ٹیم ممبران ادارہ الفضل انٹرنیشنل کا Morton’s Printing Press کا دورہ
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ادارہ الفضل انٹرنیشنل کے ممبران کو ٹیم بلڈنگ کی غرض سے اپنی مدد آپ کے تحت مورخہ ۲و۳؍دسمبر ۲۰۲۴ء بروز سوموار و منگل دو روزہ تعلیمی و تفریحی سفر پر جانے کا موقع ملا۔
مورخہ ۲؍دسمبر کو صبح چھ بجے دفتر طاہر ہاؤس سے روانگی ہوئی۔ راستے میں نماز فجر کی ادائیگی اور ناشتہ کے بعد قافلہ سوا گیارہ بجے کے قریب Horncastle شہر میں موجود Morton’s Printing Press پہنچا۔ یہ وہ پریس ہے جہاں سے روزنامہ الفضل انٹرنیشنل کے ساتھ ساتھ بعض دیگر جماعتی رسائل پرنٹ اور پوسٹ ہوتے ہیں۔
اس پریس میں ہمیں تفصیل کے ساتھ پری پریس، پرنٹنگ، پیکنگ اور پوسٹنگ کے شعبہ جات کا معلوماتی دورہ کروایا گیا۔ عملہ پریس نے تمام تر پروگرام اس طرح ترتیب دیا تھا کہ اُس دن پریس میں شائع ہونے والا اخبار ہمارے سامنے پرنٹ ہونے کےبعد پوسٹ کے لیے پیک کیا گیا اور ہماری موجودگی میں ہی رائل میل (Royal Mail)کا ٹرک اخبار کو یوکے کے خریداران کے لیے لے گیا۔ سب دوستوں نے بہت دلچسپی سے تمام مراحل کو دیکھا اور جدید پرنٹنگ کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ اس دوران مکرم طاہر مہدی امتیاز احمد صاحب مینیجر الفضل انٹرنیشنل پرنٹنگ کے حوالے سے اپنے طویل تجربات سےہمیں آگاہ کرتے رہے۔
دوپہر کے کھانے کے دوران پریس کے مالک اور دیگر ڈائریکٹرز کو جماعت احمدیہ اور خلافت احمدیہ کا تعارف کروانے کا موقع ملا۔ نیز ادارہ الفضل کی طرف سے انہیں قرآن کریم مع انگریزی ترجمہ، بعض دیگر کتب اور سوونیئرزبطور تحفہ پیش کیے گئے۔
پروگرام کے مطابق پریس کے دورہ کے بعد میوزیم جانے کا ارادہ تھا لیکن پریس میں زائد وقت لگ جانے کی وجہ سے ایسا ممکن نہ ہوسکا۔ چنانچہ نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد Sheffield شہر میں بعض ٹیم بلڈنگ activities کا انتظام کیا گیا اور وہیں رات کے کھانے کے بعد نماز مغرب و عشاء ادا کی گئیں۔ رات کے قیام کا انتظام Peak District میں واقع ایک یوتھ ہاسٹل میں کیا گیا تھا۔
اگلے روز صبح پونے چھ بجے نماز فجر ادا کی گئی۔ کچھ دیر آرام کے بعد صبح نو بجے ناشتہ کیا گیا۔ بعد ازاں مینیجر صاحب الفضل انٹرنیشنل کے ساتھ ہاسٹل کے لاؤنج میں ایک خصوصی نشست تھی جس میں مینیجر صاحب نے تفصیل کے ساتھ پاکستان میں اپنے خلاف ہونے والے مقدمات اور اپنے عرصۂ اسیری کے حالات سے آگاہ کیا۔ بعد ازاں نماز ظہر و عصر ادا کی گئیں۔
ہاسٹل سے نکلنے کے بعد قریب ہی موجود Mam Tor پہاڑی کے ساتھ بنے ٹریک پر ایک گھنٹہ ہائیکنگ کی گئی۔ دوپہر کے کھانے کے بعد واپسی ہوئی اور قافلہ بخیر و عافیت رات ساڑھے نو بجے کے قریب دفتر طاہر ہاؤس پہنچ گیا۔
اس سفر میں ایڈیٹوریل ٹیم کے یوکے میں موجود دس ممبران نیز مینیجریل ٹیم کے دو ممبران شامل ہوئے۔
(رپورٹ:احسن مقصود۔ نیوز ایڈیٹر الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں:
پہلا انٹرنیشنل ریفریشر کورس برائے نمائندگان روزنامہ الفضل انٹرنیشنل لندن