئرلیگ میں لیورپول نے ٹوٹنہیم کو تین کے مقابلے میں چھ گول سے ہراکرپوائنٹس ٹیبل پر اپنی پہلی پوزیشن کو مزید مستحکم کرلیا۔دیگرمیچزمیں برن متھ نے مانچسٹریونائیٹڈ کوتین صفر،آرسنل نے کرسٹل پیلس کو ۵۔۱،نیوکاسل نے اپسوِچ ٹاؤن کو۴۔صفر،اورآسٹن وِلانے مانچسٹرسٹی کو۲۔۱؍سے شکست دی۔ایورٹن اور چیلسی کامقابلہ بغیرکسی گول کے برابررہا۔

مزید پڑھیں: مجلس اطفال الاحمدیہ ہالینڈ کے تحت نیشنل سپورٹس ڈے

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button