مالی کے ریجن فانا کے ریجنل جلسہ سالانہ کا انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ مالی کے ریجن فانا کو مورخہ ۳۰؍نومبر۲۰۲۴ء کو اپنا ریجنل جلسہ سالانہ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ یہ جلسہ نہایت کامیاب اور بابرکت رہا جس میں ۱۸؍مختلف جماعتوں سے تعلق رکھنے والے ۴۱۶؍افراد نے شرکت کی۔
جلسہ کی تیاری کے لیے متعدد وقار عمل اور میٹنگز کا انعقاد کیا گیا۔ دیہی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے تقریباً ۱۵۰؍افراد جلسہ سے ایک دن قبل مشن ہاؤس پہنچے۔ ان کے لیے رات کے وقت سوال و جواب کی ایک خصوصی نشست کا اہتمام کیا گیا جو شرکاء کے لیے نہایت دلچسپ اور معلوماتی ثابت ہوئی۔ یہ پروگرام رات دیر تک جاری رہا اور تمام حاضرین نے بھرپور استفادہ کیا۔
جلسہ کا آغاز ۳۰؍نومبر کی صبح باجماعت نماز تہجد سے ہوا جس کے بعد نماز فجر اور درس قرآن کا اہتمام کیا گیا۔ صبح نو بجے جلسہ کی کارروائی کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ اس موقع پر مربیان کرام نے اہم موضوعات پر تقاریر کیں جن میں ’’سیرت النبیﷺ‘‘، ’’خلافت کی اہمیت و برکات‘‘ اور ’’انفاق فی سبیل اللہ‘‘ جیسے موضوعات شامل تھے۔ ان تقاریر نے حاضرین کے دلوں میں ایمان کو مزید پختہ کیا اور ان کے روحانی معیار کو بلند کرنے میں ممد و معاون ثابت ہوئیں۔
اس جلسہ کی ایک خاص برکت یہ بھی رہی کہ چار افراد نے بیعت کرکے جماعت احمدیہ میں شمولیت کرنے کی توفیق پائی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک
اس کے علاوہ اس جلسہ میں سولہویں نیشنل جلسہ سالانہ مالی میں شرکت کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا گیا اور شرکاء کو اس میں بھرپور انداز سے حصہ لینے کی طرف متوجہ کیا گیا۔
جلسہ کا اختتام دعا کے ساتھ ہوا جس کے بعد شرکائے جلسہ اپنے گھروں کو روانہ ہو گئے۔ اس جلسہ نے افراد جماعت کو اسلامی تعلیمات کو اپنی زندگیوں میں اپنانے اور خلافت سے اپنی وابستگی کو مزید مضبوط کرنے کا ایک قیمتی موقع فراہم کیا۔
اللہ تعالیٰ اس جلسہ کے بابرکت اثرات کو دیرپا بنائے، جماعت کو مزید ترقیات سے نوازے اور خلافت کے سایہ میں رہتے ہوئے افراد جماعت کو دین و دنیا میں کامیابیاں عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ : واصف شہزاد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭